نوازشریف کی ای سی جی رپورٹ غیر تسلی بخش: پی آئی سی سے واپس کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا گیا


سابق وزیراعظم نوازشریف کو طبی معائنے کے بعد پی آئی سی سے کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پی آئی سی میں ٹیسٹ کے دوران نواز شریف کا بلڈ پریشر ہائی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کا تھیلیم سکین ٹیسٹ کے لیے انجیکشن لگاتے ہوئے بلڈ پریشر ہائی ہوا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی ای سی جی رپورٹ تسلی بخش نہیں ہے۔ جب کہ ای سی جی رپورٹ میں نواز شریف کے دل کا سائز بڑھا ہوا نظر آیا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے دل کے وال معمول سے تنگ ہیں لیکن عمر کے لحاظ سے مناسب ہیں۔

نواز شریف نے اپنا گذشتہ روز کا میڈیکل ریکارڈ پیش نہیں کیا۔ ریکارڈ نہ ملنے کے باعث تمام ابتدائی ٹیسٹ بھی کرنا پڑے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اسپتال داخل کرنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔ نواز شریف کے طبی معائنے کے بعد اسپتال داخل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ نواز شریف کو اسپتال کی دوسری منزل پر کمرے میں داخل کیا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج بھی پی آئی سی پہنچ گئے۔

میڈیکل بورڈ میں پروفیسر حامد خلیل، پروفیسرشاہد حمید، پروفیسر ندیم حیات ملک اور ایم ایس ڈاکٹرامیر شامل ہیں. پروفیسر ندیم حیات ملک اور ایم ایس ڈاکٹر امیر کی نگرانی میں میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کا چیک اپ کیا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی پی آئی سی آمد کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا 12 جنوری کو معائنہ کیا، رپورٹس کا منتظر ہوں۔ تاخیر مریض کی صحت کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، بروقت لائحہ عمل اختیار کرنا ضروری ہے۔ قبل ازیں 9 جنوری کو نوازشریف کی جیل میں طبیعت ناساز ہو گئی تھی اور معائنے کے نتیجے میں ان کے گلے میں انفیکشن، سر میں درد اور معمولی بخار کی شکایت پائی گئی، جس کے بعد ڈاکٹر نے مکمل آرام کی ہدایت کی تھی۔

Facebook Comments HS