عثمان بزدار کا ایک بہترین انتخاب
پاکستان کے معروف بزنس مین اور سابق صوبائی وزیر سردار تنویر الیاس خان کو پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا چیئرمین مقرر کیاگیا ہے۔ سردار تنویر الیاس خان کا خاندان سعودی عرب میں کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ ہے اور گزشتہ ایک دہائی کے دوران سعودی عرب متحدہ عرب امارات اور برطانیہ سے مختلف سرمایہ کاروں کے ذریعے پاکستان میں ایک بلین ڈالر کی سرمایہ کاری میں اہم کردار اداکرچکے ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے پنجاب میں گزشتہ نگران حکومت میں بطور وزیربھی خدمات سرانجام دی ہیں۔
سردار تنویر الیاس خان کو نگران وزیرزراعت وخوراک کا قلمدان سونپاگیا اور اس دوران پنجاب کی دیگر اہم وزارتیں ان کے حصے میں آئیں جن میں ایک پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بھی تھی۔ اس دوران سردار تنویر الیاس خان نے متعدد منصوبوں کو تکمیل تک پہنچایا، اپنے مختصر وقت کو ضائع نہیں کیا بلکہ دن رات کام کرکے محکموں کی زبوں حالی کو بہتر بنانے کے لئے اپنا کردار اداکیا۔
اپنی وزارت کے د وران سردار تنویر الیاس نے جنوبی پنجاب کو صوبہ اور ٹیکس فری انڈسٹریل زون بنانے کے حق میں آواز اٹھائی۔ سردار تنویر الیاس خان نے بطور صوبائی وزیرلاہور میں ایک بین الاقوامی ایکسپوکا انعقاد بھی کروایا، جس میں 40 سے زیادہ غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔ سنگاپور کے زرعی ماہرین نے پاکستانی کسانوں کو جدید زراعت اور مشینری کے بہتر استعمال کی تربیت دی، جس سے وہ جدید میکانائز طریقوں سے روشناس ہوئی، اپنے دور وزارت میں سردار تنویر الیاس خان نے ہر ضلع میں جاکر کاشتکاروں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لئے اقدام کیے ۔
سردار تنویر الیاس خان نے اپنی جیب سے زراعت کی ترقی کے لئے زرعی یونیورسٹی کو دو کروڑ روپے دیے۔ انہوں نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے چارکروڑ پچیس لاکھ روپے بھی فنڈ میں جمع کروائے تاکہ پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہواور پنجاب میں جو کہ ملک کی 75 فیصد زرعی ضروریات پوری کرتا ہے کے کاشتکاری کو مدد مل سکے۔
انہوں نے وزارت خوراک میں فوڈ سیکیورٹی اور معیار کو بہتر بنانے کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو متحرک کیا اور یونیورسٹیز اور کالجز میں آگاہی مہم شروع کروائی تاکہ نوجوان متعلقہ حکام کو مطلع کرسکیں کہ کس علاقے میں غیر معیاری اشیاء تیار اور فروخت کی جارہی ہیں۔ انہوں نے محکمہ کو تحصیل کی سطح پر اپنے رابطہ نمبر دے کر ان کی تشہیر کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام انہیں بروقت اطلاع دے سکیں اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش سے بچ سکیں۔
سردار تنویر الیاس خان کا موقف ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کے ویژن کی پیروی کرتے ہوئے صوبہ پنجاب میں سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے بروئے کارلائیں گے۔ سردار تنور الیاس خان معروف کمپنی سردار گروپ آف کمپنیز کے صدر ہیں جن کے زیر انتظام مختلف بزنس اور کاروباری ادارے کام کررہے ہیں۔ ملک کے اہم بزنس اور تجارتی برادری میں سردار تنویر الیاس خان کی بطور چیئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ تقرری کو ایک مثبت قدم قراردیا جارہاہے۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس خان ایک بہترین ساکھ کی حامل شخصیت ہیں۔ انہوں نے بیرون ممالک میں اپنے کاروبار کو وسعت دی اور بزنس نیٹ ورک قائم کیا۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس خان کاروبار میں شفافیت، ایمانداری اور محنت کے اصولوں پر کاربند رہنے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔
امید کی جاتی ہے کہ وہ اپنے وسیع تجربے اور مختلف ممالک میں اپنے تعلقات کو بروئے کارلاتے ہوئے پنجاب میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے اور بہترین انتخاب ثابت ہوں گے۔ بزنس کمیونٹی خاص طورپر اوورسیز پاکستانیوں نے سردار تنویر الیاس کی تقرری کو خوش آئندہ قراردیا اور کہنا ہے کہ یہ کچھ کر دکھانے والے لوگ ہیں جن کی ملک میں اور بیرون ملک ایک ساکھ ہے، خاص طورپر درآمد اور برآمد کنندگان میں ان کی تقرری سے اعتماد پیدا ہوگا۔
راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب بھر کی تاجر برادری نے بھی ان کی تقرری کو خیر مقدم کیا ہے اور اس بات پر اطمینا ن کا اظہار کیا ہے کہ سردار تنویر الیاس خان ایک کاروباری شخصیت ہیں، جنہوں نے عملی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان لاکر ایک مثال قائم کی ہے۔ وہ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کی اہلیت بھی رکھتے ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے جدید سہولتوں سے آراستہ بین الاقوامی معیار کا شاہکار سینٹورس مال قائم کیا اور اب یہ کاروباری مرکز پاکستان اور اسلام آباد کی پہچان بن چکا ہے۔
سینٹورس مال میں سیاح، سفارتکار اور غیر ملکی مہمان انتہائی خوش اسلوبی سے خریداری کرتے ہیں، جس سے پاکستان کے ایک ترقی یافتہ، مہذب اور جدید ملک ہونے کا تاثر اجاگر ہوتا ہے۔ سردار تنویر الیاس خان نے پاکستان میں کئی کاروباری اداروں کی بنیاد رکھی جس سے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع ملے اور ہزاروں گھروں میں خوشحالی آگئی۔
پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (پی بی آئی ٹی) صوبہ پنجاب میں سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لئے کام کرنے والا ایک خود مختار ادارہ ہے۔ پی بی آئی ٹی 2009 میں پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر نے قائم کیا جس کے سب سے پہلے چیئرمین سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف تھے۔ پی بی آئی بی کے بورڈآف ڈائیریکٹر میں سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ارکان شامل ہیں۔ پی بی آئی بی کاکام پنجاب کو سرمایہ کاری اور تجارت کے لئے بہترین منزل کے طور پر پیش کرنا اور صوبے کا مؤثر امیج اجاگر کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقعوں کو تلاش کرنا ہے۔
پی بی آئی بی پنجاب میں نئے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں مختصر ترین وقت میں مارکیٹ تک رسائی بھی فراہم کرنے کے لئے بنائی گئی ہے۔ پی بی آئی بی کا مقصد پنجاب میں پہلے سے موجود بزنسز کے حکومت کے ساتھ مسائل کے ازالے، دونوں کے درمیان روابط میں بہتری اور کاروبار کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔ ادارے کا ایک اور مقصد صوبے میں سرمایہ کاری، تجارتی سرگرمیوں کے لئے سازگار ماحول کے قیام کے لئے موجود قوانین میں تبدیلی کے علاوہ نئی قانون سازی کے لئے تجاویز بھی دینا تھا۔
پی بی آئی بی میں سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی سے بزنسز کو حکومت کے ساتھ رابطے کے لئے ون ونڈو سہولت فراہم کرتا ہے، جس سے وقت کی بچت ہونے کا تصور ہے، مگر یہ ادارہ مدت سے غیر فعال ہے۔ پی بی آئی بی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پنجاب میں زراعت، ڈیری، لائیوسٹاک، توانائی، انفراسٹرکچر اور مینوفیکچر نگ کے شعبوں میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے جس کے لئے سردار تنویر الیاس خان ایک بہترین انتخاب ہیں۔


