کنکریٹ کے مقبرے اور ایک بلڈر کی لاش
یہ کہہ کر وہ پھر خاموش ہوگیا، تھوڑی دیر سوچتا رہا۔ میں خاموشی سے اس کی طرف دیکھ رہا تھا اس کے چہرہ جیسے ویران ہوگیا تھا۔ اس کے چہرے پر ایک خاص قسم کی تازگی سی ہوتی تھی مگر اس وقت مجھے ایسا لگا جیسے کسی ہزاروں سال پرانے چہرے کو دیکھ رہا ہوں۔ حنوط کی ہوئی مصر کی کوئی ممی۔
وہ یکایک بول پڑا، میں نہ جانے کیسے کراچی پہنچا تھا۔ مجھے کچھ یاد نہیں۔ مجھے جلدی تھی کراچی پہنچنے کی کہ میں بچوں کو بچا سکوں، جو ان اسکولوں میں تازہ تازہ پھول جیسے، اپنی ٹیبل کرسیوں پر بیٹھے ہوئے، ہنستے ہوئے مسکراتے ہوئے پڑھ رہے ہوں گے۔ وہ اسکول تو میرے بنائے ہوئے ہیں اور وہ تو فوراً ہی گرجائیں گے ایک جھٹکے میں۔ مظفر آباد میں آنے والا زلزلہ تو بہت بڑاتھا۔ یہ تو کچھ بھی نہیں سہہ سکیں گے۔ یہ سارے بچے مرجائیں گے۔ ان کی لاشیں ہفتوں پتھروں اورسیمنٹ کے ملبے تلے دبی رہیں گی جیسے میرے بچے اور میری بیوی مظفر آباد کے ملبے میں دبی ہوئی ہے۔ ”
”میں کراچی پہنچتے ہی گورنمنٹ اسکول چلا گیا تھا اس عمارت میں بائیس سو بچے پڑھ رہے تھے۔ میں نے اسکول کے ہیڈ ماسٹر سے کہا تھا کہ اس عمارت میں نہ پڑھاؤ۔ یہ عمارت گر جائے گی اس نے مجھے دھکے دے کر اسکول سے نکال دیا تھا۔ اس کی بات صحیح تھی عمارت میں نے بنائی تھی۔ عمارت کے مکمل ہونے کے سرٹیفکٹ پر اُس نے دستخط کیے تھے۔ وہ دستخط واپس نہیں لے سکتا تھا۔ کیسے لیتا؟ میں نے سنا تھا دوسرے دن سے وہ اسکول نہیں آیا تھا۔ “
”میں نے محکمہ تعلیم کے بڑے افسروں کو سمجھانے کی کوشش کی کہ کراچی کے جن انیس اسکولوں میں میں نے کام کیا ہے وہ سب کے سب موت کے پھندے ہیں، وہ سب گرجائیں گے۔ وہ سب میں نے بنائے ہیں۔ ان میں نہ مناسب سیمنٹ ہے نہ ہی لوہا، اور یہ بھی مجھے پتہ تھا کہ ان عمارتوں کو کسی تعلیم یافتہ سوال انجینئر نے دیکھا بھی نہیں ہے۔ جلدی جلدی چھتوں پر لوہے کے کناروں کو موڑا بھی نہیں گیا نہ ہی ان کا جال بنایا گیا ہے۔ وقت بھی کم تھا اور پیسے بھی بچانے تھے۔ منافع بھی کمانا تھا۔ یہ ساری عمارتیں بلڈنگیں، اسکول، کالج، تاش کے پتّوں کی طرح بکھر جائیں گے مگر ان کی سمجھ میں نہیں آیا تھا۔
”میں کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے آفس میں گیا تھا۔ وہاں کے بڑے افسروں کو سمجھانے کی کوشش کی کہ یہ جو پلازے، دوکانیں، فلیٹس میری کمپنی نے بنائے ہیں ان سب کو خالی کرالیں میں ذمہ داری قبول کرتا ہوں سارا نقصان برداشت کروں گا۔ سب کچھ دوبارہ کردوں گا۔ بھلے کنگلا ہو جاؤں۔ مگر لوگ تو بچ جائیں گے۔ وہ لوگ جو اپنے بیوی بچوں اپنے ماں، باپ بھائی بہنوں کے ساتھ ان کا بکوں میں رہتے ہیں جنہیں اپنا گھر کہتے ہیں۔
وہ گھر نہیں ہیں وہ موت گھر ہیں۔ موت کا کنواں کنکریٹ کی قبر۔ ایک دن سب گرجائے گا دھڑام سے۔ جیسے مظفر آباد میں نیلم ہوٹل گر گیا ہے جس کے پلر کے نیچے میری بیوی کی لاش ابھی تک پڑی ہوئی ہے، جس کے کنکریٹ میں میرے بچے اپنے لیے راستہ بناتے بناتے مر گئے ہیں اپنے ادھڑے ہوئے ناخنوں کے ساتھ۔ اپنی ٹوٹی ہوئی انگلیوں کے ساتھ۔ پاپا، پاپا کہتے ہوئے اندھیرے کنوؤں میں وہ سب ختم ہوگئے ہیں۔ ”
وہ کہتے کہتے چپ ہوگیا میں نے ڈرتے ڈرتے بہادر آباد میں اُگی ہوئی چاروں طرف پھنسی ہوئی اونچی اونچی عمارتوں پر نظر ڈالی۔ میں تقریباً پیرالائز سا ہو گیا تھا۔ مجھے پتہ تھا یہ ساری عمارتیں غیر قانونی ہیں۔ بلڈنگ کنٹرول، کے ایم سی، کے ایس سی، واٹر بورڈ، علاقے کے پولیس سب کو کچھ نہ کچھ کِھلا پلا کر بنائی گئی ہیں۔ میں سوچ ہی رہا تھا کہ اس کی آواز آئی تھی۔
”یار کوئی سمجھتا ہی نہیں ہے۔ کے بی سی اے کے ڈائریکٹر نے مجھے دھکے دے کر باہر نکلوادیا تھا۔ سارے کھانے والے افسر جن کی میں نے خدمت کی تھی مختلف پروجیکٹ کے ڈائریکٹر اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر، اکاؤنٹنٹ، آرکیٹکٹ انجینئر، اسسٹنٹ انجینئر، اکاؤنٹنٹ برانچ کے کلرک سب مجھے حیرت سے دیکھ رہے تھے۔ کسی کو میں نے چھ فیصد دیا تھا کسی کو چالیس فی صد، کسی کو تین فیصد دیا تھا کسی کو بارہ فیصد۔ کوئی بھی میری بات ماننے کو تیار نہیں تھا۔ “
”میں وہاں کہہ کر آگیا ہوں۔ کل کراچی کے پریس کلب میں جومانی اینڈ کمپنی کی بنائی ہوئی ساری بلڈنگوں عمارتوں اسکولوں ہسپتالوں کی فہرست کے ساتھ پریس کانفرنس کروں گا۔ کل کے بعد سب بلڈنگوں کو صحیح کردوں گا۔ چاہے کتنا بھی نقصان ہو۔ مگر ان بچوں کو نہیں مرنا چاہیے۔ جو ابھی اسکول جاتے ہیں، وہ لڑکیاں جنہوں نے ابھی شادی کے خواب بھی نہیں بنے ہیں، وہ مائیں جو دن رات اپنے بچوں کے لیے دُعائیں مانگتی رہتی ہیں۔ یہ چھوٹے بڑے خاندان، محبت والے لوگ ان کا کیا قصور، قصور تو میرا ہے۔ گناہ گار تو میں ہوں سزا مجھے مل گئی ہے مجھے کچھ کرنا ہوگا۔ کیا خیال ہے؟ “ اس نے بڑے درد سے پوچھا تھا۔
وہ میری آخری ملاقات تھی۔ اسے میں نے اس کی گاڑی کے پاس چھوڑا تھا جو پیکنگ چائینز ریسٹورنٹ کی گلی میں کھڑی تھی۔
دوسرے دن کے اخباروں میں اس کے خودکشی کی خبر تھی۔ میں ابھی بھی سوچ رہا ہوں اس نے خودکشی کیوں کی؟ کیوں کی آخر خود کشی۔ وہ خودکشی کرنے والوں جیسا نہیں تھا۔ مگر کیا اس کی خودکشی کی وجہ سے بہت سے لوگ خودکشی کرنے سے بچ گئے؟

