میں نے وزیراعظم آفس استعفیٰ نہیں بھیجا مگر عمران خان کہیں گے تو وزارت چھوڑ دوں گا: فواد چوہدری


وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے کوئی استعفیٰ وزیراعظم ہاؤس نہیں بھیجا۔ پی ٹی وی کے حوالے سے تحفظات ہیں، جنہیں عمران خان سے ملاقات میں بیان کروں گا۔ وزیراعظم فون کر کے کہیں گے تو وزارت چھوڑ دوں گا۔

اپنے مستعفیٰ ہونے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی استعفیٰ وزیراعظم آفس نہیں بھیجا۔ ٹیم بنانا صرف وزیراعظم کا کام ہے۔ وہ جسے بہتر سمجھیں گے، ٹیم میں رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے حوالے سے مجھے تحفظات ہیں لیکن حتمی فیصلہ عمران خان کا ہو گا۔ وزیراعظم سے میرا صرف سیاسی نہیں بلکہ ایک ذاتی تعلق بھی ہے اس لیے اگر وہ فون اٹھا کر بولیں گے تو وزارت ہی چھوڑ دوں گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سےمیری ملاقات ہے جس میں صورتحال واضح ہوجائے گی۔ ابھی تک اُن سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ یہ خبریں بے بنیاد ہیں کہ میں نے تحفظات کی وجہ سے استعفیٰ لکھ کر وزیر اعظم ہاؤس بھیج دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ملاقات میں جو کہیں گے، اُسی پر عمل کروں گا۔ عمران خان راجن پور میں تھے جبکہ میں بھی بھائی کی شادی میں مصروف تھا۔ کل بروز پیر عمران خان سے ملاقات کروں گا۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی کی مینجمنٹ کے حوالے سے میرے اختلافات موجود ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کہہ رہے ہیں کہ آپ کا استعفیٰ وزیراعظم آفس پہنچ چکا۔ انہیں کچھ معلوم نہیں، بس ایسے ہی باتیں کرتے رہتے ہیں۔

Facebook Comments HS