سات سالہ عمر کا جنسی زیادتی کے بعد قتل


دنیا جب سے معرض وجود میں آئی تب سے ہی کمزور پر طاقتور حملہ آور رہا اور اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے کمزور کو بلی چڑھاتا رہا۔ طاقت کا نشہ انسان سے وہ کچھ کروا دیتا ہے کہ انسان حیوانوں کی صف میں بھی کھڑا ہونے کے قابل نہیں رہتا، اُس پستی تک پہنچ جاتا ہے کہ عام انسان سوچ کر بھی کانپ اٹھتے ہیں، خواہشوں کے اس منہ زور گھوڑے پر سوار ہوکر ناجانے کتنے ہی انسانوں کو حقیر سمجھنے والے کب کس پر حملہ انداز ہوں کوئی نہیں جانتا۔

پہلے کمزور انسانوں کو غلام بنایا جاتا تھا پھر معاشرے نے ترقی کی اور غلامی کا دور ختم ہوا۔ 21 ویں صدی تک پہنچتے پہنچتے انسان نے بہت کچھ تسخیر کر لیا۔ لیکن خواہشات نفسانی کا نہ رکنے والا بدترین سلسلہ اپنی آب و تاب کے ساتھ جاری رہا، کہتے ہیں ایک بادشاہ نے 50 سے زائد خواتین کی بکارت زائل کی، اس کے علاوہ لونڈیوں کی تعداد کا معلوم نہیں، انسان کے بس میں جو ہوا وہ بغیر کسی ڈر کے کر گزرا۔

ابھی زینب والے واقعہ کے نقوش مٹنے نہ پائے تھے کہ پھر سے درندگی کا مظاہرہ کیا گیا، پہلے بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیاگیا اور اب کی بار ایک بچہ تھا یہ ہری پور کے نواحی علاقے مارچ آباد سے تعلق رکھنے والا پہلی کلاس کا 7 سالہ بچہ عمر اپنے گھر سے جمعرات 28 مارچ کو کھیلنے کے لئے نکلا گھر نا لوٹا 29 مارچ کی صبح اس کی لاش کوڑے کے ڈھیر سے ملی، اہل علاقہ کا کہرام برپا تھا، بچے کی لاش کو اس کے والد حق نواز لے کر گئے بعد میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال خان پور میں پوسٹ مارٹم کیا گیا، پولیس کیمطابق زیادتی کے بعد گلے میں تار ڈال کر معصوم بچے کو قتل کیا گیا، پولیس نے قاتل ملزم شعیب ولد خالد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، لیکن کیا واقعی یہی شخص مجرم ہے یہ بات تفتیش کے بعد سامنے آئے گی۔

بات قاتل کو پکڑنے کی نہیں بات تو ایسے حالات کو روکنے کی ہے، انسانی حقوق کی وزیر اور دیگر حکومتی ادارے پاکستان کے ان نونہالوں اور معصوموں کو تحفظ فراہم کرنے میں کب ایسے اقدامات اٹھائیں گے، اور کتنی ماؤں کی گود اجڑنے کا انتظار کیا جا رہا ہے؟ عالمی طور پر بھی پاکستان کی بدنامی سے بچنے اور ملکی سطح پر ایسے حالات پر پردہ ڈال کر ان قاتلوں شہ دینے کے متراد ف ہے

وقار حیدر

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وقار حیدر

وقارحیدر سما نیوز، اسلام آباد میں اسائمنٹ ایڈیٹر کے فرائض ادا کر رہے ہیں

waqar-haider has 57 posts and counting.See all posts by waqar-haider