تحریک لبیک کے درجنو ں رہنماﺅں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا
آسیہ مسیح کی بریت کے خلاف مظاہرہ کرنے والے تحریک لبیک کے کارکنوں کے خلاف پولیس نے کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے متعدد اضلاع سے درجنوں رہنماﺅں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آسیہ مسیح کی رہائی کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل مسترد ہونے پر مظاہرین مری روڈ پر نکل آئے۔ اینٹیں اور بھاری پتھر پھینک کر شمس آباد میں سڑک بلاک کر دی۔ پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 30 افراد کو گرفتار کر لیا جب کہ متعدد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اٹک، جہلم اور چکوال میں مختلف مذہبی جماعتوں کے 68 کارکنوں کو حراست میں لے کر جیل اور تھانے منتقل کر دیا گیا۔ راولپنڈی سے 24، اٹک سے 26، جہلم سے 14 اور چکوال سے چار کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔ جھنگ میں بھی پولیس نے تحریک لبیک کے 20 کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مختلف مکاتب فکر کے 32 مذہبی کارکنوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ گرفتار شدگان میں جماعت اہلسنت پاکستان کے ضلعی عہدیدار شامل ہیں۔ امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں آسیہ کیس کے فیصلے پر ممکنہ ردعمل کے خدشے کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ پولیس اہلکار اور رینجرز کی بھاری نفری فیض آباد میں تعینات کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ آسیہ مسیح کی رہائی کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل مسترد ہونے پر مذہبی جماعتوں نے بدھ کو فیض آباد میں احتجاجی مظاہرے کی کال دی تھی۔ تاہم کو ئی سڑک بند نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے۔


