دفاع پچاس فیصد مہنگا لیکن این آر او غداری ہے!


 

ننکانہ صاحب میں وزیر اعظم عمران خان کی تقریر سن کر نہ جانے کیوں یوں محسوس ہؤا کہ کوئی استاد کلاس کے کسی شریر بچے کو شاگردوں کو مصروف رکھنے کا حکم دے کر خود سردیوں کی سنہری دھوپ میں دوسرے استادوں کے ساتھ چائے پینے چلا گیا ہو۔ استاد واپس آکر جب اس اناپ شناپ کا حساب کرے گا تو کلاس کے ساتھ اس مانیٹر نما شریر شاگرد کے ساتھ جو سلوک کرے گا اس کا اندازہ کسی بھی دیہاتی پرائمری یا مڈل اسکول میں تعلیم پانے والا ہر شخص بخوبی کر سکتا ہے۔

 یہ بات جاننے کے لئے بھی کسی خاص استعداد کی ضرورت نہیں کہ اگر استاد کی جگہ پانے والا کلاس کا سب سے شریر بچہ ہوگا تو وہ ہم جماعتوں پر اپنی عقلمندی اور خوبیوں کا رعب جمانے کے لئے کیسی باتیں کرے گا۔ ان باتوں کا حقیقت احوال یا علم و فہم سے تعلق ہونا ضروری نہیں ہے لیکن ان سے ایک تو کلاس میں کسی کو اس استاد نما شاگرد کی ’اتھارٹی‘ چیلنج کرنے کا موقع نہیں ملنا چاہیے، دوسرے کلاس میں بیٹھے ہر بچے کو یقین ہونا چاہیے کہ اگر اس نے اس موقع پر مداخلت کرنے یا استاد کے متبادل کو ٹوکنے کی کوشش کی تو یہ نئے نویلے استاد جی نہ صرف کلاس میں اس کے ساتھ بدسلوکی کریں گے بلکہ اسکول کے بعد بھی دھول دھپا کرکے اس کا جینا حرام کردیں گے۔ اسی کو ڈسپلن قائم رکھنے کا بنیادی گر کہا جاسکتا ہے اور اسی لئے جب استاد کی غیر حاضری میں کلاس کو خاموش اور مصروف رکھنا مقصود ہو تو کسی لائق شاگرد کی بجائے شریر اور ہتھ چھٹ طالب علم کا انتخاب ہی مناسب اور ’نظریہ ضرورت‘ کے مطابق سمجھا جاتا ہے۔

 البتہ نظریہ ضرورت کو قوموں پر مسلط کرنے کے جو منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، کسی کلاس میں کتاب سے بے بہرہ اور سبق یاد کرنے میں پھسڈی لڑکے کو استاد بنانے کے اثرات بھی اس سے مختلف نہیں ہوتے۔ یہ کہنا تو محال ہے کہ کسی استاد نے عمران خان کو شریر مگر زور آور طالب علم سمجھ کر ملک و قوم کو درپیش وقتی مسئلہ و بحران کا حل تلاش کیا ہے لیکن وزیر اعظم کے فرمودات سن کر یہ پورا منظر نامہ اپنی تمام جزئیات کے ساتھ نگاہوں کے سامنے گھوم جاتا ہے۔ اب یہی دیکھ لیں کہ وزیر اعظم نے کس بے بسی سے این آر او کا ذکر کیا ہے اور اس بات پر اصرار کیا ہے کہ ماضی میں دیے جانے والے این آر او یعنی جرائم سے معافی کا قانونی راستہ، قوم سے غداری کے مترادف تھے۔ اس لئے وہ خود ایسی غداری کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔

 یہ بیان دو طرح سے قابل توجہ ہے۔ ایک یہ کہ عمران خان اور ان کے ہونہار وزیر اطلاعات جن لوگوں کو این آر او نہ دینے پر اصرار کررہے ہیں یعنی شریف خاندان اور آصف زرداری، وہ بار بار اس ’پیشکش‘ کو ٹھکرا چکے ہیں۔ یعنی ضرورت مند تو ڈھیٹ ہو کر یہ کہہ رہا ہے کہ اسے کسی رعایت کی ضرورت یا توقع نہیں ہے لیکن دینے کا ’اختیار‘ رکھنے والا (اگرچہ یہ نکتہ بھی قابل بحث ہے کہ کیا عمران خان یا ان کی لولی لنگڑی حکومت کے پاس ایسا کوئی موقع یا اختیار ہے بھی یا نہیں ) پھر بھی بار بار کہہ رہا ہے کہ کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ آخر اس اصرار کی کوئی وجہ تسمیہ تو ہونی چاہیے۔ ملک کے سوچنے والوں اور تجزیہ کا ہنر جاننے والوں کو اس کی گہرائی میں جانے کی ضرورت ہے۔

 این آر او دینے کا تسلسل سے اعلان کرنے کی دوسری وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ جس طرح کلاس کے ’عبوری استاد‘ کو اس بات کا تو یقین ہوتا ہے کہ استاد واپس آکر اسے اس کی جگہ پر بٹھا دے گا بلکہ اس کی غلطیوں پر گوشمالی بھی کرے گا لیکن وہ ہم جماعتوں کو یہ تاثر دینے کی پوری کوشش کرتا ہے کہ اب وہی ان کا استاد اور رہنما ہے لہذا اگر کسی نے چوں چرا ں کی تو اس سے برا کوئی نہیں ہوگا۔ کلاس کے شریر طالب علم یا عبوری استاد کو تو استاد کی واپسی کا خوف ہوتا ہے لیکن اس بات کا جواب البتہ عمران خان ہی دے سکتے ہیں کہ انہیں کس کی ’واپسی‘ کا خوف ہے اور وہ کیوں بدحواس ہو کر ایسی باتیں کرنے کی کوشش کررہے ہیں جن کا نہ ان کے پاس اختیار ہے اور نہ ہی جس کا کوئی عملی موقع موجود ہے۔

  اس ملک میں پرویز مشرف نے اپنے آمرانہ اختیار کو بروئے کار لاتے ہوئے ضرور ایک این آر او جاری کیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے اس این آر او کا جو حشر کیا، وہ بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ بلکہ یہ این آر او پرویز مشرف کی ایسی سیاسی غلطی ثابت ہؤا جس کا خمیازہ اسے پہلے آرمی چیف کے عہدے سے علیحدگی اور پھر ایوان صدر سے رخصتی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

 ننکانہ صاحب کی تقریرمیں این آر کو کو غداری قرار دینے کی وجہ بھی عمران خان نے نہایت صراحت سے بیان کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح چوروں لٹیروں کو یہ یقین ہوجاتا ہے کہ کوئی ان کی گرفت نہیں کرسکتا۔ اسی لئے وہ بے دریغ ملک کی دولت لوٹتے ہیں۔ اس کا سب سے بڑا ثبوت وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے سابقہ دو ادوار کو قرار دیا ہے جن کے دوران بقول عمران خان ملک کا قرضہ چھے ہزار ارب روپے سے بڑھ کر تیس ہزارارب روپے ہوچکا ہے۔

 گویا وزیر اعظم عوام کو یہ بتارہے ہیں کہ ان کی مخالف سیاسی پارٹیاں دس برس میں 24 ہزار ارب روپے ’لوٹ‘ کر لے گئیں جس کا خمیازہ اب پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ اسی لئے تحریک انصاف اپنے وعدوں کے مطابق لوگوں کی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہے۔ اب عوام ایک ایسے ’نئے پاکستان اور تبدیلی‘ پر گزارہ کریں جس میں عمران خان کے مطابق پانچ ماہ میں تین وزیروں نے استعفیٰ دیا ہے۔ اب کوئی خان صاحب سے پوچھے ان کے وزیروں کے مستعفی ہونے سے عوام کا پیٹ کیسے بھرے گا او ر غریب کے گھر کا چولہا کیسے جلے گا۔

 مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2

سید مجاہد علی

(بشکریہ کاروان ناروے)

syed-mujahid-ali has 2768 posts and counting.See all posts by syed-mujahid-ali