پلوامہ حملہ: وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو تحقیقات کی پیش کش کر دی


وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو پلوامہ حملے میں تحقیقات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ پلوامہ واقعے پر اگر بھارت کے پاس کوئی انٹیلی جنس معلومات ہیں تو ان کا تبادلہ کیا جائے، ہم تحقیقات کرنے کیلئے تیار ہیں۔

وزیراعظم عمران نے پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے ویڈیو بیان جاری کیا جس میں عمران خان نے کہا کہ میں بھارتی حکومت کو جواب دے رہا ہوں۔ بھارت نے شواہد کے بغیر پاکستان پر الزام لگایا۔ یہ بھی نہیں سوچا کہ اس میں پاکستان کا کیا فائدہ ہے؟

عمران خان نے کہا کہ میں واضح طور پر کہہ رہا ہوں کہ یہ نیا پاکستان ہے اور نئی سوچ ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی زمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہونا اور کسی اور زمین سے پاکستان میں دہشت گردی ہونا، ہمارے مفاد میں نہیں ہے۔ میں بھارتی حکومت کو پیشکش کرتا ہوں کہ اگر وہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی تحقیقات کروانا چاہتے ہیں، تو ہم تیار ہیں۔ اگر آپ کے پاس کوئی ایسے ثبوت ہیں جن پر ایکشن لیا جا سکتا ہو تو میں گارنٹی لیتا ہوں کہ ہم ایکشن لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ ایکشن کسی کے دباؤ میں آ کر نہیں بلکہ پاکستان سے دشمنی کرنے پر لیں گے کیونکہ پاکستان کی زمین دہشت گردی کیلئے استعمال کرنا پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے اور یہ ہمارے مفاد کے خلاف ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشتگردی کی 15 برس کی جنگ لڑی ہے اور 70 ہزار پاکستانیوں نے جان گنوائی ہے اور پاکستان کو 100 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ دہشتگردی سے سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہوا ہے۔ ہم دہشتگردی کے معاملے پر بھی بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).