بلوچستان میں ایک ہی دن میں دوسرا دھماکہ: ایک شخص شہید


بلوچستان میں ایک ہی دن میں دوسرا دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص کے جاں بحق اور 7 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دوسرا دھماکہ چمن کے علاقے مال روڈ پر ہوا جبکہ اس سے قبل کوئٹہ میں ہزار گنجی کے قریب فروٹ منڈی میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 بچو ں سمیت 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے تھے۔ دونوں دھماکوں کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق جبکہ 55 زخمی ہو گئے۔

تفصیل کے مطابق چمن کے علاقے مال روڈ کے فلسطین چوک پر موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوئے ۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آوازیں دور دور تک سنیں گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کر کے ایمبیولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر شفقت انور کے مطابق چمن کے مال روڈ پر موٹر سائیکل میں نصف دھماکا خیز مواد پھٹ گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موٹر سائیکل میں 8 سے 10 کلو دھماکہ خیز موادنصب تھا، دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ2 ایف سی اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ 3 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔ دھماکے سے متعدد گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).