یونیورسٹی کے طالبعلموں میں نفرت پھیلانا جہالت ہے: نیر بخاری


پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیر بخاری نے کہا ہے کہ یونی ورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ میں نفرت پھیلانا جہالت کی نشانی ہے ۔ نمل یونیورسٹی میں وزیر اعظم عمران خان کی پیپلز پارٹی پر تنقید کے جواب میں رد عمل دیتے ہوئےنیر بخاری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی میراث بلاول بھٹو مخالفین کے اعصاب پر سوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آمریت پرستوں اور عمران کا خوف اس بات کی گواہی ہے کہ بھٹو آج بھی زندہ ہے۔ ذوالفقارعلی بھٹو عالمی مدبر سیاست دان اور عوامی رہنما تھے، جنہوں نے آمریت کے خلاف طلبہ تحریک کی قیادت کی ۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو وراثت میں جمہوریت کی نگہبانی ملی ہے۔ آصف زرداری نے آئین کے تحفظ کی ذمہ داری قبول کی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو وراثت میں نانا شہید اور والدہ شہید کا فلسفہ ملاہے۔

سعید غنی نے کہا کہ عمران خان میں بصیرت ہوتی تو آج کی تقریب میں صرف علم کی بات کرتے۔ ان کی بدقسمتی ہے کہ عقل بازار میں نہیں ملتی ۔

Facebook Comments HS