انڈہ مرغی دیتی ہے یا بکری؟


ایک چھوٹے سے طالب علم نے کلاس روم میں خوشی خوشی داخل ہوتے ہوئے کہا، ماسٹر جی آج میری بکری نے انڈا دیا ہے۔ ماسٹرجی نے گھور کے دیکھا۔ اس نے پھر کہا، ماسٹرجی آج میری بکری نے دو انڈے دیے۔ ماسٹرجی غصہ سے پاگل ہوگئے۔ بکری کہیں انڈا دیتی ہے، انڈا تومرغی دیتی ہے۔ اس بچے نے کہا، ماسٹر جی میں نے اپنی مرغی کا نام بکری رکھا ہے۔ کیا آپ کو کوئی اعتراض ہے؟

اورتب میں سوچنے لگا کہ آج بہت کچھ ایسا ہی ہے۔ سوچ سمجھ کر، جان بوجھ کر۔ اسی کا فیصلہ ہونا ہے کہ ہماری سرکار، ہمارا سماج جوکر رہا ہے، اس کا اس نے درست نام دیا ہے یا نام بدل کر وہ ایک عام پاکستانی کی نفسیات سے کھیل رہے ہیں۔ جولوگ ایسا کررہے ہیں اس کے پیچھے اسی ملک کے لوگ ہیں یا باہر کے کچھ دماغ۔ جوساری دنیا کو اپنے قبضے میں کرنے کا ایجنڈا بناکر انسانی دماغ آلودہ کررہے ہیں۔

پاکستان میں جیش محمد اور دیگر جہادی تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہے۔ حکومت نے ان تمام شدت پسند گروہوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے، جنہیں اقوام متحدہ نے دہشت گرد تنظیمیں قرار دے رکھا ہے۔ ان تنظیموں کے تمام تر اثاثے منجمداور منسلک خیراتی اداروں اور طبی ٹیموں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ در اصل ان کارروائیوں کی منظوری دسمبر 2018 میں ہی دے دی گئی تھی اور اب بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ نے حکومت کو مجبور کیا کہ ان تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

پلوامہ حملے کے بعد امریکا سمیت کئی ملکوں نے اسلام آباد حکومت پر زور دیا کہ وہ ایسی تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرے۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کے مستقبل میں ہونے والے اجلاسوں میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے بھی اسلام آباد کو ایسے اقدامات کرنے ہی تھے۔ غیر ریاستی عناصر کی وجہ سے پاکستان اور بھارت جوہری جنگ کے دہانے پر ہیں۔ خطے میں امریکا اور دوسرے ممالک کی اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہے، جو جنگ کی وجہ سے برباد ہو سکتی ہے۔ لہذا پوری دنیا یہ کہہ رہی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرو۔ نتیجتاً پاکستان کو یہ کرنا ہی پڑا۔

ماضی میں بھی وقتاً فوقتاً کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں اور ان پر پابندیوں کے اقدامات ہوتے رہے ہیں۔ تاہم بیشتر اوقات یہ پابندیاں زیادہ موثر نہیں رہیں جس کی وجہ سے زیادہ تر تنظیمیں نام بدل کر دوسرے ناموں سے اپنی کارروائیاں کرتی رہیں۔ عسکری تنظیموں پر پہلی مرتبہ پابندی 2001 میں اس وقت لگی جب دو فرقہ وارانہ تنظیموں، لشکر جھنگوی اور سپاہ محمد کو کالعدم قرار دیا گیا۔ یہ وہ وقت تھا جب ملک میں سابق صدر پرویز مشرف نے فوجی بغاوت کے ذریعے وزیر اعظم نواز شریف کو ہٹا کر خود اقتدار پر قبضہ کر لیا

 اس کے اگلے سال 2002 میں پانچ مزید تنظیموں پر پابندیاں لگائی گئیں جن میں لشکر طیبہ، جیش محمد اور سپاہ صحابہ شامل تھیں۔ تاہم 2003 میں ان پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا اور آٹھ مزید تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا۔ ان میں القاعدہ اور بعض بلوچ تنظیمیں بھی شامل تھیں۔ اس طرح ہر دو تین سال کے بعد اس فہرست میں اضافہ ہوتا گیا اور مزید تنظیمیں اس میں شامل ہوتی رہیں۔ 2008 میں بھارت کے شہر ممبئی میں ایک اور بڑی کارروائی کی گئی جس کا الزام پھر سے پاکستان میں سرگرم تنظیموں پر لگایا گیا

پاکستان کی تاریخ میں ریاستی اداروں کے ذریعے ملکی سیاسی عمل پر اثر انداز ہونے کا سلسلہ پرانا ہے۔ شدت پسند تنظیموں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت اور سیاسی رہنماؤں کو نا اہل قرار دیا جانا اسی عمل کا حصہ رہے۔ سالہا سال سے الیکشن جیتنے کے لیے سیاست میں مذہب کا سہارا لینا ضروری سمجھا گیا۔ جنرل ضیا الحق کی فوجی آمریت کے دور سے مذہبی معاملات کو اتنا اہم اور لوگوں کو مذہبی حوالے سے اتنا حساس بنا دیا گیا کہ سب سیاسی جماعتیں خود کو مجبور سمجھتی رہیں کہ وہ مذہبی حوالوں کے ساتھ یا پھر مذہبی بیانیہ لے کر ہی انتخابی میدان میں اتریں۔ سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ مذہبی اور انتہا پسند جماعتوں کے ساتھ انتخابی اتحاد کیے۔

پاکستان میں دو طرح کی شدت پسندی پائی جاتی ہے۔ ایک سیکولر، دوسری مذہبی۔ بہت سے سیکولر تو مذہب کا نام لینا بھی پسند نہیں کرتے۔ دوسری طرف مذہبی شدت پسند جو کچھ کرتے ہیں، وہ پاکستان اور پاکسستانی عشروں سے بھگت رہے ہیں۔ پاکستان میں سیاسی جماعتیں اگر مذہب کے نام پر ووٹ لیتی ہیں، تو محض اس لیے کہ عوام کی اکثریت مذہب پر آنکھیں بند کر کے بلا جھجھک یقین رکھتی ہے جس کا ثبوت گلی کوچوں میں موجود دکانوں پر رکھے وہ ہزاروں یا شاید لاکھوں چندے کے باکس ہیں جن کے ذریعے کروڑوں روپے کی فنڈنگ ہوتی ہے۔

دوسری طرف کاروباری ادارے حکومت کے پرزور اصرار اور رغبتی مہمات کے باوجود ٹیکس نیٹ ورک میں نہیں آتے۔ اس کے باوجود زیادہ تر مذہبی جماعتیں عوام سے مخلص نہیں، وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر تو بڑے بڑے جلوس نکالتی اور مظاہرے کرتی ہیں، لیکن کیا انہوں نے کبھی سود اور سودی نظام معیشت کے خلاف بھی کوئی مظاہرہ کیا یا دھرنا دیا؟

دہشت گردوں کی کمر توڑنے کی پہلی شرط یہ ہے کہ معاشرے میں ان کی نظریاتی اثر پذیری کا خاتمہ کیا جائے لیکن پاکستانی سیاسی جماعتوں کی بہت بڑی اکثریت کا حال یہ ہے کہ وہ صرف ووٹ لینے کے لیے مذہبی بیانیے اپنائے ہوئے ہیں۔ ہونا یہ چاہیے کہ سیاست دانوں اور سیاسی جماعتوں کی سطح پر قول و فعل میں کوئی تضاد نہ ہو۔ سوچ، بیانات اور عمل سب باہمی طور پر ہم آہنگ ہوں اور ایک پہلو دوسرے کی تائید کرے۔ جب مذہبی اور غیر مذہبی سیاسی جماعتوں کے مابین مذہبی معاملات میں مقابلہ بڑھ جاتا ہے، تو بعض اوقات اس کا نتیجہ ایک یا ایک سے زیادہ نئی مذہبی سیاسی تحریکوں کی صورت میں نکلتا ہے۔

اس کی مثال پاکستان میں ماضی قریب میں وجود میں آنے والی دو ایسی نئی مذہبی سیاسی جماعتوں کی ہے، جو پہلے سے موجود بڑی مذہبی سیاسی جماعتوں کو بھی کم مذہبی قرار دیتی ہیں۔ یہ دو سیاسی مذہبی جماعتیں حافظ محمد سعید کی بنائی ہوئی ملی مسلم لیگ اور مولانا خادم رضوی کی تحریک لبیک ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں انتہاپسند، رجعت پسند، فرقہ پرست اور دہشت گرد جماعتوں کی جانب سے انتخابی امیدواروں کا اعلان ایک بہت خوفناک رجحان تھا، ہماری سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کو دیکھنا چاہیے کہ ایک طرف تو وہ دہشت گردوں کی کمر توڑنے کا دعویٰ کرتے ہیں اور دوسری طرف ان کی خوشنودی حاصل کرنے کے جتن بھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس مرتبہ انڈہ واقعی مرغی دیتی ہے یا بکری؟