فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ فیصلے نے جمہوریت کا راستہ روشن کر دیا: فرحت اللہ بابر


سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے ریاست کی درستگی کے لئے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے نے جمہوریت کے راستے کو روشن کر دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنا کام کر دیا ہے۔ اب پارلیمنٹ کو چاہیے کہ وہ اداروں کے مینڈیٹ کے تعین کے لئے مناسب قانون سازی کرے۔

اس فیصلے سے جمہوری اداروں کو جو موقع ملا ہے، اس سے وہ فائدہ اٹھائیں تاکہ عوامی آراء کو توڑ مروڑ کے پیش کرنے کا سلسلہ ختم ہو، سیاست میں چور دروازے سے دخل اندازی کا خاتمہ ہو اور مخالفانہ آواز دبانے کا سلسلہ بھی ختم ہو۔ عدالت عظمیٰ کا یہ حکم تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بارے میں قانون سازی کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).