نئے وزیرِ خزانہ کو بھی معاشی چیلنجز کا سامنا ہو گا: اسد عمر


پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنی وزارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے اپنے دور میں ملکی معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کیے اور ان کی جگہ لینے والے وزیرِ خزانہ کو بھی معاشی چیلنجز کا سامنا رہے گا۔

اسد عمر نے جمعرات کو پہلے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے بیان میں کہا کہ وہ اپنی وزارت سے الگ ہو رہے ہیں اور پھر ایک پریس کانفرنس میں اپنے اعلان کی وجوہات بیان کیں۔
اسد عمر نے اپنے پیغام میں کہا ’وزیرِ اعظم کابینہ میں رد و بدل کے نتیجے میں چاہتے ہیں کہ میں وزارت خزانہ کی جگہ توانائی کا قلمدان سنبھال لوں۔ لیکن میں نے ان کی مرضی سے فیصلہ کیا ہے کہ میں کابینہ میں کوئی بھی عہدہ نہیں لوں گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’مجھے یقین ہے کہ عمران خان پاکستان کی واحد امید ہیں اور انشااللہ نیا پاکستان ضرور بنے گا۔‘

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے دور میں معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کیے اور نئے وزیر خزانہ کو بھی معاشی چیلنجر کا سامنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت کے قیام کے وقت جہاں پاکستانی معیشت تھی وہ بدترین صورتحال تھی جس سے باہر نکلنے کے لیے فیصلے کیے گئے تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اس کا مطلب یہ نہیں کہ اب معیشت بہتر ہو گئی ہے۔‘

اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں معیشت کی بنیادی چیزوں کو جب تک ٹھیک نہیں کیا جائے گا مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انھوں نے واضح کیا کہ وہ پی ٹی آئی نہیں چھوڑ رہے اور عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ جو بھی نیا وزیرِ خزانہ آئے گا تو اسے مشکل حالات دیکھنے کو ملیں گے۔ ’نیا وزیرِ خزانہ جو بھی آئے گا، ایک مشکل معیشت کو سنبھالے گا۔‘

سبکدوش ہونے والے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو کچھ مشکل فیصلوں اور پاکستانیوں کو صبر کی ضرورت ہے۔

’اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ ہم بہتری کی جانب جا رہے ہیں، لیکن ہمیں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ جو بھی آئے، فیصلے جو کرے اس کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے اور یہ نہ ان سے کوئی امید رکھے کہ معجزے ہوں گے اور اگلے تین مہینے کے اندر دودھ اور شہد کی ندیاں بہیں گی‘۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے وزیرِ خزانہ کا عہدہ پاکستان کی بہتری کے لیے قبول کیا تھا اور اگر کوئی ان کے خلاف سازشیں کر رہا تھا تو اس سے انھیں فرق نہیں پڑتا۔

اسد عمر نے کہا کہ آئی ایم ایف سے اچھی شرائط پر معاہدہ ہو رہا ہے اور آنے والا بجٹ آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے کے تناظر میں بنے گا اور یہ بجٹ مشکل بھی ہو گا۔

خیال رہے کہ اسد عمر حال ہی میں امریکہ کے دورے کے بعد وطن واپس آئے تھے اور ان کی جانب سے وزارتِ خزانہ چھوڑنے کا اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب پاکستان آئی ایم ایف کے حکام سے بیل آؤٹ پیکیج کے لیے مذاکرات کر رہا ہے۔

اسد عمر سمیت چند دیگر وزرا کی وزارتیں تبدیل کرنے کے بارے میں چند روز سے پاکستانی میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم وفاقی حکومت نے ان خبروں کو کئی بار مسترد کیا تھا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اسد عمر کی جانب سے وزارت چھوڑنے کے بعد وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب وزیر خزانہ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

اس کے علاوہ سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو مشیر خزانہ بنائے جانے کا بھی امکان ہے۔ شوکت ترین پاکستان پیپلزپارٹی کے دور میں وزیر خزانہ رہے ہیں۔

اقتصادی امور پر نظر رکھنے والے صحافی مشتاق گھمن کا کہنا تھا کہ اس موقع پر اسد عمر کا وزارت سے الگ ہونا خود حکومت کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے جب عالمی مالیاتی ادارے یعنی آئی ایم ایف سے پیکیج حاصل کرنے کے لیے مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے تھے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے وفد کی پاکستان میں اگلے ہفتے آمد متوقع ہے۔


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp