سب قصور ہزاروں کا ہے!


جلیلہ حیدر کے یہ الفاظ میرے کانوں میں گونج رہے تھے کہ کوئٹہ میں اتنے بکرے ذبح نہیں ہوئے جتنے ہزارہ قتل ہوئے۔۔۔ اور کتنے؟ کب کب اور کس کس وقت؟ اب تو ہزارہ قبرستان میں جگہ بھی نہیں بچی۔

ریاست کے جسم میں دل نہیں ہے کہ وہ ان بے کسوں کا درد محسوس کر سکے، ریاست کی آنکھیں نہیں ہیں کہ وہ بند آنکھوں سے ہی سہی مگر نم ہو سکیں، ریاست کے کان کہاں ہیں جو ان کی چیخیں سُن سکیں۔

ریاست ماں کے جیسی ہے تو اُن کے درد پر انھیں آغوش میں کیوں نہیں لیتی، ان کی تکلیف پر دلاسہ کیوں نہیں دیتی، زخم پر مرہم کیوں نہیں رکھتی، ان کے بچوں کے ذبح ہونے پر سوگ کیوں نہیں مناتی اور کچھ نہیں کر سکتی تو شرمسار کیوں نہیں ہوتی۔

ریاست احساس کے بگل بجائے، محبت کے گانے گائے اور شفقت کے نغمے سنائے۔۔۔ یہ کیونکر ممکن نہیں؟

سب قصور ہزاروں کا ہے، وہ یہاں ہوں یا افغانستان میں، یہ ہیں ہی اسی قابل، کسی کو حق حکمرانی کا احساس دلانا ہو، کسی کو قومی اثاثوں کا پیغام پہنچانا ہو، کسی کونسل کی بنیاد پر نشانہ بنانا ہو، حکومت کی رٹ کا مذاق اڑانا ہو، انسانی حقوق کیا ہیں۔۔ چٹکی بھر میں کچھ نہیں کا اشارہ دینا ہو یا فرقے کی بنیاد پر تفریق دکھانا ہوں تو ہزارہ حاضر۔۔۔ مار دیجیے۔۔۔ پیغام بھی پہنچ جائے گا اور کسی کا کچھ رائیگاں بھی نہیں۔۔۔۔

میں کیسے مان لوں کہ روہنگیا مسلمانوں کے غم میں آنسو بہانے والے، فلسطین کی مدد کرنے والے اور کشمیری مسلمانوں پر جاری ظلم اور ستم کے خلاف آواز اٹھانے والے۔۔۔ ہزاروں کے لیے کچھ بھی نہیں سوچتے۔ کوئی آواز، کوئی احتجاج، کوئی سوال نہیں اُٹھاتے۔

ہزارہ

ابھی کل ہی نیوزی لینڈ کی مسجد میں شہید ہونے والوں کے لیے کتنا اہتمام کیا گیا، ہمارے وزیراعظم نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو فون کال کر کے پاکستانیوں کے جذبات پہنچائے، اُن کی اعلیٰ کاوشوں پر اظہار تشکر کیا، شہداء کے لواحقین کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا۔۔۔

جناب وزیراعظم۔۔!! یہ کوئٹہ کے ایک علاقے میں محصور ہزارے تو آپ کے اپنے شہری ہیں، آپ اُن کے منتخب وزیراعظم ہیں، ان میں سے کتنوں نے ہی تبدیلی کو ووٹ دیتے ہوئے یہ ضرور سوچا ہو گا کہ اب ان کا قتل عام رُک جائے گا، ان کو چہرے چھپا کر کوئٹہ شہر میں نکلنے کا سلسلہ بند ہو جائے گا، ان کے بچے شہر کے ہر سکول میں داخلہ حاصل کر سکیں گے، ان کے مرد دن کے وقت بھی شہر میں نکلتے ہوئے منہ نہیں ڈھانپیں گے، ان کی کسی جلیلہ حیدر کو آرمی چیف سے یقین دہانیاں نہیں لینا پڑیں گی، ان کو دھرنے اور بھوک ہڑتالیں نہیں کرنا پڑیں گی، انہیں اپنے فرقے، روایت اور اقدار کے مطابق جینے کا حق ہو گا، انہیں کسی سٹریٹجک ہتھیار کے طور استعمال نہیں کیا جائے گا۔

جناب وزیراعظم کچھ نہ سہی۔۔۔ کچھ بھی نہ سہی آپ دلاسہ تو دے سکتے ہیں ناں، ان مظلوم لوگوں کو انصاف نہ سہی آنسو تو پونچھ سکتے ہیں۔۔۔ تحفظ نہیں تسلی تو دے سکتے ہیں یا اس کے لیے بھی کسی اجازت کی ضرورت ہے؟

اتنے سمجھ دار تو ہزارے ہیں کہ آپ کی مجبوریوں کو سمجھ لیں۔۔۔

ہزارہ


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp