ولی عہد محمد بن سلمان کے بارے میں یہ ضرور پڑھیے


سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان میں حالیہ آمد کے موقع پر مثبت معاشی و سیاسی اثرات کے حوالے سے بہت بات کی جا رہی ہے۔ ایسی شخصیت جو اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بناء پر نوجوانی میں ہی عالمی شہرت حاصل کرچکی ہو، اُس کی ذات کے بارے میں بھی لوگ زیادہ سے زیادہ جاننا چاہتے ہیں۔

ولی عہد محمد بن سلمان 31 اگست 1985 ء کو ہفتے کے دن سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پیدا ہوئے۔ اُن کی تاریخ پیدائش کے اعتبار سے علم نجوم میں اُن کا برج سنبلہ یعنی وِرگو ہے۔ جب ولی عہد محمد بن سلمان پیدا ہوئے تو اُس وقت فہد بن عبدالعزیز سعودی عرب کے بادشاہ تھے جبکہ دنیا کے پانچوں طاقتور ممالک امریکہ میں صدر ریگن، برطانیہ میں وزیراعظم مارگریٹ تھیچر، فرانس میں صدر متراں، سوویت یونین میں میخائل گورباچوف اور چین میں صدر لی شیانیان برسراقتدار تھے۔

اُس وقت پاکستان میں جنرل محمد ضیاء الحق کی حکومت تھی۔ محمد بن سلمان ولی عہد ہونے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے ڈپٹی پرائم منسٹر، کونسل برائے پولیٹیکل اینڈ سیکورٹی افیئرز کے چیئرمین، کونسل برائے اکنامک اینڈ ڈویلپمنٹ افیئرز کے چیئرمین اور وزیردفاع بھی ہیں۔ انہیں سعودی عرب کے اندر اور باہر ایک طاقتور شخصیت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اُن کے حوالے سے اباؤٹ ہر ڈاٹ کام نے لکھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان اپنے ویژن 2030 ء کے حوالے سے دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں جس کے مقاصد میں سعودی عرب کی معیشت کو بڑھاوا دینا، خواتین کے لئے مساوی حقوق کے مواقع پیدا کرنا، آرٹ اور کلچر کو منظرعام پر لانا اور فروغ دینا اور سعودی عرب کو سیاحت دوست ممالک کی فہرست میں اول نمبر پر لانا شامل ہیں۔

سعودی عرب کے نوجوان ولی عہد محمد بن سلمان کی اپنے ویژن 2030 ء کے افتتاحی اقدامات کے باعث اقوام عالم حیرت میں آگئی ہیں اور انہیں دنیائے عرب کے دوسرے رہنماؤں کے مقابلے میں بہت مختلف مثبت انداز سے دیکھا جا رہا ہے۔ سعودی عرب کے شاہی خاندان کے اِس ہونہار اور روشن مستقبل والے شہزادے کی دس خصوصیات ایسی ہیں جن کا علم سب کو ہونا چاہیے۔

۔ 1 ولی عہد محمد بن سلمان سعودی عرب کے شاہی خاندان کے پہلے فرد ہیں جو سعودی عرب کی بہت بڑی تیل کمپنی ”سعودی آرامکو“ کی ذاتی طور پر نگرانی کرتے ہیں۔ یہ کمپنی دنیا بھر میں قیمتی ترین تیل کمپنی ہے جس کی مالیت دو سے دس ٹریلین ڈالر تک ہے۔ پاکستان کے حالیہ دورے کے موقع پر ولی عہد محمد بن سلمان اپنی اسی آئل کمپنی آرامکو کے تحت گوادر میں بہت بڑی آئل ریفائنری لگانے کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔

۔ 2 ولی عہد محمد بن سلمان کی اہلیہ شہزادی سارہ بنت مشور بن عبدالعزیز ہیں۔ ان کی شادی 2008 ء میں ہوئی۔ ان کے چار بچے ہیں جن میں تین شہزادے اور ایک شہزادی شامل ہیں۔

۔ 3 نوجوان ولی عہد محمد بن سلمان کنگ سعود یونیورسٹی سعودی عرب سے لاء گریجویٹ ہیں اور انہوں نے یونیورسٹی میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے اپنے تمام عزیزو اقارب کے برعکس بیرونی ممالک سے تعلیم حاصل کرنے کی بجائے اپنے ہی ملک سعودی عرب میں تعلیم حاصل کرنے کو ترجیح دی۔

۔ 4 ولی عہد محمد بن سلمان فن اور ثقافت کے بھی بہت دلدادہ ہیں۔ وہ دنیا کی سب سے قیمتی پینٹنگ کے مالک بھی ہیں۔ یہ پینٹنگ لیونارڈو ڈاونچی کی بنائی ہوئی ہے جس کی مالیت 450.3 ملین ڈالر ہے۔ یہ دنیا کی بیس اصل پینٹنگز میں سے ایک پینٹنگ ہے۔ ولی عہد محمد بن سلمان کی ملکیت والی لیونارڈو ڈاونچی کی یہ پینٹنگ لووَر میوزیم ابوظہبی میں نمائش کے لئے رکھی گئی ہے۔

۔ 5 ولی عہد محمد بن سلمان خواتین کے لئے مساوی حقوق کے علمبردار ہیں۔ انہی کی کوششوں سے سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ، بزنس، فوج میں شمولیت اور کھیلوں میں حصہ لینے کی اجازت کے قوانین بنائے گئے۔

۔ 6 ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن کے تحت مستقبل میں سعودی عرب خطے کا انٹرٹینمنٹ مرکز بننے جارہا ہے جس کے تحت اب تک کی ہونے والی اہم تقریبات میں سعودی عرب کے مرد اور خواتین کا اکٹھے جاز میوزک فیسٹیول سے لطف اٹھانا، دنیا کے مشہور فلموں کے مرکزی کرداروں کے حوالے سے کامک کان کی ایک بڑی ریلی کا انعقاد ہونا، بہت بڑے ٹائروں والے عجیب و غریب ٹرکوں کی ریس مونسٹر ٹرک ریلی کا اہتمام کرنا اور چالیس برس بعد سینما گھروں کا دوبارہ کھلنا وغیرہ شامل ہیں۔

اِس طرح کے تمام کاموں کو مربوط طریقے سے مستقل طور پر جاری رکھنے کے لئے نئی قائم شدہ جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی انٹرٹینمنٹ کے مزید منصوبے بھی تیار کررہی ہے۔

۔ 7 ولی عہد محمد بن سلمان کے حوالے سے ایک بہت دلچسپ ذاتی بات یہ ہے کہ اُن کے والد اور سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز ہر ہفتے انہیں ایک کتاب پڑھنے کو دیتے ہیں۔ کتاب اور ہفتے کے اختتام پر سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اپنے بیٹے ولی عہد محمد بن سلمان سے اُس کتاب کے بارے میں سوالات بھی کرتے ہیں۔

سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کے اِس عمل کے پیچھے اُن کا یہ نظریہ موجود ہے کہ اگر کوئی ایک ہزار برس کی ہسٹری پڑھ لے تو اُسے ایک ہزار برس کا تجربہ حاصل ہوجاتا ہے۔

۔ 8 ولی عہد محمد بن سلمان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ دنیا کے سب سے کم عمر وزیر دفاع ہیں۔ انہوں نے یہ عہدہ تیس برس کی عمر میں 2015 ء میں اُس وقت سنبھالا جب اُن کے والد سلمان بن عبدالعزیز سعودی عرب کے بادشاہ بنے۔

۔ 9 ولی عہد محمد بن سلمان کے حوالے سے اہم بات یہ بھی ہے کہ وہ پیرس کے مغرب میں واقع فرانس کے سترہویں صدی کے مشہور بادشاہ لوئی چودہ کے ناقابل یقین قلعے شاٹیو کے مالک بھی ہیں۔

ششدر کردینے والے اِس قلعے میں قدیم و جدید عجیب و غریب ترین فوارے، پرائیویٹ سینما ہال، ڈیلکس سوئمنگ پول، خوبصورت باغ، ریسٹورنٹ، بھول بھلیاں اور زیر آب رہائشی کمرے جن کے اردگرد اور اوپر نیچے ہروقت چھوٹی بڑی مچھلیاں تیرتی رہتی ہیں وغیرہ موجودہ ہیں۔

۔ 10 ولی عہد محمد بن سلمان کے بارے میں عالمی رہنماؤں کا خیال ہے کہ وہ مستقبل میں سعودی عرب کے ذہین، کامیاب، بہادر اور فیصلہ ساز نوجوان بادشاہ ہوں گے جو اقوام عالم کی قیادت کریں گے اور مسلم امہ خاص طور پر بہت ترقی کرے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).