آئس کا نشہ کر رکھا تھا، کچھ معلوم نہیں، بیوی کے ساتھ کیا کیا؟


کاہنہ (لاہور) کے علاقے ڈیفنس رہبر میں دوستوں کے سامنے مبینہ رقص سے انکار پر بیوی پر تشدد کرنے اور اس کےسر کے بال مونڈنے کے الزام میں ساتھی سمیت گرفتار ہونے والے خاتون کے شوہر فیصل نے پولیس حراست میں انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقوعہ کی رات بیوی اسما اور میں آئس نشہ میں تھے، پتہ نہیں کیا ہوا۔

دوسری طرف خاتون اسما کا کہنا ہے کیس خراب کرنے کے لئے فیصل جھوٹ بول رہا ہے۔ اس کے دوست نازیبا حرکات کرتے تھے۔ منع کرنے پر تشدد شروع کر دیا۔

دونوں نے پہلی شادیاں ختم کر کے آپس میں شادی کی تھی۔ پولیس نے دونوں گرفتار ملزمان فیصل اور اس کے ملازم راشد کو مقامی عدالت میں پیش کر دیا۔ عدالت نے ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ مقدمہ میں اعلیٰ افسران کے حکم پر مزید تین دفعات 354،  355 اور 506 B  کا اضافہ کر دیا گیا۔

لاہور پولیس کے مطابق ملزم کے قبضہ سے استرا، برش اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے جس ڈانس پارٹی میں دونوں میاں بیوی کی ملاقات ہوئی اس پارٹی میں بھی ان دونوں نے مبینہ طور پر خوب نشہ کر رکھا تھا۔ بعد ازاں فیصل گاہے بگاہے بیوی اسما کو نشہ لا کر دیتا رہا۔ ملزم فیصل نے پولیس حراست میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس رات دونوں نشے میں تھے۔ اس وجہ سے معلوم نہیں کہ کب اسما پر تشدد کیا، بال کاٹے، نشے میں اسماء کو بھی نہیں معلوم ہوا کہ وہ کیا بول رہی ہے،اسے کبھی کسی کے سامنے ڈانس کرنے کے لئے مجبور نہیں کیا، ہمارے شادی کے بعد سے اختلافات پیدا ہونے شروع ہوگئے تھے۔ تاہم میں نے اس کے کہنے پر اپنی پہلی بیوی کو طلاق دی۔

جبکہ متاثرہ خاتون اسماء عزیز نے کہا ہے میں نے کسی قسم کا کوئی نشہ نہیں کیا ہوا تھا۔ ملزم شوہر کیس کو خراب کرنے کے لئے جھوٹ بول رہا ہے۔ دراصل میں نے اس سے محبت کی شادی کی لیکن وہ میری عزت کو اپنے دوستوں کے سامنے نیلام کرتا تھا۔ جب میں نے مزید اس کا کہنا ماننے سے انکار کیا تو آپے سے باہر ہوکر مجھ پر تشدد کیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسماء عزیز کی 2016 میں فیصل کے ساتھ ملاقات ایک ڈانس پارٹی میں ہوئی جو محبت میں بدل گئی۔  اس سے قبل اسماء عزیز ایک شوہر سے طلاق لے چکی تھی اور دوسرے شوہر کے ساتھ اس کے حالات کشیدہ تھے جبکہ میاں فیصل کے اپنی بیوی سے تعلقات درمیانی نوعیت کے تھے جس پر دونوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے پہلے ازدواجی تعلقات ختم کرکے نئی زندگی کا آغاز کرتے ہیں۔ جس پر اسماءعزیز نے تیسری اور فیصل نے دوسری شادی کی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسما عزیز کے پہلے شوہر سے 2 بچے ہیں جن میں 18 سالہ بیٹا انس اور 16 سالہ بیٹی نمل شامل ہیں اور اسماء کی اپنی عمر 40 سال سے 42 سال ہے۔ اس کی پہلی شادی 18 سال کی عمر میں ہوئی تھی جو کچھ سال ہی چل سکی تھی جس کے بعد اس نے ڈیفنس کے رہائشی ایک شخص سے دوسری شادی کی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).