نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے رہا


سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ کے قائد نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا۔جس کے بعد وہ جاتی امرا کے لیے روانہ ہوگئے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چودھری عدالتی روبکار لے کر پہنچے جس کے بعد نواز شریف کو رہا کیا گیا۔

کوٹ لکھپت جیل کے باہر رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جاتی امرا میں نواز شریف کا استقبال شہباز شریف اور خاندان کے دیگر افراد کریں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 6 ہفتوں کے لیے طبی بنیادوں پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم انہیں بیرونِ ملک جانے کی اجازت نہیں دی۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔جیل حکام کو سپریم کورٹ کی طرف سے رہائی کے آرڈر پہنچا دیے گئے۔ نواز شریف کو 24 دسمبر 2018 کو العزیزیہ ریفرنس میں گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا۔

نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کے فیصلے کے بعد مچلکے جمع ہونے پر سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کی رہائی کے احکامات جاری کئے۔

سپریم کورٹ نےسپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت لاہورکو اپنے احکامات میں نواز شریف کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔ ان کی رہائی کی خبر سامنے آنے پر کارکنوں کی بڑی تعداد کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).