عورت کے لئے کیسا مرد فخر کا باعث ہوتا ہے


”پاکیزہ اور وفادار عورت مرد کا غرور ہوتی ہے“۔ اپنے ایک میل کولیگ کا یہ اسٹیٹس دیکھا تو پہلا سوال یہی ذہن میں آیا جو اسٹیٹس پر کومنٹ کی صورت میں بھیج دیا۔ کہ عورت کہ لیے کیسا مرد فخر کا باعث ہوتا ہے؟ موصوف کا کہنا تھا کہ یہ تو عورت ہی بتا سکتی ہے نا، میں نے لکھ بھیجا یعنی مرد نے ویسا ہونا تو دور کی بات کبھی یہ سوچنا بھی گوارا نہیں کیا کہ ایک عورت کو کیسا مرد پسند ہوتا ہے اور اسے کیسا ہونا چاہیے۔

بہت سی باتیں اور تھی جو کہنا تھیں نہیں کہی اور اب یہاں درج کر رہی ہوں عورت بھی چاہتی ہے کہ اس کے مرد کا کردار، حلیہ، صحت سب ایسا ہو کہ وہ اس پر رشک کرے، عورت بھی اپنے لیے ایسا ہی مرد چاہتی ہے جو پاک باز ہو، وفادار ہو اس کے ساتھ دھوکہ نا کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام عورتوں کی عزت کرے۔ معاشرے میں مرد کے لئے اصول و ضوابط کی اتنی سختیاں نہیں رکھی گیٔں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ جو چاہے کرے اس سے عورت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا؟

نہیں نہیں ایسا بالکل نہیں، آپ کی تمام حرکتیں جو آپ اس ڈر سے اپنی عورتوں سے چھپ کر کرتے ہیں کہ وہ روٹھ کر پ میکے نا چلی جائیں یا گھر میں بد مزگی پیدا نا ہو اگر آپ یہ سوچ لیں کی جذباتی طور پر اسے آپ کے کسی ایسے عمل سے کتنی ٹھیس پہنچے گی تو آپ کبھی اسے دھوکہ دینے کا سوچیں بھی نہیں لیکن آپ کو تو بس گھر میں ایسی عورت چاہیٔے جس نے وفاداری کا چولا پہنا ہوا ہو اور آپ اس کی اور اس کے بچوں کی ضرورتوں کا کشکول بھرتے رہیں۔ جب کبھی آپ کے پوشیدہ کارنامے منظر عام پر آنے لگیں تو وہ بالکل کسی درویش کی صورت آپ کے تمام نیک و بد اعمال سے کوئی غرض نا ہونے کا راگ الاپتی اپنی ہی مستی میں گھم ہو جائے۔ کہا جاتا ہے نا میاں بیوی گاڑی کے دو پہییٔے ہوتے ہیں تو ذرا سوچییٔے اگر سارا بوجھ ایک ہی پہیے پر ڈال دیا جائے تو وہ کتنی دیر تک چل پائے گا؟ یقیناً اضافی بوچھ برداشت کرتا کرتا تھک جائے گا او ر ٹوٹ کر کہیں گر جائے گا۔

عورت کا ماضی آپ کے لیے اہمیت رکھتا ہے تو سنیے صاحب! آپ اپنی عاشقی معشوقی کے جو قصے کارناموں کی صورت میں عورت کو سناتے ہیں اس سے اسے بھی فرق پڑتا ہے۔ آپ کے لئے یہ بتانا بڑا خوشگوار اور قابل فخر ہو سکتا ہے کہ آپ نے اتنی لڑکیاں سیٹ کیں لیکن اس کے لیے یہ جاننا اتنا ہی مشکل ہو سکتا ہے کہ اس کا مرد ایسے مزاج کا مالک ہے جس کے لیے عورت صرف دل لگی کا سامان ہے اور کچھ نہیں، انہی خدشات میں اس کے لئے آپ کی محبت اور دل لگی میں فرق کرنا مشکل ہو جائے گا کہ آیا وہ بھی آپ کے لئے دل لگی کا سامان اور ایک ضرورت ہے یا سچ میں کچھ اہمیت رکھتی ہے۔

ایسا نہیں ہے کہ مرد اپنے لئے اپنی پسند کے مطابق عورت کا انتخاب نا کرے بلکہ ایسے مرد جنہوں نے عورتوں کے لئے اپنی پسند نا پسند کا ایک خاص معیار سیٹ کر رکھا ہے وہ خود کو بھی اسی پیمانے سے جانچیں جس سے عورت کو جانچ رہے ہیں کیا وہ اس پر پورا اترتے ہیں؟

بد قسمتی سے ہم ایک ایسے معاشرے کا حصہ ہیں جہاں کوئی بھی رشتہ جوڑتے ہوئے لڑکی کی سات پشتیں کنگالی جاتی ہیں، شرافت، سگھڑ پن، تہذیب و تمدن، حسن تعلیم سے لے کر کئی اور ایسی چیزیں بھی اہمیت رکھتی ہیں جو اس کے اپنے بس میں بھی نہیں ہوتیں جبکہ لڑکے کی نوکری ہے گھر ہے چلیں جی بھاگ جاگ گئے لڑکی کے، لڑکا کما کر دو وقت کی روٹی اپنی چھت تلے مہیا کرے گا اور کیا چاہیٔے لڑکی کو؟ لڑکے کا مزاج، اس کا کردار، اس کی سوچ ”اس کی صحبت، اس کا ماضی یہ سب سوال اس کے لئے کیوں نہیں اٹھائے جاتے؟ یہی سوال اگر اٹھائے جائیں تو کم سے کم ایک مرد یہ سوچنے کے قابل ضرور ہو جائے گا کہ ایک عورت کو کیسا مرد پسند ہوتا ہے یا اس کے لیے کیسا مرد بہترین تصور کیا جاتاہے۔

تمام ماؤں سے بھی گزارش ہے کہ جس طرح وہ اپنی بیٹیوں کی تربیت کرتی ہیں اور انہیں سمجھاتی ہیں کہ مرد کو کیا چیز پسند نا پسند ہوتی ہے کیا چیزیں اچھا مرد ملنے میں رکاوٹ کا باعث بن سکتی ہیں اسی طرح بیٹوں کی بھی ماں ہونے کے ناطے ناصرف اچھی تربیت کریں بلکہ بحثیت ایک عورت کے انہیں یہ بھی بتائیں کہ عورت کے لئے کیسا مرد فخر کا باعث ہوتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).