میں اور میرے کھیت


میرے کھیت مجھ سے پیار کرتے ہیں میں روز شام کو ان سے پیار کرنے جاتا ہوں میں دیکھ رہا ہوتا ہوں کہ وہ میرا انتظار کر رہے ہیں جیسے ہی ان کی نظرمجھ پہ پڑتی ہے کھلکھلا اٹھتے ہیں میرے دوست ہیں نا۔ تو میں سمجھ جاتا ہوں کہ کیا کہ رہے ہیں اگر میرے ہاتھ میں کتاب ہو تو ٹیوب ویل والا شیشم کا درخت خوشی سے جھومنے لگتا ہے وہ سمجھتا ہے کہ ابھی ادھر میرے پاس بیٹھ کر پڑھیں گے اور میں ان کو سایہ مہیا کروں گا۔ بڑا شیطان ہے ویسے۔

میں جب پڑھنے لگتا ہوں تو شرارت سے وہ پتے یا بور نیچے میرے اوپر گرانے لگتا ہے۔ میں اوپر اس کی طرف دیکھتا ہوں تو سوری کے انداز میں آجاتا ہے میں پھر اٹھ کر دو منٹ اس کے ساتھ باتیں کر تا ہوں اس کے سب سے اوپر والی شاخ جو ہے وہ بوسہ چاہتی ہے۔ پچھلی گرمیوں میں جب میں ٹیوب ویل چلاتا تھا تووہ میری سچی اور پکی دوست تھی۔ پھر ہمارے ٹھیکیدار نے ایک دن اس سے تیل والے ہاتھ مل دیے۔ دوسرے دن میں گیا تو مجھ سے بہت نالاں تھی۔

پھر صفائی کی اور خوش ہوگئی۔ میں دیکھ رہا ہوں اگلی کنال والا شہتوت بڑا بے تاب ہے کہ میرے پاس آجائیں۔ اس سے میری سلام دعا لازمی ہے اگر ویسے گزرنے کی کوشش کروں تو ٹانگ لمبی کر دے گا اور جب تک ہیلو ہائے نہیں ہوگی نہیں جانے دے گا۔ میرے لاڈلے درخت ہمسائے کے ٹیوب ویل والے۔ جب ہمارا ٹیوب ویل نہیں لگا تھا وہ تب سے میرے دوست ہیں۔ میری گرمیوں کی چھٹیاں ان کے ساتھ گزرتی ہیں۔ آپ کو ایک بات بتاؤں میرے ساتھ وہ اخبار کی شوقین ہوگئے اور ڈیمانڈ پر اخبار منگوانے لگے۔

اب چند دن سنتے رہے پھر ملکی صورتحال سے مایوس ہوکر صرف ادبی کالموں اور شوبز والے صفحات پر آگئے۔ ستارے اکثر ہم لوگ اب زیر بحث لانے لگے ہیں۔ نالے کے اوپر جو شیشم کا درخت تھا جس کے نیچے بیٹھ کے پیپر کی تیاری کرتا تھا اور پاؤں نالے کے اجلے پانی میں رکھے ہوئے درخت کے ساتھ ٹیک لگا کے پڑھتا تھا۔ ایک دن اس نے مفتی کی تلاش کی ڈیمانڈ کردی۔ وہ جس دن کاٹا گیا اس دن بہت رویا۔ میں بھی بہت پریشان تھا لیکن وہ تو زاروقطار روئے جارہا تھا۔

اب کے بار میری دوستی پگڑنڈی کے ساتھ ہوئی جو سیم نالے کے ساتھ ہے اور اس کے ساتھ سرسوں کا کھیت۔ ۔ میرے لیے خوشی کا ساماں۔ لیکن اب اس پگڈنڈی پر گندم کے پودے اپنا قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ کل میں دیکھنے گیا تو کہ رہی تھی کہ بس ایک ماہ بعد یہ کٹ جائی گی اور آپ ادھر آکے پڑھنا۔ میں اب کی بار آپ سے ایم سی کیوز سنو گی اور دعا کرو گی۔ اور اس ساتھ ہولے سے کہتی ہے پھر بھول نا جائیے گا۔ سب سے آخر میں ایک درخت جس پر اب گدھ آکے بیٹھتے ہیں اس کا ساتھ میرا بہت اچھا رشتہ ہے۔

ابھی چند وجوہات کی بنا پر اس کے ساری شاخیں کاٹ دی گئیں ہیں اور وہ بہت اداس ہوچکا ہے اب اس پر خوبصورت پرندے بھی نہیں بیٹھتے۔ بلکہ گدھ آکے بیٹھتے ہیں۔ پچھلے دنوں ایک ماہ ہوا ہوگا اس بات کو اس پر پانچ گدھ اکٹھے آکے بیٹھ گئے۔ میں نے دیکھا تو بھاگ کے گیا اور تصویر بنانے لگا اور ہنسنے لگا۔ اس نے بڑا ناک منہ چڑھایا۔ جب گدھ اڑ گئے تو اس کے پاس گیا تو بولا یار تم نے اچھا نہیں کیا۔ ان کو اڑانے کی بجائے ہنس رہے تھے مجھ پر۔

اس نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے بات جاری رکھی۔ کہتا جب عروج تھا تب تو بڑے بھاگ بھاگ کے آتے تھے اب ہنستے ہو۔ میں نے بڑی منتیں کرکے اسے منایا۔ میرا چونکہ اس کے ساتھ دو سال کا پیار ہے میں روز اس کی خیریت پوچھنے جاتا ہوں اور اسے اچھا لگتا ہے۔ ایک دفعہ دو وہ اتنی مشکل میں تھا کہ بس مرنے والا تھا لیکن اللہ بادشاہ نے اسے صحت عطا کی۔ اب اس کی کونپلیں نکل رہی ہیں۔ جب اس پر عروج تھا تو بہت ہی شاندار درخت تھا۔

میں دو چیزیں اس کے پاس امانت کے طور پر رکھتا تھا ایک بیٹھنے والا کپڑا اور ایک نوٹس۔ میں دوپہر میں یہ اسے دے کر دور ایک زیادہ گہرائی والے ٹیوب ویل پہ نہانے چلے جانا۔ اس کی شاخیں بہت گھنی تھیں اور وہ میری دونوں چیزیں سنبھال کر رکھ لیتا۔ کبھی کبھار تو دو دو دن میں نہیں اٹھاتا تھا لیکن اس نے کبھی امانت میں خیانت نہیں کی۔ کیونکہ وہ میرا اچھا یار ہے۔ ابھی میں یہ لکھتے ہوئے اس کے پاس کھڑا ہوں اور ساتھ ساتھ اسے سنا رہا ہوں وہ مجھے کہ رہا ہے کہ وہ والا واقعہ بھی لکھو کہ کوئی میرے ساتھ جب کتا باندھ گیا تھا اور تم لوگ کیسے بھاگے تھے اور مجھے بھی بہت زیادہ ڈر لگ رہا تھا۔

میں نے مسکرا کر بات ٹال دی ہے۔ مجھ سے بھی زیادہ پاگل ہے یہ۔ کہ رہا ہے آنے والی گرمیوں کا پلان کر لو۔ کل کا پتا نہیں کسی نے رہنا بھی ہے کہ نہیں اور اسے گرمیوں کی سوجھ رہی ہے۔ یہ قدرتی خوبصورتی ہر کسی کے نصیب میں نہیں اور نا ہی کسی کے پاس وقت ہے لیکن جب آپ وقت نکال کے ان کے پاس جاتے ہیں تو یہ آپ کو بور نہیں ہونے دیتے بلکہ زندگی کی رنگینیوں کی طرف لاتے ہیں اور جینے کا فن سکھاتے ہیں اور دماغی طور پر صحت مند رکھتے ہیں۔ لہذا جب بھی آپ کے پاس وقت ہو تو تیز رفتار زندگی سے کچھ لمحات قدرت کے نظاروں کو دیجیے یہ آپ کو سکون ہی سکون دیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).