الکیمسٹری اور متاری پر آیا جن
بیوقوف تمہیں تو کچھ بھی نہیں پتا تم کبھی شیشے کے سیلز مین نہیں بن سکتے۔ مجھے کیا پڑی ہے سیلز مین بنوں مجھے تو پنشن اچھی مل جاتی ہے۔ اب پروفیسر کے چہرے پہ غم کی چھاؤں تھی۔ میرے لئے ماضی اور مستقبل غیر اہم ہیں متاری بولی، متاری سمجھداری سے کام لے تم پر ابھی جن آیا ہوا ہے اس سے اچھی طرح خزانے کا ایڈریس معلوم کر۔ پروفیسر اسے سمجھا رہا تھا۔
میرا بھی یہی خیال تھا کے متاری کوئی ان دیکھی طاقت خزانے کے بارے میں بتانا چاہتی ہے۔ جو کہیں نہ کہیں موجود ہے۔
تم لوگ زندگی کے اشاروں کو نہیں سمجھتے اس لئے خزانے کے اہل نہیں ہو یہ میں ہی تلاش کروں گی۔ وہ نحوست سے بولی تو مجھے بھی غصہ آنے لگا اس نے خزانے کے لئے مجھے بھی نا اہل دے دیا تھا۔ پروفیسر کو اپنی نا اہلی کا سن کر اتنا غصہ آیا کہ اس نے ٹی وی کے ریموٹ کو زور سے پٹخا تو متاری یعنی سنتیا گن چیخ پڑی۔ تم نے ایسا کیوں کیا بڈھے کرہ ارض پر موجود ہر چیز روح رکھتی ہے ریموٹ کو تکلیف ہوئی ہوگی۔
پروفیسر نے ڈر کر ریموٹ کو پیار سے اٹھا کر جھولی میں رکھ دیا۔ متاری میری طرف دیکھتے ہوئے پروفیسر کو کہنے لگی کہ اجنبی خاتون کو ابھی تک چائے پانی نہیں پوچھا جاؤ فرج میں رکھی آب حیات کی بوتل سے اسے بھی کچھ پلادو یہ سن کر تو میرے کان کھڑے ہوگئے یعنی ان لوگوں کے پاس آب حیات موجود تھا پر مجھے کبھی ہوا تک لگنے نہیں دی تھی حالانکہ میں مشکل میں ہمیشہ ان کے کام آتی تھی۔ پروفیسر اٹھا تھوڑی دیر میں ہی وہ ایک اسٹیل کے گلاس میں کالے رنگ کا سیال مادہ لے آیا جو میں نے تیزی سے اس کے ہاتھ سے لے کے غٹا غٹ پی لیا۔
پر یہ کیا یہ سیال مادہ تو پیپسی تھی وہ بھی نمبر دو میں نے احتجاج کیا کہ آپ نے مجھے آب حیات کے بجائے پیپسی پلادی۔ تو پروفیسر نے کہا ہم اسی کو آب حیات کہتے ہیں۔
اس بیچ میں متاری اپنا کھانا نکال کے لے آئی تھی۔ مجھے بھیڑوں کے پانی اور چارے کی بہت فکر رہے گی وہ لقمہ چباتے کہنے لگی۔ فکر مت کر پگلی میں بالٹی بھر کے رکھ دیا کروں گا اور ان کے لئے چارہ بھی لے کے آیا کروں گا۔ پھر وہ مجھ سے پوچھنے لگے بھیڑ یں کہاں سے خریدی جائیں۔ سچ تو یہ ہے کہ مجھے خود بھی نہیں معلوم تھا پر یہ ضروری تھا کہ متاری کو ایک ریوڈ لے کے دینا چاہیے تاکہ وہ خزانہ تلاش کرسکے۔
دیکھو مجھے ذہین بھیڑیں لاکے دینا کہ وہ زیادہ اون پیدا کرتی ہیں۔ متاری کا لہجہ نرم تھا وہ تو میں لے کے ہی آؤں گا پر کیسے پتا چلے گا کہ ان میں سے ذہین کون سی ہیں پروفیسر نے اپنی لاعلمی بتائی جب انسان فیصلہ کرلیتا ہے تو طاقتور لہریں اس کا ساتھ دیتی ہیں۔ تم فیصلہ کرو تو۔ متاری نے بات ادھوری چھوڑ دی۔
اس دوران میں نے نفسیات کی کتاب کو سائیڈ میں پٹخ دیا سوچنے لگی کہ میں بھی کچھ بھیڑیں لے کے خزانے کو تلاش میں متاری کے ساتھ نکل جاؤں۔ ویسے بھیڑیں لے کے ہمیں کہاں جانا ہوگا یہ میں نے خوشامدی انداز میں کہا ہم نہیں صرف میں بھیڑیں چراتی ہوئی جاؤں گی۔ ویسے بندرگاہوں پہ تو چور اچکے ہوتے ہی ہیں۔ متاری صحیح کہہ رہی تھی کراچی میں پرس چھیننے والی وارداتیں ہوتی ہی رہتی ہیں۔
میں حال فی الحال تو صحرا کے سفر پر نکلوں گی، کارواں اور صحرا کی ایک ہی زبان ہوتی ہے صحرا کے لوگ صحرا کی زبان سمجھتے ہیں وہ تو تم ٹھیک کہتی ہو اب تو چینیوں نے بھی سیکھ لی ہوگی میں نے کہا۔
اس اجنبی عورت کو تباہ شدہ چرچ میں کھڑے انجیر کے درخت سے کچھ انجیر لاکے دو۔ وہ پروفیسر سے ہی مخاطب تھی اور میرے لئے انجیر منگوا رہی تھی۔ پروفیسر نے خالی خولی نظروں سے اسے دیکھا۔ میری پیاری سنتاگن محلے میں تو ایک مسجد ہی ہے پر وہاں انجیر نہیں نیم کا درخت ہے نمبولیاں تو میں لادوں گا۔ پر یہ کمبخت کھائے گی نہیں پھر اس نے میری طرف دیکھا جیسے پوچھ رہا ہوں کہ نمبولیاں کھالوگی؟
اب سنتا گن خلا میں دیکھتے ہوئے کسی سے بات کرنے لگی تو ہمارا خیال تھا وہ جن سے ہی بات کررہی ہے۔ مجھے تقدیر کی تلاش ہے وہ ہواسے باتیں کررہی تھی۔ وہ تو مجھے بھی تقدیر کی تلاش ہے میں نے بھی کچھ پرائز بانڈ لے کے رکھے ہیں۔ جب وہ کیما گر کاپوچھتی ہے اچانک وہ چونک کر بولی تو مجھے شک ہوا ابھی تک سوٹیڈ بوٹیڈ سفید لمبے والوں والا ماہر نفسیات جو پر اسرار خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ وہی تو کہیں کیماگر نہیں ہے۔
پھر وہ اٹھی میں سونے جارہی ہوں اسپین کے لوگ دوپہر میں سوجاتے ہیں۔ وہ سونے چلی گئی اب وہ پراسرار شخص جو خاموشی سے بیٹھا ہوا تھا۔ کچھ ہلا جلا اور پروفیسر مغز مار کو مبارک دی کہ دونوں میاں بیوی کو آڈیشن میں کامیاب قرار دیتا ہے۔ پھر وہ میری طرف متوجہ ہوا کہنے لگا کہ وہ فلم پروڈیوسر ہے ایک مشہور ناول پہ فلم بنارہا ہے۔ جو تاریخی حیثیت حاصل کرلے گی اگر میں دلچسپی رکھتی ہوں تو کسی کردار کی تخلیق کی جاسکتی ہے۔
اف۔ اب متاری بالکل ہی اصلی متاری دکھائی دینے لگی۔ پروفیسر نے باورچی خانے میں جاکے برتن دھونا شروع کردیئے۔ غصہ مجھے اتنا آیا کہ کیا بتاؤں میں تو اچھی خاصی بیوقوف بن گئی تھی مجھے لگا اب متاری والا جن مجھ پر آنے لگا ہے۔

