’علیمہ خان نے وراثتی جائیداد بیچ کر بیرون ملک اثاثے خریدے‘


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کے اثاثوں سے متعلق ان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ علیمہ خان نے پاکستان میں اپنی اور شوہر کی وراثتی جائیداد بیچ کر بیرون ملک اثاثے خریدے، یہ پیسہ پاکستان سے بینکوں کے ذریعے بیرون ملک بھیجا گیا، بیرون ملک اثاثوں کی خرید میں ٹیکسٹائل بزنس سے ہونے والا منافع بھی شامل ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علیمہ خان ٹیکسٹائل مصنوعات کی کمپنی میں 50 فیصد کی حصہ دار ہیں، ان کی کمپنی کی تیار کردہ مصنوعات بیرون ملک فروخت کرتی تھیں، کمپنی کی بیرون ملک کمائی قانون کے تحت باہر رکھی اور اثاثوں کی خرید میں استعمال کی۔

علیمہ خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کی موکلا کی جانب سے کاروبار میں کمائے گئے فنڈز بھی بینکوں کے ذریعے منتقل کیے گئے، بیرون ملک جائیداد گروی رکھ کر بینکوں سے لیا قرضہ بھی اثاثوں کی خرید میں لگایا۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق علیمہ خان اور ان کے شوہر کی ان جائیدادوں میں ایکویٹی سوا 7 کروڑ روپے سے زیادہ نہیں، جن ذرائع سے بیرون ملک اثاثے خریدے وہ استعمال سرمایہ کے مطابق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ذرائع آمدن اور اثاثوں کا کسی خیراتی کام سے کو تعلق نہیں، علیمہ خان کے ذرائع آمدن اور اثاثے خیراتی کاموں سے جوڑنا افواہیں ہیں۔ بشکریہ جیو نیوز۔

14 جنوری: سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنائیں: علیمہ خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہےکہ انہوں نے سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنائیں اور تمام جائیدادیں ظاہر کی ہوئی ہیں۔
پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیداد اور اکاؤنٹس سے متعلق کیس میں وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان سپریم کورٹ میں پیش ہوئیں۔

اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کی طرف کیے گئے سوالات کے جواب دیے۔
علیمہ خان نے کہا کہ میں نے اپنی تمام جائیدادیں ظاہر کی ہوئی ہیں جن میں امریکا میں جائیداد بھی ظاہر کی ہے۔

ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ نے مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنائیں؟ اس پر انہوں نے کہا کہ جی، پاکستان میں بہت خواتین سلائی مشین سے روزگار کما رہی ہیں، میری مشینوں کا مذاق اڑایا گیا ہے۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ میری ویلتھ اسٹیٹمنٹ چیک کر لیں، میں بیس سال سے کام کر رہی ہوں، آپ رکارڈ چیک کرلیں تمام چیزیں ریکارڈ پر موجود ہیں، جب خاتون کام کرتی ہے تو ہم اس کی سلائی مشینوں کا بھی مذاق اڑاتے ہیں۔

وزیراعظم کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ سلائی مشینیں ہماری ایکسپورٹ کا بڑا حصہ ہیں اور لاکھوں لوگ کام کررہے ہیں، پاکستان میں فارن ایکسچینج ایکسپورٹ سے آرہا ہے اور سلائی مشینوں سے آ رہا ہے۔

ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ آپ کو اپوزیشن کی جانب سے عمران خان کا بے نامی دار ٹھہرایا جا رہا ہے؟
اس پر علیمہ خان نے جواب دیا کہ میں اس حوالے سے اپنا بیان دے چکی ہوں، مجھے عمران خان کی طرف سے نہیں بلکہ والدین کی طرف سے حصہ ملا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).