کینیڈا کیوں اور کیسے


فیس بک پروفائل پر ٹورانٹو، کینیڈا لکھا دیکھ کر بھی کچھ لوگ، خصوصاً نوجوان فرینڈ ریکویسٹ بھیجتے ہیں۔ دوست بننے کے بعد ان باکس تشریف لاتے ہیں۔ یہ زیادہ تر کینیڈا جانے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے لئے کافی دنوں سے ایک معلوماتی مضمون لکھنا چاہ رہا تھالیکن سستی آڑے آتی رہی۔ آج اوپر تلے دو لوگوں کی طرف سے کیے گئے سوالات نے مجبور کر دیا کہ یہ نیک کام جلدی کروں۔ پہلے آج کی گفتگو ملاحظہ فرمائیں۔ (اس وضاحت کے ساتھ کہ میں امیگریشن ایکسپرٹ نہیں ہوں، میری رائے مخلصانہ ضرور ہوگی پروفیشنل نہیں ) ۔

”کیاحال ہے؟ “ جی ٹھیک ہوں۔ ”کیا ہو رہا ہے؟ “ میری طرف سے خاموشی۔ ”آپ مصروف ہیں؟ “ نہیں ویلا، فرمائیے۔ ”آپ کینیڈا ہوتے ہیں؟ “ جی۔ ”آپ کینیڈا کیسے گئے تھے؟ “ جہاز پر۔ ”میرا مطلب کس ویزے پر گئے تھے؟ “ جی کینیڈا کے ویزے پر۔ ”آپ نہیں سمجھے، بہرحال میں آنا چاہتا ہوں کینیڈا کچھ گائیڈ کریں۔ “

دوسرے صاحب تو سیدھے ہی ہو گئے، پہلے اوپر تلے دو کالز کیں۔ عرض کی کہ بات نہیں کرسکتا آپ لکھ کر بتائیں کیا مدد کر سکتا ہوں۔ ابتدائی کلمات کے بعد، ”آپ مجھے سپانسر کرکے کینیڈا بلوا لیں“ کیوں بھئی میں آپ کو کیوں سپانسر کروں؟ وائس میسج غصے بھرا ہوا۔ ”آپ کو اس کے پیسے دوں گا فری میں تھوڑا کہہ رہا ہوں۔ “ جی شکریہ میں ایسے پیسوں سے ذرا دور رہتا ہوں۔

اب آتے ہیں حقیقت پسندانہ تجزئیے اورمعلومات کی طرف: اس میں کوئی شک نہیں کہ کینیڈا دنیا کے پرامن ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ کئی سالوں سے اس کے شہر ٹورانٹو، کیلگری اور وینکوور دنیا کے سب سے اچھے شہروں میں سر فہرست ہیں۔ رواداری اور برداشت کا جو تصور کینیڈا میں ہے کرہ ارض پر کم ممالک میں ملتا ہے۔ اسی لئے کینیڈاجانے کی خواہش دنیا میں کروڑوں لوگوں کی ہوتی ہے۔ کینیڈا ہر سال اڑھائی لاکھ کے قریب لوگوں کو امیگریشن دیتا ہے۔ جسٹن ٹروڈو کی موجودہ حکومت نے آئندہ تین سال میں دس لاکھ سے زائد افراد کو امیگریشن دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایسے دوستوں، نوجوانوں سے جو کینیڈا جانا چاہتے ہیں، میرا پہلا سوال یہ ہے کہ آپ میں کون سی ایسی خوبی ہے کہ لاکھوں لوگوں میں سے کینیڈا آپ کو چنے اور امیگریشن کی سہولت دے؟ کینیڈا کی امیگریشن کے مختلف مدارج ہیں۔ یا توآپ کے پاس ایک ملین ڈالر کے قریب رقم ہونی چاہیے کہ آپ بزنس امیگریشن کے لئے درخواست دے سکیں۔ آپ بہت زیادہ تعلیم یافتہ ہوں یا اعلی ہنرمند ہوں کہ آپ ہنرمند کے طور پر درخواست دے سکیں۔ پوائنٹ سسٹم کے تحت آپ کے پاس تعلیم، تجربہ، انگریزی یا فرانسیسی زبان میں خاص مہارت، عمر، خاندان، بیوی کی تعلیم وغیرہ سے مطلوبہ پوائنٹس پورے ہوتے ہوں۔

کینیڈا کے کسی صوبے کو کسی خاص کیٹیگری میں لوگ چاہیے ہوں اور آپ ضرورت کے اس معیار پر پورے اترتے ہوں۔ آپ اعلی تعلیم کے لئے کینیڈا جانا چاہتے ہوں لیکن آپ کے پاس مطلوبہ تعلیم حاصل کرنے کی اہلیت، بنیادی معیاری تعلیم اور اخراجات اٹھانے کے لئے (جو لاکھوں روپوں سے لاکھوں ڈالرز تک ہو سکتے ہیں ) وسائل موجود ہوں۔ آپ کے والدین کینیڈا میں رہائش پذیر ہوں اور وہ آپ کو سپانسر کریں بشرطیکہ آپ کی عمر اٹھارہ سال ( باقاعدہ طالبعلم ہوں تو پچیس سال) سے کم ہو۔ یا پھر آخری چانس یہ کہ آپ کی شادی وہاں کے /کی شہری سے ہوجائے۔

وزٹ ویزے کے لحاظ سے کینیڈا کا ویزا دنیا کے مشکل ترین ویزوں میں سے ایک ہے۔ میں کئی ایسے لوگوں کو جانتا ہوں جو پاکستان میں کروڑوں اربوں کا کاروبار کرتے ہیں لیکن ان کا وزٹ ویزا نامنظور کردیا گیا ساتھ ہی ایسے بھی ہیں جنہیں عام سی بنک سٹیٹمنٹ پر ویزا جاری کردیا گیا۔

ہنرمند کیٹیگری بعض اوقات صوبوں کی ضرورت اور حالات کے مطابق بدلتی رہتی ہے۔ مثال کے طورپر کینیڈا کو ٹرک ڈرائیورز کی ضرورت رہتی ہے۔ لیکن وہ پاکستان سے کسی ٹرک ڈرائیور کو شاذکے طور پر ہی ویزا دیتے ہیں۔ لیکن دبئی سے کئی پاکستانی ٹرک ڈرائیورز کو امیگریشن دی گئی ہے۔ کیونکہ وہاں کا ڈرائیونگ لائسنس سفارش، واقفیت یا پیسے سے نہیں ملتا۔

مندرجہ بالا وہ عام کیٹگریز ہیں جوآپ کو کینیڈا پہنچنے میں مدد دے سکتی ہیں۔ ان کی روشنی میں آپ جائزہ لیں کہ آپ کہاں کھڑے ہیں۔ ابتدائی جائزہ پوری دیانتداری سے آپ کے سوا کوئی اور نہیں لے سکتا۔ اگر آپ ان میں سے اپنے آپ کو کسی بھی کیٹیگری کا اہل پاتے ہیں تو کسی اچھے امیگریشن کنسلٹنٹ سے رابطہ کریں جو پیسے لے کر آپ کو مشورہ بھی دے گا اور آپ کے کاغذات بھی تیار کروائے گا۔ ایسا امیگریشن کنسلٹنٹ حکومت کینیڈا سے منظور شدہ ہونا چاہیے۔

مجھ جیسے کسی شخص سے معلومات لینے یا کسی پروفیشنل کی خدمات حاصل کرنے سے پہلے بہتر یہ ہے کہ آپ امیگریشن کینیڈا کی ویب سائیٹ پر جاکر بنیادی معلومات حاصل کریں کہ آج کل کینیڈا کیا چاہ رہا ہے اورآپ کس کیٹیگری میں پورے اترتے ہیں۔ اپنے آپ کو اس قابل بنایئے کہ کینیڈا آپ کو خوش آمدید کہے۔ بصورت دیگر اپنی زندگی اپنے مستقبل، اپنے والدین کے پیسوں اور خوابوں سے نہ کھیلیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).