تم لڑکی ہو تو خواب مت دیکھو


تم کس قدر نادان ہو؛ اپنی آنکھوں میں خواب رکھتی ہو۔ مانا کہ خواب دیکھنا آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے لئے بہت ضروری ہے لیکن تمہیں شاید علم نہیں کہ خوابوں کو تعبیر دینے کے لئے جس راہ سے گزرنا پڑتا ہے وہاں تمہارے لئے نو انٹری کا بورڈ لگا ہے۔ تمہیں یاد رکھنا چاہیے کہ تم ایک صالح معاشرے کی فرد ہو۔ فرض کرو تم ڈاکٹر بننا چاہتی ہو تو اس خواب کو پورا کرنے لئے تمہیں سب سے پہلے اپنے والدین کو قائل کرنا پڑے گا کہ تمہارا مقصد واقعی یہی ہے اور میڈیکل کالج میں تم فقط پڑھائی پر دھیان دو گی۔

اگر ڈاکٹر بن گئی تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ شادی کے بعد سسرال والے تمہیں مجبور کریں گے کہ تم ایک ملکہ کی طرح گھر میں رہ کر کچن سنبھال لو کیونکہ مریضوں کا علاج کرنے کے لئے شہر میں بکثرت ڈاکٹرز موجود ہیں۔ یونیورسٹی کی تعلیم کے دوران بھی بار بار یہ ثابت کرنا ہو گا کہ تمہارا دامن بے داغ ہے۔

اگر کہیں غلطی سے بھی تم نے کھیل کے میدان میں نام پیدا کرنے کا خواب دیکھا تو یہ خواب اسی وقت اپنی موت آپ مر جائے گا۔ کیونکہ کھیل کسی بند کمرے میں تو کھیلے نہیں جاتے۔ تم ماریا شراپوا یا ثانیہ مرزا کی طرح ٹینس سٹار بننے کا بھی مت سوچنا کیونکہ لڑکیوں کے لئے کھیل کا لباس بہت بے ہودہ ہوتا ہے۔ نیک بیبیاں ایسے لباس میں کھیل کود نہیں کیا کرتیں۔ ہمارے ہاں تماشائی کھیل دیکھنے نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو دیکھنے جاتے ہیں۔ اب انہیں اخلاقیات کون سکھائے تمہیں ہی سمجھنا ہو گا کہ تمہاری جگہ کھیل کا میدان نہیں گھر کی چار دیواری ہے۔

تم اگر شاعری کرو گی تو پھر تمہارے بارے میں لوگ طرح طرح کی باتیں کریں گے۔ مختلف شہروں میں مشاعرے پڑھنے جاؤ گی تو نہ جانے کیا کیا الزامات تم پر لگائے جائیں گے۔ اداکاری، رقص یا موسیقی کا شوق تو خود کو بالکل برباد کرنے کے مترادف ہے۔ پھر ایسا سمجھ لو کہ کسی شریف گھرانے سے تمہارے لئے کوئی رشتہ بھی نہیں آئے گا۔ تمہیں بد چلن ہونے کی سند ضرور مل جائے گی۔

اگر بزنس یا کسی اعلیٰ انتظامی عہدے پر کام کرنے کی خواہش تمہارے دل میں مچلے اور تم اپنے اس خواب کو پورا کرنے کے لئے کچھ وقت لینا چاہو تو تمہارے سامنے پہاڑ جتنی بڑی مشکلیں حائل ہوں گی۔ تمہارے والدین کے ساتھ ساتھ رشتہ دار بھی تمہاری شادی کی فکر میں گھلتے نظر آئیں گے۔ بار بار مختلف بہانوں سے تمہیں احساس دلائیں گے کہ تمہاری شادی کی عمر نکلی جا رہی ہے۔ تاسف سے ہاتھ ملیں گے۔ آخر تم یہ سوچنے پر مجبور ہو جاؤ گی کہ اپنے خوابوں کا گلا گھونٹ کر شادی کا لڈو چکھ لو۔

ایک بات کا تمہیں خاص طور پر دھیان رکھنا ہے کہیں غلطی سے بھی محبت کا خواب مت دیکھنا۔ شریف لڑکیاں اپنے والدین کی مرضی سے شادی کرتی ہیں۔ والدین اولاد کا برا تو نہیں سوچتے۔ اگر کسی خاندان میں قران سے شادی والی روایت ہو تو وہ بھی لڑکی کے لئے فائدے کی بات ہوتی ہے وہ سسرال کے جھنجھٹ سے بچ جاتی ہے۔

اگر دو خاندانوں کا جھگڑا نمٹانے کے لئے دشمن کے کسی مرد سے شادی کر دی جائے تو یہ اور بھی اچھی بات ہے۔ اس طرح تمہیں مفت میں ثواب ملے گا کیونکہ تم دو خاندانوں میں صلح کا باعث بنو گی۔ قتل کے بدلے میں بھی تمہاری شادی تم سے دگنی عمر کے مرد سے کی جا سکتی ہے لیکن اس میں بھی پریشانی کی کوئی بات نہیں مرد کبھی بوڑھا تو ہوتا نہیں تو کیا حرج ہے۔

یاد رکھو اگر کسی یونیورسٹی فیلو، کسی کولیگ یا کسی ہم خیال نوجوان سے تم نے محبت کی اور اس کے سنگ اپنی زندگی گزارنے کا خواب دیکھا تو پھر اس خواب کے پورا ہونے سے پہلے اپنی قبر کا انتظام کر لینا۔ اول تو ہم لوگ بہت غیرت مند لوگ ہیں۔ ہم یہ بات برداشت نہیں کر سکتے کہ ہماری لڑکیاں اتنی بے حیا ہو جائیں کہ شادی کی بات چلے تو خود بتائیں کہ فلاں لڑکے سے میری شادی کر دیں۔ ہم اپنی عزت کی خاطر اپنی لڑکی کو جان سے تو مار سکتے ہیں لیکن اس کی پسند کے لڑکے کو قبول نہیں کر سکتے۔

دوسری بات یہ کہ شرم و حیا لڑکی کا زیور ہے اور اسے ہمہ وقت یہ زیور پہنے رکھنا چاہئیے۔ مرد کی بات دوسری ہے مردوں کے لئے زیور پہننا حرام ہے۔ خدا نخواستہ ہم تمہاری خوشیوں کے قاتل نہیں ہیں لیکن مسئلہ تمہاری سوچ کا ہو سکتا ہے۔ تمہاری خوشی کیا ہے یہ تم نہیں جانتی ہو۔ اس میں تمہارا قصور بھی نہیں ہے۔ دراصل تم لڑکی ہو، تمہاری عقل خام ہے۔ ٹھیک سے سوچو تو تمہارے پاس خوش ہونے کے بے شمار مواقع ہیں۔ مثلاً گول روٹی پکانے پر تمہیں خوش ہونا چاہئیے، یہ کوئی چھوٹا موٹا ہنر نہیں ہے بہت بڑی بات ہے۔

اگر تم شادی شدہ ہو اور تمہارے خاوند کا کسی پر دل آ جائے اور وہ دوسری شادی کرنا چاہے تو تمہیں خوش ہونا چاہئیے کہ شادی شدہ ہونے کے باوجود تمہارے خاوند میں کوئی ایسی خوبی تو ضرور ہے کہ لڑکیاں اس پہ مرتی ہیں۔ اگر کسی محفل میں کسی مرد سے بات کرنے پر تمہارا خاوند تمہاری جم کر دھلائی کر دے تو اپنی چوٹوں پر ٹکور کرتے ہوئے تمہیں خوشی سے یہ سوچنا چاہئیے کہ تمہارے خاوند کو تم سے کس قدر محبت ہے کہ وہ تمہیں کسی سے بات کرتے دیکھ کر پاگل سا ہو جاتا ہے۔ اس سے زیادہ محبت کا اور ثبوت کیا ہو گا۔

میرا خیال ہے تمہیں قائل کرنے کے اتنے نکات کافی ہیں یا میں اور دلائل دوں کہ تم ایک لڑکی ہو لہٰذا خواب مت دیکھو۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).