سرفراز نے سوری کہہ دیا، ہم نے معاف کردیا:  جنوبی افریقی کپتان ڈوپلیسی


پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے نسلی تعصب پر مبنی ریمارکس پر معذرت کے بعد جنوبی افریقی ٹیم نے اُنہیں معاف کر دیا ہے۔ جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سرفراز نے معافی مانگ لی جس کو ٹیم نے قبول کرلیا ہے، لیکن معاملہ اب آئی سی سی کے پاس ہے۔

جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ ’’جب آپ جنوبی افریقا آتے ہیں تو نسلی تبصرہ کرتے ہوئے آپ کو بہت محتاط رہنا ہوتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اُن کا یہ مطلب نہیں ہو گا لیکن انہوں نے ذمہ داری قبول کی ہے۔ اب ہمیں دیکھنا ہو گا کہ اس معاملے کا نتیجہ سامنے آتا ہے‘‘

انہوں نے کہا کہ یہ ایسی چیز نہیں ہے جسے بحیثیت ٹیم ہلکا لیا جائے۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ اُنہوں نے معذرت کر لی، جس کا صاف مطلب ہے کہ اُس جانب پچھتاوا ہے۔

دوسری میچ ریفری رنجن مدوگالے نے سرفراز کے معاملہ پر اپنی رپورٹ پیش کردی ہے اور آئی سی سی اس رپورٹ کا تجزیہ کر رہا ہے۔ قوانین کے مطابق رپورٹ کے بعد اب آئی سی سی کا لیگل ڈپارٹمنٹ اس بات کا تعین کرے گا کہ کیس بنتا ہے یا نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).