اُمیدِ بہار
پچھلے ستر سالوں کی تاریخ کا بغور مطالعہ کریں تو ہمیں پتہ چلے گا کہ ان ستر سالوں میں اِس پاکستانی نامی قوم کے ساتھ جو کِھلواڑ کیے گئے اُن کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج اِس قوم کے ہر فرد پر خزاں کے سائے ہیں۔ سوائے اُن کے جو کہ اِن سانحوں کے ذمہ دار ہیں۔ اس تاریک سائے میں قوم کی خواہشوں اور اُمیدوں کی روشنی دھیمی پڑ گئی ہے۔ مگر یہ سائے ہیں کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید گہرے ہوتے چلے جارہے ہیں اور اِن کی تاریکی میں یہ قوم اپنے آپ کو پہچاننے سے قاصر ہے۔ یہ قوم جو متحد ہو کر ایک قائد کے پیچھے کھڑی ہوئی تو اپنی الگ حیثیت منوا لی مگر افسوس کہ جس حیثیت اور شناخت کو منوانے کے لئے یہ قوم متحد ہوئی تھی آج آپس کی نا چاقیوں کی وجہ سے منقسم ہو چکی ہے اور اپنی پہچان کھو رہی ہے مگر یہ قوم کرے بھی تو کیا کرے؟
جبکہ پچھلے ستر سالوں میں اِس قوم کو جھوٹے وعدوں اور دلاسوں کے سوا کچھ نہیں ملا کبھی نو سال کی محنت سے بننے والا پاکستان کا پہلا آئین اپنی طاقت کے نشے میں توڑ دیا جاتا ہے تو کبھی انا کی تسکین کے لئے اِس مُلک کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا جاتا ہے کبھی اِس مُلک میں دہشت گردی جیسے ناسُور کی جڑیں گاڑ دی جاتی ہیں تو کبھی سیاست کے نام پر ہمارے اپنے ہی لوگوں میں نفرت اور دشمنی کا زہر گھول دیا جاتا ہے ایسے میں اِس قوم کے ارمانوں اور خواہشوں کا دم توڑنا کوئی بڑی بات نہیں۔ کبھی کبھی میں سوچتا ہوں کیا واقعی یہ ہی ہے وہ مُلک جس کے لئے ہزاروں نہیں لاکھوں لوگوں نے اپنی جانیں دی جس کے لئے لاکھوں ماؤں کی کوکھ اجڑی جس کے لئے لاکھوں عورتیں بیوہ ہوئیں جس کے لئے لاکھوں بچے یتیم ہوئے اور جس کے لئے لاکھوں بہنیں بے آبرو ہوئیں ہم نے تو یہ مُلک بنایا تھا اپنی حفاظت کے لئے لیکن آج یہ سوال کرتا ہوں میں آپ سے اپنے اردگرد کے ماحول کا جائزہ لیجئیے اور پھر سوچیں کہ کیا آپ محفوظ ہیں؟
کیا آپ محفوظ ہیں کسی شر پسند کے شر سے؟ کیا آپ کا سکول جانے والا بچہ محفوظ ہے تعلیم دشمنوں سے؟ کیا اِس قوم کی بہین، بیٹیاں محفوظ ہیں ہوس کے پُجاریوں سے؟ کتنے دکھ کی بات ہے کہ آج ہم اپنے محافظوں سے بھی محفوظ نہیں ایسے میں یہ قوم چیخے گی چلائے گی کیونکہ اِس مُلک کے حکمران اپنی عیش و عشرت کے اسِیر نظر آتے ہیں اُنھیں اِس بھوکی، ننگی، سرد راتوں میں کُھلے آسمان تلے راتیں بسر کرتی اور کاغذ کے چند ٹکڑوں کی خاطر اِک دوسرے کا قتل کرتی بے حس قوم سے اور اِس قوم کی ضروریات پوری کرنے سے کوئی غرض نہیں۔
تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی کسی کو اِس قوم کا خیال آیا صرف اپنے مقصد کی تکمیل کے لئے آیا اگر کسی حکمران کو اِس قوم کا خیال آیا تو صرف اِس غرض سے کہ اِس قوم کو لُوٹا جائے اور اپنی سیاست کو چمکانے کے لئے سیاست کے نام پر اِس قوم کے لوگوں کو لڑوایا جائے۔ افسوس کہ کسی حکمران کو اِس لڑکھڑاتی قوم کو سہارا دینے یا اِس کی بگڑی ہوئی حالت کو سنوارنے کا خیال نہیں آیا افسوس کہ کسی کو اِس قوم کی اخلاقی تربیت اور شعور کو پیدا کرنے کا خیال نہیں آیا باقی جو کچھ بچا تھا وہ ہمارے علمائے کرام نے دین کی غلط تشریح کر کے ہم سے چھین لیا اور اِس قوم کی لڑکھڑاتی ہوئی ناؤ کو ڈبونے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں آج ہمیں اِسلام کے بنیادی ارکان کا تو علم نہیں مگر ہاں اُن فرقوں کا علم ضرور ہے جنھوں نے مسلمانوں کو سُنی، وہابی، اور شیعہ میں منقسم کر دیا ہے۔
وہ دین جس کے ذریعے ہماری اخلاقی تربیت ہونا تھی وہ دین جس کے ذریعے ہم میں فکری سوچ نے جنم لینا تھا اور وہ دین جس نے ہمیں ایک باوقار زندگی گزارنے کے طریقے بتانے تھے مگر افسوس آج اُس دین میں بننے والے فرقوں کی وجہ سے ہم تقسیم ہو چکے ہیں آج کسی کے قتل ہوجانے اُس کا خون سڑک کی کسی پگڈنڈی پر بہہ جانے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ہماری پسماندگی کی اِس سے بڑھ کر اور مثال کیا ہوگی کہ ہم نے انسان کے مردہ جسم کو ذریعہ کاروبار بنا لیا ہے (پچھلے دِنوں اخبار میں خبر پڑھنے کو ملی کہ لاہور کے کسی ہسپتال میں لاوارث لاشوں کی فروخت کا عمل جاری ہے)۔ ہمارا زوال اِس سے بڑھ کر اور کیا ہوگیا کہ ہم اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لئے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے چکر میں دوسروں کے بچے کے منہ سے نوالہ چھین رہے ہیں اور اُس بچے کو حالات کی اُس تاریک گلی میں دھکیل رہے ہیں جہاں وہ دم گھٹنے کے باعث مرجائے گا۔
ہماری کم ظرفی اور بے حسی اِس سے بڑھ کر اور کیا ہو گی کہ آج وہی دھرتی جس نے ہمیں نام دیا، پہچان دی آج ہم اُسی سے غداری کررہے ہیں۔ آج ہم اپنے سکون کے لئے اِس دھرتی پر بسنے والے دوسرے بنی نوع انسان جس پر غریبی کا لیبل لگا ہوا ہے اُس سے زندگی جینے کا حق چھین رہے ہیں جہاں روٹی مہنگی اور کسی کی جان سستی ہو تو ایسے میں انسانیت کی کشتی ڈگمگائے بِنا نہیں رہ سکتی۔ جہاں غربت کے مارے والدین بھوک اور غریبی کے ڈر سے بچے برائے فروخت کا نعرہ لگائیں اور دوسری طرف ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں کے بچے منہ میں سونے کا چمچ لیے پیدا ہوں آج ہمارے اِس معاشرے اور قوم میں انسان نہیں بلکہ احساسات سے عاری مٹی کے وہ پُتلے چل پھر رہے ہیں جنھوں نے خود غرضی کی چادڑ اوڑھ رکھی ہے۔
اِن اندھیروں اور تاریکیوں میں ڈوبی قوم اِس اُمید پہ جی رہی ہے کہ ”لمبی ہے غم کی شام مگر شام ہی تو ہے“ اِس تنزل کا شکار قوم کو جب عبدالستار ایدھی، ڈاکٹر رتھ فاؤ اور کمسن طالب علم اعتزازحسن جیسے چراغ ملتے ہیں تو اُن کے چہرے بہار میں کِھلے پھولوں کی طرح رنگا رنگ نظر آتے ہیں وہ ہی عبدالستار ایدھی جو آج کے تماش بین دور میں بھی اُن لوگوں کا سہارا بنا جو کہ اپنوں کی خود غرضی اور لاپرواہی کا شکار تھے ایدھی جو اُن یتیم اور بے سہارا بچوں کا سہارا بنا جن کو یہ ظالم معاشرہ قبول کرنے کو تیار نہیں تھا وہ ہی عبدالستار ایدھی جس نے بغیر کسی سرکاری و نجی عہدے کے ایمبولینس سروس کا آغاز کرکے کتنے لوگوں کو اُن کے پیاروں سے بچھڑنے سے بچایا اور جب وہ ایدھی اِس دنیا سے چلا گیا اور اُس کی کُل جائیداد کا حساب لگایا گیا تو سوائے اُس کمرے کے جس میں وہ رہتا تھا اور کچھ بھی نہ تھا۔ وہی عبدالستار ایدھی جو اِس خزاں رسیدہ قوم کی اُمید بہار تھا وہ رتھ فاؤ جس نے اپنی زندگی کے 55 سال جرمنی جیسے مُلک کی رنگینیوں کو چھوڑ کر پاکستان جیسے تماش بین معاشرے کو دے دیے اور اِس معاشرے کے کوڑھ زدہ مریضوں کا علاج کرتی رہی اور ہنگو کا اعتزاز حسن اِس قوم کا سپوت اِس قوم کا فخر جس نے اپنی ماں کو تو روتے ہوئے چھوڑ دیا مگر سینکڑوں ماؤں کی آنکھوں کو آنسوؤں سے بچا لیا۔
یہ سب اور اِن جیسے نا جانے کتنے اِس قوم کی اُمید ہیں اِس قوم کی اُمید کہ کبھی تو وہ وقت آئے گا جب ہمیں ہمارا کھویا ہوا وقار ملے گا کبھی تو اِس خزاں اور تاریکیوں سے نجات ملے گی یہ اُمید بہار کی اُمید ہے اُس بہار کی اُمید جس میں چمن کا ہر پھول کھلے گا اور پھر ان پھولوں کی خوشبو سے سارا چمن مہکائے گا یہ مہک اِس چمن کو رونک بخشے گی اور اِس چمن میں آنے والا ہر راہگیر یہاں سکون اور لطف محسوس کرے گا ایسے میں وہ مالی جن کا خون پسینہ تزئین گلستاں میں شامل ہو گا وہ اِس آباد چمن کو دیکھ دیکھ کر سکون حاصل کریں گی وہ وقت دور نہیں کہ جب بہار آئے گی۔


