عمران خان کی شدید خواہش تھی کہ نواز شریف کو تکلیف پہنچائی جائے: جاوید ہاشمی
سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان نواز شریف کو تکلیف میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ عمران خان کو سزا دینے کا شوق ہے لیکن امپائر کوئی اور ہے۔
سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پوری قوم نواز شریف کی صحت کے بارے میں تشویش میں مبتلا اور سراپا احتجاج ہے۔ کوٹ لکھپت جیل گوانتابے سے بدتر جیل بنا دی گئی ہے۔ نواز شریف نے کرپشن نہیں کی اور وہ قانون کی نظر میں معصوم ہیں۔ عمران خان نواز شریف کو تکلیف میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ میں ذاتی طور پر گواہ ہوں کہ عمران خان کی شدید خواہش تھی کہ نواز شریف کو سزا ملے۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم کسی کے کہنے پر کام کر رہا ہے۔ عمران خان کو سزا دینے کا شوق ہے لیکن امپائر کوئی اور ہے۔ نواز شریف لندن جا کر علاج کروانا چاہتے ہیں، لیکن انہوں نے کس سے یہ مطالبہ کیا ہے؟ قومی لیڈروں کا بیرون ملک علاج کرایا جاتا ہے۔ بے نظیر بھٹو کے کان میں درد تھا، نصرت بھٹو کو کینسر لاحق تھا انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی۔ مریض کا حق ہوتا ہے لیکن نواز شریف نے ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو سہولتیں فراہم کی گئیں لیکن نواز شریف کو تو آئینی حیثیت حاصل ہے۔ پھر انہیں کیوں سہولتیں نہیں فراہم کی جا رہیں؟ میں چار سال جیل میں رہا، مجھے صحت کے معاملے میں زیادہ سہولتیں ملیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امپائر کی انگلی کو دیکھ کر تو پی ٹی آئی چھوڑ کر آیا ہوں۔

