19 ارب ڈالر کے 10 منصوبے مکمل، سی پیک کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے: چین
اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کہا ہے کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت 19 ارب ڈالر مالیت کے 10 منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں۔ 12 منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ چینی حکام کے مطابق سی پیک سے پاکستان میں 2030ء تک روزگار کے 7 لاکھ سے زیادہ نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے غربت کی شرح میں کمی اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ سی پیک کی تکمیل سے پا کستان میں خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ منصوبے کے خلاف ہونے والی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہو نے دیں گے۔
حکام کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) منصوبہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر کرنے میں گیم چینجر منصوبہ ثابت ہو گا۔ ترقی پذیر ملک ہونے کے ناطے پاکستان سی پیک منصوبوں کے لئے صرف مقامی وسائل پر بھروسہ نہیں کر سکتا، منصوبہ سے مختلف خطوں کے مابین رابطہ سازی بہتر ہو گی جبکہ پاکستان میں انفرااسٹرکچرکی بہتری ممکن ہو سکے گی۔


