گرفتارِ غم و درد و جنونم
شکر ہے میں ہزارہ نہیں جو ہردو چار ماہ بعد بے موت مارے جاتے ہیں اور پھر اپنے پیاروں کے جنازے بیچ چوراہوں پر رکھ کر سینہ کوبی اور ماتم کرتے ہیں۔ نومولودوں کو یخ بستہ سردی میں لے کر اس قوم کی نفسیات سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں جس کا کوئی وجود ہی نہیں۔ شہرت کا بھوکا میڈیا مسلسل بھونکتا ہے اور ایک ہڈی ملتے ہی چوں چوں کرتا خاموشی کے ساتھ کسی بل میں دبک کر اپنا پیٹ سہلانے لگتا ہے۔ کوئی وزیر مشیر آتا ہے، مذاکرات ہوتے ہیں، چند وعدوں اور یقین دہانیوں کے بعد ریاست کے خلاف نعرے لگاتے مرد وزن اچھے بچے بن کر اپنے اپنے ویران اور اجڑے گھروں کے کونے کھدروں میں سسکتے بلکتے ادھ موئے خواب اوڑھے سوجاتے ہیں۔
اب بھی ایسا ہی ہوا، حسب روایت بے دریغ قتال، غارت گری کے بعد احتجاج، دھرنا اور پھر کامیاب مذاکرات کے بعد مجمع پرامن منتشر۔
شکر ہے میں ہزارہ نہیں۔ مجھے یقین ہے کہ دوچار ماہ بعد پھر ایسی ہی یا شاید اس سے بھی زیادہ سنگین دہشتگردی ہوگی، شاید جنازے بھی اس سے زیادہ اٹھیں، مظاہرین بھی زیادہ ہوں، مطالبات شدید ہوں، غم وغصہ بہت زیادہ، شور و غوغا اور بالآخر مذاکرات اور مسئلہ حل۔ لیکن یہ مسئلہ مستقل حل کیوں نہیں ہوتا۔ یہ اگر ریاست کے محب وطن شہری ہیں تو انہیں ان کا حق کیوں نہیں ملتا اور اگر باغی ہیں تو نشان عبرت بناکر نیست و نابود کیوں نہیں کردیا جاتا۔ یہ سوال ہے جس کا جواب ہے منافقت، منافقت اور منافقت۔
وہی منافقت جو اپنی نرم و گداز سیج پر محو خواب ہے۔ خوابیدہ وجود مچھر کے کاٹنے پر ذرا دیر کو آنکھیں کھولتا ہے اور پھر خواب گراں باراسے اپنی آغوش میں جکڑ لیتا ہے۔ جو کوئی ایسے خوابیدہ انسان کوبیدار کر نے کی کوشش کرتا ہے اس سے کہا جاتا ہے کس قدر بے ادب اور گستاخ ہے جو خود سوتا ہے نہ دوسروں کو سونے دیتا ہے۔ یہ کافر و ملحد ہے جو معصوم ذہنوں میں مسموم افکار کی تخم ریزی کرتا اور تہذیب کی بنیادیں ڈھانے میں مصروف ہے۔
شکرہے میں ہزارہ نہیں جن کے بچے جوان اور بوڑھے مارے گئے اور جن کی عورتیں ہزاروں کی تعداد میں بیوہ ہیں۔ جو صاحب حیثیت تھے، نقل مکانی کرگئے اور جو غریب ہے وہ اور اس کی نسل عقوبت حانوں میں زندگیاں گزارنے پر مجبور۔ ریاست کہتی ہے کہ اس سے زیادہ سیکورٹی کیا فراہم کی جائے کہ یہ سبزی لینے بھی سرکاری حفاظت میں جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ مرنے سے پہلے تک یہ سب کے سب جائے امان میں تھے۔
شکر ہے میں ہزارہ نہیں کہ جن کے عزیز موت کی آغوش میں سو گئے اوروہ اسیر حیات اپنی تنہائی میں ان کی موت پر اشک بار ہیں کہ ان کے پیارے مرگئے اور ان کی زندگیاں درد و کرب کا ایک باب بن کر رہ گئیں۔ جن کے عزیز اور دوست لحد میں سوگئے اور ان کے کوچہ و بازار خون اور اشکوں میں نہاگئے۔ ہزاروں فاقوں سے مرگئے اور ان میں سے جو کوئی بھوک سے نہیں مرا، اسے تلوار سے کاٹ دیا یا بندوق کی نال سے۔
شکر ہے میں ہزارہ نہیں۔ یہ وہ المیہ ہے جو میرے ذہن کے اسٹیج پر کھیلا جا رہا ہے۔ اگر میں ان کے ساتھ ہوتا تو بھھوکا مرجاتا یا مظلوم بن کر ظلم و ستم برداشت کرتا اور ان بے گناہوں کے ساتھ بے گناہ مرجاتا۔ بلکہ ان سے دور ایک ایسی سرزمین پر ان لوگوں کے درمیان ہوں جو مسرت و شادمانی کی تصویر ہیں۔ پرتکلف غذائیں کھاتے اور بہترین مشروب پیتے ہیں جو شاندار سیجوں پر سکھ کی نیند سوتے ہیں اور جو نشاط وقت بسے کھیلتے اور وقت ان سے کھیلتا ہے۔
شکر ہے میں ہزارہ نہیں کہ جو بحیثیت قوم موت کے جلو میں شہادت کے عزو افتخار کی طرف جارہی ہے۔ یہی وہ درد انگیز المیہ ہے جس نے میری زبان پر قفل ڈال دیے، میرے ہاتھوں کو جکڑ دیا اور لوگ مجھ سے کہتے ہیں کہ تیرے وطن کی بربادی دنیا کی بربادی کے ایک جزو کے سوا کیا ہے اور تیرے ملک میں بہنے والا خون اور آنسو کیاہیں، سوائے اس دریائے اشک وخون کے چند قطروں کے جو دنیا کی وادیوں میں شب و روز موجیں مارتا رہتا ہے۔
شکر ہے میں ہزارہ نہیں جو یہ سچ کہتیمارے جاتے ہیں کہ میرے ملک کی بربادی خاموش بربادی ہے۔ میرے ملک کی بربادی وہ گناہ ہے جس کیی نتیجے میں سانپ اور اژدہے جنم لیتے ہیں، میرے ملک کی بربادی وہ المیہ تمثیل ہے جس میں نغمہ ہے نہ منظر۔ اگر میری قوم ستم شعار حاکموں کے خلاف بھڑک اٹھتی اور سرکشی کے جرم میں ماری جاتی تو میں کہتا کہ آزادی کی راہ میں جان دینا غلامی کے سائے میں جینے سے بہتر ہے اور جو کوئی شمشیر بدست ابدیت سے گلے ملتا ہے وہ حق کے ساتھ غیر فانی ہوجاتا ہے۔
شکر ہے میں ہزارہ نہیں جو صلیب پر چڑھنے کے بجائے اپنے ہی گھروں کی دہلیز پر اس حالت میں مارے گئے کہ ان کے ہاتھ دائیں بائیں پھیلیتھے اور ان کی آنکھیں قضا کو تک رہی تھیں۔ وہ مہر بہ لب مارے گئے کہ اپنے دشمنوں سے بزدلوں کی طرح محبت اور اپنے چاہنے والوں سے منکروں کی طرح نفرت نہ کرسکے۔ وہ اس لئے مارے گئے کہ وہ گناہ گار نہ تھے بلکہ وہ اس لئے مارے گئے کہ انہوں نے ظالموں پر ظلم نہمیں کیا اور وہ بلا کے صلح پسند تھے۔ وہ اس زمین پربدقسمتی سے بھوکے مارے گئے جس میں دودھ اور شہد کی نہریں بہنے ہی والی تھیں۔ وہ اس لئے مارے گئے کہ پشتینی سانپوں نے اس فضا کو اپنی پھنکاروں سے مسموم کردیا جو یاسمین، گلاب اور صنوبر کی خوشبو سے معطر تھی۔
شکر ہے میں ہزارہ نہیں لیکن اس کے باوجود نقش ایام میرے سینے پر بوجھل اور راتین میری آنکھروں پر تاریک ہیں۔ میرا دل شادمانی کے باوجود مغموم ہے اور کہتا ہے، کاش تو رنج و غم میں اپنے عزیزوں کا ساتھ دیتا اور ایک ایسی تسکین حاصل کرتا جو جذبہ شہادت ہی سے پیدا ہوتی ہے اور پھر اپنے آپ پر فخر کرتا کہ بے گناہوں کے ساتھ بے گناہ مارا گیا۔
لیکن میں کیا کروں کہ اپنے شب و روز اطمینان کے سائے اور سلامتی کے گوشے میں بسر کررہا ہوں، جہاں میں مصیبت اور مصیبت زدوں سے دور ہوں اور اپنی کسی شے پر فخرنہیں کرسکتا حتیٰ کہ اپنے اشکوں پر بھی نہیں۔ میں رونا چاہتا ہوں، اپنی بے بسی اور بے حسی پر، ماتم کرتا چاہتا ہوں ان فرسودہ عقائد اور اندھی عصبیت کا۔ نوحہ خوانی کرنا چاہتا ہوں اپنے محبوب وطن کی اس حالت پر جس کے ہونٹوں پر مسرت کے گیت نہیں، خوف بھری چیخیں ہیں۔
بے شک لاش کے سامنے دھمال ڈالنا دیوانگی سے کم نہیں۔ یہی صداقت ہے اور میں اس کے اظہاسے محروم اور یقینناً اسی کو منافقت کہتے ہیں۔ یہی انسانی زندگیوں کا وہ المیہ ہے جو زمانہ کے اسٹیج پر کھیلا جارہا ہے۔ دنیا کی تفریحات سے جی بہلانے والے تو بہت ہیں لیکن اس کی الم انگیزیوں اور غم آفرینیوں پر غور و فکر کرنے والے کمِ، بہت ہی کم کہ حال کی دیواروں کے پیچھے مستقبل کے اسٹیج پر جمال دولہا ہے، روح اس کی دلہن اور زندگی اپنے تمام متعلقات کے ساتھ ان کی شب زفاف۔
آؤ، آنکھ مچولی کھیلیں اور ایک دوسرے کو تلاش کریں کہ حقیقت کا تجزیہ نہیں کیا جاسکتا۔
شکر ہے میں ہزارہ نہیں ورنہ ہزار گنجی کی اجڑی اور ویران گلیوں میں حواس باختہ گاتا پھرتا۔
گرفتارِ غم و درد و جنونم
ہزارہ در بلوچستان خونم
میں غم و درد و جنون میں مبتلا ہوں
بلوچستان میں ہزارہ خون میں لت پت ہیں۔


