نواں کٹا کھلنے کی دیر ہے بس
بحیثیت قوم ہمیں اس بات کو تسلیم کرنے جتنا جگرا دکھانا چاہیے کہ ہم سب ٹرک کی بتی کے پیچھے لگنے والی مردہ قوم ہیں۔ مردہ قوم اس لئے کہ جس کا جب دل چاہے ہمیں اپنی مرضی کے ایشو کے پیچھے لگا کر ہماری تمام تر توجہ اصل اور حقیقی معنوں میں تصفیہ طلب مسائل سے ہٹادیتا ہے اور ہمیں لگتا ہے کہ اس سے اہم مسئلہ تو کوئی ہے ہی نہیں اور یہ مسئلہ کسی اور کا نہیں بلکہ ہمارے گھر کا ہے۔ مثال کے طور پر ابھی کچھ روز پہلے کی بات ہے کہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں کمسن بچوں کے سامنے ان کے والدین اور بہن کو گولیوں سے یوں چھلنی کردیا گیا جیسے وہ پڑوسی ملک سے آکر سیدھا وزیراعظم ہاوس المعروف یونیورسٹی کو مسمار کرنے جارہے ہوں، کچھ روز اس موضوع پر ملکی مبصرین اور فیس بکی دانشوروں کو طبع آزمائی کا بھرپور موقع ملا، سب نے اپنی قلمی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، جگہ جگہ ڈیجیٹل ماتم اور سافٹ وئیر کے آنسو بہائے گئے، پروفائل پکچرز بدلی گئیں گویا سب نے اپنا حق ادا کردیا، میڈیا سوشل میڈیا اور اخبارات میں وہ غم و غصے کا اظہار کیا گیا کہ ہم سب کا بس نہیں چل رہا جا کر انہی سیکورٹی فورسز کا ناس ماردیں جن کی شان میں گزشتہ آٹھ سالوں سے قصیدے پڑھ رہے ہیں۔
مگر ہوتا یوں ہے کہ سرزمین عرب سے ایک شہزادہ اپنی اڑن طشتری سمیت جلوہ افروز ہوتا ہے اور پوری قوم سانحہ ساہیوال، ارشاد سنجرانی اور خیرپور واقع کو بھول کر مرحبا مرحبا کی سدائیں بلند کرنے لگتی ہے۔ یہیں سے نیا کٹا کھل جاتا ہے۔ ہمیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ سرمایہ کاری کن شرائط پر ہورہی ہے اور اس کے بدلے ہمیں کیا، قیمت چکانی پڑے گی؟ مزید یہ کہ کیا محض مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط سے رقم پاکستانی خزانے میں منتقل ہوجاتی ہے یا یہ محض کاغذی خانہ پوری ہے؟
ہمیں کچھ نہیں پتا اور نہ ہم جاننا چاہتے ہیں۔ ہمیں صرف یہ پتہ ہے کہ ریٹنگز کی دوڑ میں غرقاں نیوز چینلز کے نیوز کاسٹرز گلا پھاڑ پھاڑ کر لاتعداد بار اس بات کو دہرا رہے ہیں کہ ”آگیا سلمان چھاگیا سلمان، بدل گئی قسمت بدل گیا پاکستان“ تو ضرور ایسا ہی ہوگا۔ کیوں نہ ہو بھئی آخر جو دکھتا ہے وہی بکتا ہے۔ میڈیا بھی کیا کرے وہ وہی دکھاتا ہے جو عوام دیکھنا چاہتے ہیں یا جو عوام کی سمجھ میں آتا ہے۔ ہمیں ان خبروں میں کوئی دلچسپی نہیں موجودہ حکومت نے روپے کی قدر پہلے ہی گراکر اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ کے باوجود قیمتیں بڑھاکر جو مہنگائی کا پیشگی طوفان برپاکیا ہے وہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پہلے سے ہی نافذ کرکے قرض کی راہ ہموار کرنے کے لئے کیا ہے۔
لیکن اتنی ضخیم باتیں سمجھ میں کس کے آتی ہیں ہمیں تو صرف اس بات میں دلچسپی ہے کہ آج اپوزیشن نے وزیراعظم کو یہودی ایجنٹ کہا طالبان خان؟ اور وزیراعظم نے انہیں کن القابات سے نوازا؟ بلکہ ہم تو مضامین بھی وہی پڑھنا پسند کرتے ہیں جن میں سیکس، ریپ یا کسی کی پگڑی اچھالے جانے کو موضوع بحث بنایا گیا ہو، یہی وجہ ہے کہ مصنفین معیار تحریر کو متوازن بنانے کے موضوع کو کاٹ دار بنانے کی مشق کرتے ہیں۔ ورنہ اکثر موضوعات تو عنوان یا پھر تعارف تین سطور پڑھے جانے کے بعد اسکرول کر دیے جاتے ہیں۔
سد افسوس مگر ہماری ترجیحات کی مجموعی صورتحال یہ ہے کہ ہمارے لئے ہمیشہ سے وہی ایشوز اہم رہے ہیں جن سے ہمارا کوئی خاص لینا دینا نہیں ہوتا۔ ہم بھی اسی چیز میں گھسنے کو ترجیح دیتے ہیں جس میں سارا زمانہ پہلے ہی اپنی ٹانگ گھسا چکا ہو۔ ہمیں اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ کم آمدن والے غریب شہریوں پر بجلی، گیس اور پیٹرول کے نرخ بڑھ جانے سے کتنا اثر پڑا؟ ناجائز تجاوزات گرائے جانے کے بعد بے گھر اور بے روزگار ہونے والے غریبوں کا کیا بنا؟
یا پھر ملک میں موجود کروڑوں پڑھے لکھے ہنرمند باشعور نوجوانوں کو جو ایک کروڑ نوکریوں کا سبز باغ دکھایا گیا تھا اس کا کیا رہا؟ ) یتمیوں، بیواوں اور خصوصی افراد کا تو ذکر بھی کوئی نہیں کرتا (۔ اس سب کے لئے آواز کون اٹھائے گا؟ یہ سب کس کے مسائل ہیں؟ ہم ان سب پر بات کیوں نہیں کرتے؟ ہم کبھی عمران خان کے ٹانگ پر ٹانگ رکھ غیر سفارتی طریقہ تشریف پر توانیاں صرف کرتے ہیں کبھی خادم رضوی کی گالیوں پر کبھی اے آر رحمن کی بیٹی کے حجاب کرنے پر تو کبھی فائیو ائیر چیلنج والی ٹرک کی بتی کے پیچھے لگ کر اپنی پرانی تصاویر زبردستی دنیا پر مسلط کررہے ہوتے ہیں۔
سد افسوس۔ لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ہم اہم اور حقیقی موضوعات کی طرح ان بے سروپا غیراہم موضوعات کو بھی دو یا تین دن سے زیادہ نہیں پوچھتے اور پھر کسی نئے مصالحے دار ایشو کا انتظار ہوتا ہے جو کہ ہمیں ہمارا میڈیا عطا کرتا ہے۔ آخرر ان کی بھی تو روزی کا، معاملہ ہے انہیں بھی کھیلنے کو ایک کھلونا چاہیے۔ خیر فی الحال میرے عزیز ہم وطن سعودی جیل سے رہائی پانے والے ماموں کے بیٹے کامران پرقلمی طاقت کا مظاہرہ کررہے ہیں جب تک کوئی نواں کٹا نہیں کھل جاتا۔


