فیض آباد دھرنے پر خفیہ ایجنسی کی رپورٹ میں نام آنے پر شیخ رشید نے اظہار لاتعلقی کر دیا
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ میر ا فیض آباد دھرنے سے کوئی تعلق نہیں۔ خفیہ ادارے کی سپریم کورٹ کو رپورٹ میں ایسے ہی کسی نے میرا نام دے دیا ہو گا۔
نجی نیوز چینل کے پروگرام میں اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے سوال کیا کہ سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنے سے متعلق آئی ایس آئی کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ جس کو بھی حکومت سے شکوہ تھا اس نے تحریک لبیک کے دھرنے میں شمولیت اختیار کرلی اور شیخ رشید نے اس دھرنے کو سپورٹ کیا۔
اس پر جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ صبح آئی ایس آئی والوں سے پوچھوں گا۔ وہ ہمارے دوست ہیں۔ میں نے تو کچھ نہیں کیا اور نہ میں کبھی دھرنے میں گیا بلکہ تحریک لبیک والوں نے میرے خلاف الیکشن لڑا اور مجھے بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنا یا۔ میرا نام کسی ایجنسی نے ویسے ہی دے دیا ہو گا۔ جب ایسا کیس ہو کہ کوئی ملزم نہ مل رہا ہو تو پھر محلے کے غریب کے بچے کا نام دے دیا جا تا ہے۔ میں کئی ایسے کیس جانتا ہوں۔ میں نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی۔ میں خود تشدد کا نشانہ بنا، میرے پانچ دوست شہید ہو گئے۔
تاہم نیچے دی گئی وڈیو میں شیخ رشید کو فیض آباد دھرنے مین شرکت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
https://www.youtube.com/watch?v=5OFTD1EYSno

