ہر بحث کیسے جیتی جائے؟


ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ معاشرے میں منفرد اور باصلاحیت گردانا جائے۔ ان دو چیزوں کے حصول کے کئی ذرائع ہیں جن میں سے ایک ذریعہ یہ ہے کہ آپ ہر بحث جیتیں۔ پھر چاہے وہ بحث کسی دوست، کولیگ یا بھلے رشتہ دارکے ساتھ ہی کیوں نہ ہو رہی ہو۔ یقینا ایسے کئی طریقے ہیں جن پر عمل کر کے کوئی بھی انسان بحث جیت سکتا ہے۔ اس سے پہلے کہ میں آپ کو یہ بتاوں کہ کسی بھی بحث کو کیسے فتح کیا جائے آپ میرے ایک سوال کا جواب دیں کہ اگر آپ کو بحث جیتنے کا فارمولا مل جائے اور آپ ہر کسی سے بحث جیتنے بھی لگیں تو اس سے آپ کو کیا فائدہ ہو گا؟

کسی سے بھی بحث میں جیتنے سے شاید صرف اور صرف ہماری انا ہی کی تسکین ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اور کوئی چیز ہمارے ہاتھ نہیں لگتی۔ فرض کیجیے آپ اپنے حریف پر کامیابی حاصل کر لیتے ہیں اور اس کے دلائل کو مکمل طور پر رد کر کے پھینک دیتے ہیں۔ اور ثابت کر دیتے ہیں کہ وہ غلطی پر ہے، اس کا نقطہ نظر غلط ہے اور آپ کا صحیح، تو آپ تو خیر خوشی محسوس کریں گے، آپ کا سینہ چوڑا ہو جائے گا لیکن سامنے والے کا کیا ہو گا؟

آپ نے اس کے غرور کو زخمی کیا ہے، اس کو نیچا دکھایا ہے۔ لہذا وہ آپ سے مکمل طور پر نفرت کرے گا۔ یاد رکھیں جس آدمی کو اس کی مرضی کے خلاف رائے بدلنے پر مجبور کیا جائے وہ ہمیشہ اپنی اس رائے پر قائم رہتا ہے۔ اس لئے اپنے آپ کو اچھی طرح جانچیں کہ آپ کو کس طرح کی فتح کی ضرورت ہے؟ آپ کو آپ کی انا عزیز ہے یا سامنے والے کی خوشی۔ بحث میں جیت عزیز ہے یا سامنے والے سے اپنا تعلق عزیز ہے۔ آپ کو ان دونوں میں سے صرف ایک چیز ہی مل پائے گی۔

آپ حق پر ہو سکتے ہیں۔ آپ کے دلائل زبردست ہو سکتے ہیں۔ آپ سامنے والے کا منہ بند کروا سکتے ہیں۔ لیکن جہاں تک اس کے نقطہ نظر کو بدلنے کی بات ہے آپ اس میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ کیونکہ ایک محتاط اندازے کے مطابق 10 میں سے 9 بار ایسا ہوتا ہے کہ بحث کے خاتمے آپ کا حریف بھی یہی احساس لے کر اٹھتا ہے کہ وہ بالکل درست ہے اور آپ غلطی پر ہیں۔ بھلے ہی وہ آپ کے سامنے خاموش ہو جائے آپ کے دلائل اور انداز گفتگو سے وہ کمزور پڑ جائے لیکن دل سے وہ کبھی بھی آپ کے دلائل کو تسلیم نہیں کرے گا۔

انسانی کمزوری ہے کہ ہر انسان احساس برتری کا خواہش مند ہوتا ہے۔ کبھی تو ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم بازار سے کوئی چیز لے آئیں لیکن گھر پہنچ کر ہمیں لگتا ہے کہ شاید میں یہ چیز مہنگی لے آیا ہوں۔ لیکن اگر کوئی اور شخص یہ کہے کہ بھائی آپ تو یہ چیز بڑی مہنگی لے کے آئے ہیں۔ دکاندار نے تو آپ کو لوٹ لیا ہے۔ تو ہم اپنی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ یہ چیز مہنگی نہیں ملی۔ ہم یہ اسے باور کرانے لگتے ہیں کہ اس کی تو کوالٹی ہی بڑی زبردست ہے۔

اگر کوئی انسان جوش و خروش میں اپنا نقطہ نظر بتا رہا ہو تو اسے بتانے دیں۔ اس کو اس کی بات ثابت کرنے دیں۔ اسے خوش ہونے کا موقع ضرور دیں۔ اگر آپ اس کی بات سے متفق نہیں ہیں تو اس کی بات ختم ہونے پر ایک مناسب لہجے اور انداز میں اپنا موقف بھی بیان کر دیں۔ اکثر روز مرہ کے معمول کے دوران اکثرکسی نہ کسی سے ہماری چھوٹی موٹی بحث و تکرار ہو ہی جاتی ہے۔ کامیاب زندگی کا نسخہ یہی ہے کہ ایسے بحث مباحثے جان بوجھ کر ہار جانے چاہیے۔ اس سے ہمارا کچھ نہیں جائے گا۔ اس طرح ہم اپنوں کو خوش رکھ سکتے ہیں اور اپنے دوستوں کی تعداد میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ اگر اب بھی آپ ہر بحث جیتنا چاہتے ہیں تو مجھے ضرور بتائیے گا۔ میں کوشش کروں گا کہ اس پر بھی اپنی رائے پیش کر سکوں۔

Facebook Comments HS