آسیہ بی بی کے بریت کے خلاف ملک گیر ہڑتال کا اعلان
آسیہ بی بی کیس کے فیصلے کے خلاف تحریک لبیک پاکستان نے یکم فروری جمعے کو ملک گیر پْرامن ہڑتال کا اعلان کی اہے۔ تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی قائم مقام امیر ڈاکٹر شفیق امینی نے یکم فروری بروز جمعے کو ملک بھر میں تمام کاروباری مراکز، ٹرانسپورٹ، سرکاری و نجی ادارے بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔
ڈاکٹر شفیق امینی نے ملک بھر میں تمام مسالک کے آئمہ و خطباء سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نمازِجمعہ کے اجتماعات میں آسیہ کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف شعور اجاگر کریں۔ انہو ں نے کہا کہ مساجد کے آئمہ منبر کی طاقت سے دجالی میڈیا کا توڑ کریں۔ آسیہ کیس کے فیصلے کے خلاف نمازِجمعہ کے اجتماعات کے بعد پْرامن ریلیاں نکالی جائیں۔ آسیہ بی بی کی رہائی کے خلاف احتجاج ہمارا حق تھا لیکن ہم سے احتجاج کا جمہوری حق چھینا گیا۔ ہمارے پرامن دھرنوں میں پولیس اور فورسز نے ہنگامہ آرائی کی۔ ملک کے مختلف علاقوں سے تحریک لبیک سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور تنظیمی عہدے داروں کو غیر قانونی حراست میں لیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے سے تمام مسلمانوں کو شرمندہ کیا ہے۔ آسیہ کیس کے فیصلے سے عدلیہ کی ساکھ داؤ پر لگ گئی ہے۔ حکومت نے پہلے برابر کے فریق کی حیثیت سے ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدہ کیا، پھر ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا۔


