دھرنے کو منفی کہنے والے سیاسی بلوغت سے محروم ہیں: فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دھرنے کی وجہ سے عوام میں سیاسی شعور پیدا ہوا۔ دھرنے نے معجزہ دکھایا، اسے منفی کہنے والے سیاسی بلوغت سے محروم ہیں، ہمارا نظام عدل یہ ہے کہ 15 مرغیاں چوری کرنے والا جیل میں ہے اور 1500 ارب چوری کرنے والا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین ہے۔ 300 ارب کی چوری کرنے والے باپ بیٹی کی ضمانت ہو گئی ہے۔ افسوس کہ حکومت متوسط طبقے کو ریلیف نہیں دے سکی، ہمارے پاس پیسہ نہیں، 17 سو ارب روپے دفاع پر لگاتے ہیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کی بدولت نواز شریف اورآصف زرداری کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آیا، عمران خان کی جدوجہد کی بدولت ہی نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر تحریک انصاف کو کسی قسم کا کوئی چیلنج نہیں، ہمیں اقتدار میں آتے ہی سب سے اہم چیلنج معیشت کا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ڈاکو ڈاکے کے بعد اپنی عیاشیوں پر پیسے لٹاتا ہے، پچھلے حکمرانوں نے بھی ملک کے ساتھ ایسا ہی کیا۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے پاکستانی کی معیشت کا بیڑا غرق کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ دھرنے کی وجہ سے عام لوگوں میں شعور اور حقوق کی فراہمی کی بات ہوئی، دھرنے کے بعد عوام میں سیاسی شعور پیدا ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے صرف دو سیاسی جماعتوں میں لوگ پھنسے ہوئے تھے، عمران خان غریب عوام کی آواز بنے اور اسٹیٹس کو کو شکست دی۔

انھوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں عمران خان اور ذوالفقار علی بھٹو نے اہم کردار ادا کیا۔ دھرنے نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھی، دھرنے کی سیاست نے مڈل کلاس نوجوان کو نیا پیغام دیا، کرپشن کا خاتمہ سب سے زیادہ نوجوانوں میں مقبول ہوا اور تحریک انصاف ایک بہت بڑی قوت بن کر سامنے آئی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ مڈل کلاس اس وقت تکلیف میں ہے، سیلری کلاس پر ٹیکس لگے ہیں، ان کے لئے گیس مہنگی ہو گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).