بہاول پور میں گینگ ریپ کی شکایت درج کروانے والی خاتون کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی جنسی زیادتی


احمد پور شرقیہ (بہاولپور) میں ایک خاتون کو اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس پر وہ رپورٹ درج کرانے پولیس کے پاس گئی تو پولیس اہلکاروں نے بھی اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ روزنامہ ڈان کے مطابق اس خاتون کا تعلق اُچ شریف کے محلہ اُچ گیلانی سے ہے جس نے آرپی او اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی کھلی کچہری میں جا کر احمد پور شرقیہ کے صدر پولیس سٹیشن کے ایک اے ایس آئی پر الزام لگایا کہ اس نے ایک اور پولیس اہلکار کے ساتھ مل کر اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔

خاتون نے بتایا کہ اس نے تھانے میں اجتماعی زیادتی کی رپورٹ درج کروائی تھی اور اس کے کیس کی انویسٹی گیشن مذکورہ اے ایس آئی کو دی گئی تھی۔ اس نے انویسٹی گیشن کے بہانے تھانے کے قریب واقع ایک رہائشی کوارٹر میں بلایا اور ایک ساتھی کے ساتھ مل کر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ خاتون کی شکایت پر پولیس افسران نے اے ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ بتایا گیا ہے کہ اے ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم تاحال اسے گرفتار نہیں کیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).