مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں: شہزادہ محمد بن سلمان


اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا پاکستان کے ساتھ مزید سرمایہ کاری کریں گے، امید ہے عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 20 ارب ڈالر مالیت کے مختلف منصوبوں پر معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان کی جانب سے وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خزانہ نے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں کابینہ کے اراکین اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔

پاکستان کے ساتھ مزید سرمایہ کاری کریں گے، سعودی ولی عہد

عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ پاکستان آکر بے حد خوشی ہوئی، پاکستان ہمارا دوست اور بھائی ملک ہے، ولی عہد کی حیثیت سے مختلف ممالک کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان پہلا ملک ہے۔

سعودی ولی عہد نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مزید سرمایہ کاری بھی کرے گا، امید ہے آٗئندہ 20 سال میں پاکستان میں سیاحت کا شعبہ فروغ پائے گا اور یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔

سعودی عرب اپنے ہاں مقیم 25 لاکھ پاکستانیوں کا خصوصی خیال رکھے، عمران خان

اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے آج ایک عظیم دن ہے، سعودی عرب ہمیشہ سے پاکستان کا دوست رہا ہے اور سعودی قیادت پاکستانیوں کے دلوں میں بستی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے بڑے مواقع ہیں اور ہمیں سیاحت کے میدان میں بہت کچھ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے دنیا کی بڑی مارکیٹ سے رابطے بڑھے ہیں، سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں 25 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں یہ مزدور طبقہ وہاں روزگار سے منسلک ہے سعودی عرب ان کا خصوصی خیال رکھے کیوں کہ اوورسیز پاکستانی وہاں سے زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں پاکستان کے نزدیک ان افراد کی بڑی حیثیت ہے۔

پاکستان کی بات رد نہیں کرسکتے، سعودی ولی عہد

جواب میں سعودی ولی عہد نے کہا کہ وہ پاکستان کی بات رد نہیں کرسکتے اس ضمن میں پاکستانی ملازمین کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔ بشکریہ ایکسپریس نیوز۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں۔


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ون آن ون ملاقات کی۔

وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی جس میں پاک سعودی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا افتتاحی اجلاس ہوا جس کی صدارت محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان نے کی۔ اعلیٰ سطح کونسل کے قیام کی تجویز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دی تھی جس میں دونوں ممالک کے خارجہ امور، دفاع اوردفاعی پیداوارکے وزراء شامل ہیں۔

20 ارب ڈالرز کے معاہدے سعودی سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ ہے، محمد بن سلمان

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ 20 ارب ڈالرز کے معاہدے سعودی سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ ہے، سعودی عرب پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ یقین ہے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بہت آگے بڑھے گا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔

تقریب سے وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے آج ایک عظیم دن ہے، سعودی ولی عہد اور ان کے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہیں، سعودی عرب ہمیشہ سے پاکستان کا دوست اور بھائی رہا ہے، سعودی قیادت اور عوام ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی علی عہد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب میں کہا کہ میرے لیے مکہ اور مدینے کا سفر سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، سعودی عرب ہر ضرورت اور مشکل میں ہمارے ساتھ رہا ہے، ہمیں سیاحت کے شعبے میں بہت کام کرناہے۔

عمران خان نے کہا کہ پیٹروکیمیکل اور معدنیات کے شعبے میں مفاہمت بہت زیادہ اہم ہے، پاکستان اور سعودی عرب اپنے تعلقات کو بلندیوں پر لے جارہے ہیں، پاکستان میں سیاحت کے بہت مواقع ہیں، سی پیک سے دنیا کی بڑی مارکیٹ سے روابط بڑھیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سعودی سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی درخواست اور محمد بن سلمان کی یقین دہانی

ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے سعودی عرب میں معمولی جرائم میں قید 3 ہزار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی۔
عمران خان کی اس درخواست پر سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم کو قیدیوں کی رہائی کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پھر وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے یہ درخواست بھی کی کہ سعودی عرب عازمین حج کو پاکستان میں ہی امیگریشن کی سہولت فراہم کرے۔
جس پر شہزادہ محمد بن سلمان نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پاکستان اور سعودی عرب میں معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کی تقریب

علاوہ ازیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد بھی موجود تھے۔دونوں ممالک کے وفود نے معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹینڈرڈائزیشن کے شعبے میں تکنیکی تعاون اور نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ کیا گیا۔
دونوں ممالک نے بجلی کی پیداوار کے شعبے اور معدنی وسائل کے شعبے میں ایم او یو پر دستخط کیے جب کہ ریفائنری پیٹروکیمیکل پلانٹ کے قیام اور متبادل توانائی مصنوعات کی ترقی کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم کی جانب سے سعودی ولی عہد کے اعزاز میں عشائیہ

ایم او یوز اور معاہدوں کی تقریب کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں دونوں ملکوں کے وفود نے شرکت کی۔
عشائیے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شریک تھے۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، وزیراعظم عمران خان، وفاقی کابینہ کے ارکان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔ بشکریہ جیو نیوز۔