آلوک ناتھ پر جنسی ہراسانی کے الزامات پر بالآخر مادھوری ڈکشت نے بھی خاموشی توڑ دی


نامور اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے بالی ووڈ کے ’’سنسکاری بابوجی‘‘ آلوک ناتھ پر لگنے والے جنسی ہراسانی کے الزامات پراپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ تمام خبریں سن کر صدمے سے سناٹے میں آ گئیں۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے حال ہی میں ’’می ٹو‘‘ مہم پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آلوک ناتھ پرجنسی ہراسانی کے الزامات سن کر وہ صدمے سے دنگ ہوگئی تھیں۔ مادھوری ڈکشٹ نے آلوک ناتھ کے منافقت بھرے روپ اور دہرے معیار پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب اس طرح کی چیزیں سامنے آتی ہیں تو آپ صدمے کا شکار ہو جاتے ہیں کیونکہ آپ ان لوگوں کو اتنے برسوں سے ذاتی طور پر جانتے ہیں اور اچانک آپ ان کے بارے میں اس طرح کی خبریں پڑھیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ان الزامات کے بعد ایسا لگا جیسے آپ ان لوگوں سے اتنے برسوں سے واقف ہی نہیں تھے۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے ایک انسان کے دو روپ ہوں اور اس چیز نے مجھے صدمے سے ششدر کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں بالی ووڈ میں ’’می ٹو‘‘ مہم کا آغاز ہوا تھا جس کے تحت بالی ووڈ میں کام کرنے والی کئی خواتین نے اپنے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتی اور بدسلوکی پر آواز اٹھائی تھی۔ بالی ووڈ میں ’’سنسکاری بابوجی‘‘ کے نام سے مشہور اداکار آلوک ناتھ پر بھی پروڈیوسر اور مصنفہ ونتا نندا نے الزام لگایا تھا کہ آلوک ناتھ نے انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

یاد رہے کہ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور آلوک ناتھ نے ماضی کی سپر ہٹ فلم ’’ہم آپ کے ہیں کون‘‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ فلم میں مادھوری نے آلوک ناتھ کی بہو کا کردار نبھایا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).