نیا پاکستان والے کہیں کرنسی سے قائداعظم کی تصویر نہ نکال دیں: خورشید شاہ


پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کہتے ہیں کہ انہیں ڈر ہے کہ نیا پاکستان والےکرنسی سےقائداعظم کی تصویر نہ نکال دیں۔ سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سابق وزیراعظم کا نام بے نظیرب ھٹو انکم سپورٹ فنڈ سے نکالنا چاہتے ہیں تو نکال دیں لیکن اس پر آپ کو شرم آنی چاہیے۔

رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ’محترمہ بینظیر بھٹو نے پیپلز پارٹی کے لیے نہیں ملک کے لیے قربانی دی، عمران خان تم بے نظیر کا نام ہٹانا چاہتے ہو مگر لوگوں کے دلوں سے کیسے نام ہٹاؤ گے، جو تاریخ خون سے لکھی جائے اس کا نام پانی سے نہیں مٹایا جا سکتا۔‘

خورشید شاہ نے وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کی اور مزید کہا کہ ڈر ہےکہ نئے پاکستان والے کہیں کرنسی سے قائداعظم کی تصویر نہ نکال دیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگر آپ ڈکٹیٹر بننا چاہتے ہیں توصدام حسین کی طرح وردی پہن کر صدر بن جائیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کہتی ہے آؤ بات کرو مہنگائی ہے، لوڈشیڈنگ ہے اور عمران خان کہتے ہیں میں نہیں کروں گا، غلط پالیسیوں کےباعث مہنگائی کا عذاب ہمارے گلے میں ہے، حکومت بتائے 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ایک لاکھ 70 ہزار خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا۔

خورشید شاہ نے دعویٰ کیا کہ 2008 سے 2013 تک ماڈل اور بہترین حکومت تھی، اعداد و شمار کے ساتھ بات کرتا ہوں، کوئی مائی کا لعل آئے چیلنج کرے، میں جواب دوں گا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹم بم بنا کر سرحدوں کی حفاظت کا اعلان کیا اور شہید بے نظیر بھٹو نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی، کوئی دشمن ملک پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

Facebook Comments HS