وکٹر بازینوف کی ووڈکا اور ڈاکٹر زینب کا جذبہ
”اِردلاز وچے۔ کگ زیلا“ میں نے رشین میں خیریت پوچھی تھی۔ ”خراشو۔ اسپاسی با۔ “ اس نے جواب دیا اور ساتھ ہی مجھے پہچان بھی گیا تھا۔ بارش کے باوجود ہم دونوں گاڑی سے اُتر کر بغل گیر ہوگئے تھے۔ اس نے میرے گالوں کو چوما اور ہاتھوں کو زور سے پکڑ کر بھینچا۔ برسوں بعد اس سے ملاقات ہوئی تھی۔
وکٹر اور میں ماسکو کی فرینڈ شپ یونیورسٹی کے کلاس فیلو تھے، ایک ہی کلاس میں ایک ساتھ ایک ہی گروپ میں پڑھتے رہے تھے۔ وہاں سے ہی ہم دونوں ڈاکٹر بن کر نکلے تھے اور ماسکو کے مشہور سینٹرل ہسپتال میں ساتھ ہی ٹریننگ شروع کی تھی۔ میں جنرل سرجن بن گیا، وکٹر ہڈیوں کا ڈاکٹر بن کر ماسکو کے ہی ایک یونیورسٹی ہسپتال میں لیکچرار ہوگیا تھا۔ مجھے پاکستان واپس آکر پی ایم ڈی سی کا امتحان دینا پڑا جس کے بعد بڑی مشکل سے میری روسی اسناد کو مانا گیا تھا۔ مجھے سرکاری نوکری ملی تھی مگر بہت جلد ہی میں سرکاری نوکری سے بے زار ہوگیا تھا۔ وہاں کام کم اور چمچہ گیری زیادہ تھی۔ صبح کے وقت ہر ایک آ کر صرف وقت ضائع کرتا اور دوپہر بارہ بجے کے بعد پرائیویٹ پریکٹس شروع ہوجاتی۔ مجھے روسی دہریوں کے ساتھ کام کی عادت تھی جو کام کے وقت کام کرتے تھے، شراب کے وقت شراب پیتے اور اپنے اپنے گھروں میں جا کر بغیر عبادت کیے سو جاتے تھے۔ میں نے بہت سوچ سمجھ کر سرکاری نوکری سے جان چھڑا لی تھی۔
مجھے ایک پرائیویٹ رفاہی ہسپتال میں نوکری مل گئی۔ وہاں پر میں دو بجے تک کام کرتا اور اس کے بعد تھوڑی سی پرائیویٹ پریکٹس سے میرا گزارہ بہت اچھے طریقے سے ہورہا تھا۔ میرے پاس مرسیڈیز نہیں تھی لیکن اچھی سی کار تو تھی، میرے پاس ڈیفنس میں پانچ کروڑ کا مکان نہیں تھا لیکن گلشن میں ایک گھر تو تھا۔ انسان کو اور ضرورت ہی کیا کی ہوتی ہے۔ یہ بنیادی چیزیں مل جائیں تو زندگی آرام سے گزر جاتی ہے، مجھے تو بنیادی چیزوں کے علاوہ بھی بہت ساری آسائشیں میسر تھیں۔
وکٹر اور میں نے ماسکو میں بڑا اچھا وقت گزارا تھا، کالج کی زندگی میں جن جن برائیوں میں اُلجھا جا سکتا ہے اُن سب برائیوں کا شکار ہوئے تھے ہم دونوں۔ سگریٹ بھی پھونکے، شراب بھی پی، کچھ عشق بھی کیے اور ان میں ناکام بھی ہوئے۔ جوانی کہیں بھی گزرے، کراچی یا ماسکو، جوانی کے مسئلے ایک ہی جیسے ہوتے ہیں۔
ماسکو میں زیادہ تر روسیوں کے ساتھ گھوما پھرا۔ دوسرے پاکستانی حلال کھانے کی تگ و دو میں لگے رہتے، یا مسجد میں نماز پڑھنے کے بعد روسی دوستوں کو مسلمان بنانے کی فکر میں رہتے تھے۔ بہت سوں نے کچھ لڑکیوں کو مسلمان بنا کر شادیاں بھی کی تھیں، بچے بھی پیدا کیے، کچھ وہاں پر ہی رہ گئے اور کچھ اچانک پاکستان واپس آ گئے اپنے بیوی بچوں کو چھوڑ کر۔ پاکستان میں آکر ان لوگوں نے اپنے ماضی کا سب کچھ بھول بھال کر دوسری شادیاں بھی کرلیں تھیں۔
زلزلے کی خبر ملتے ہی ہمارے ہسپتال نے ایک ٹیم بنا کر ہم لوگوں کو سرحد اور کشمیر کے علاقوں میں بھیج دیا تھا۔ ہم سب ملا کر اٹھارہ لوگ تھے جن میں چار لیڈی ڈاکٹر تھیں اور دو نرسیں۔ زینب ڈاکٹر تھی، سرگرم تھی اوربہت زیادہ حساس۔ ہسپتال میں بھی اس کا رویہ بہت ہمدردانہ ہوتا تھا۔ مریضوں کے ساتھ بیٹھ کر گھنٹوں باتیں کرتی رہتی، انہیں سمجھاتی، غریب مریضوں کے لے دواؤں کا اہتمام کرتی اور علاج کے بعد بھی مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کے لیے ہر قسم کا جتن کرنے کو تیار رہتی تھی۔ میں اکثر سوچتا تھا کہ اگر میں بیمار پڑوں تو میری ڈاکٹر زینب جیسی ہونی چاہیے۔ مہربان، خوش زبان، خوش مذاق، ہمدرد اور بروقت کام کرنے کو تیار۔ ایسے ڈاکٹر کہاں ملتے ہیں آج کل۔
اور اب مجھے زینب کی بیماری کی خبر ملی تھی۔ زینب کو ہم لوگ مانسہرہ چھوڑ کر آئے تھے۔ وہ ڈاکٹر عالیہ اور نرس کریمہ اور ان کے ساتھ ایک ٹیکنیشن تھا۔ ایدھی ایمبولینس والوں کی ایک گاڑی ہمیں مل گئی تھی۔ دواؤں اور غذائی اجناس کا ڈھیر ہمارے پاس تھا۔ یہ لوگ مانسہرہ اور اس کے اطراف میں بکھرے ہوئے چھوٹے چھوٹے گاؤں میں جا کر فوری طبی امداد پہنچا رہے تھے اور ساتھ ہی ضرورت مندوں کو ضروری اجناس بھی دے رہے تھے۔ صابن، کولڈ کریم، ٹوتھ برش، دودھ، ماچس، چائے وغیرہ وغیرہ۔
زینب کی بیماری کی خبر ملتے ہی میں روانہ ہوگیا، یہ اچھا ہوا کہ خبر فوراً ہی مل گئی۔ میں نے تو ابھی ووڈکا کے کچھ ہی گھونٹ لیے تھے، زیادہ پی لیتا تو پھر شاید گاڑی نہیں چلا سکتا تھا۔ مظفرآباد سے مانسہرہ تین گھنٹے کا طویل سفر تھا۔ پہاڑوں کو کاٹ کاٹ کر راستے بنائے گئے تھے۔ کہیں ڈھلوانیں، کہیں چڑھائی کہیں پر روڈ دھنسی ہوئی اورکہیں پر پتھروں سے ڈھکی ہوئی۔
میں راستہ بھر زینب کے بارے میں سوچتا رہا، کیوں بیمار پڑگئی وہ۔ کیا ہوگیا تھا اسے۔ بخار، یکایک دمے کا حملہ، ملیریا، پیٹ کی خرابی، گندے پانی کی وجہ سے ڈائریا اور پیچش۔ طرح طرح کے خیالات میرے دماغ میں آتے رہے۔ میں نے فیصلہ کر لیا کہ اسے فوراً ہی کراچی واپس بھیج دوں گا، اگر مجھے ساتھ جانے کی ضرورت ہوئی تو میں اس کے ساتھ چلا جاؤں گا۔ وہ بہت اچھی ڈاکٹر تھی اسے ہر ممکن توجہ ملنی چاہیے۔ طبیعت زیادہ خراب ہوگی تبھی تو مجھے بلایا ہے۔ چھوٹی موٹی بیماری کے لیے مجھے کبھی بھی نہیں بلاتے، یہ سب کچھ سوچتے ہوئے، کچھ نہ سمجھتے ہوئے رات کے پچھلے پہر میں آخر کار مانسہرہ پہنچ گیا تھا۔
مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں

