ہفتے میں ایک دن مجھے ٹاک شو میں بلایا کریں، ریٹائرڈ فوجیوں کا موقف ہمارا نہیں: میجر جنرل آصف غفور


ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نےجیو کے اینکر حامد میر اور دیگر اینکرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سات دن چینلز پر ٹاک شو کرتے ہیں، سات دن میں سے ایک دن مجھے دیا کریں اور میرے ساتھ ڈیفنس ،معاشیات ،تعلیم اور دیگر شعبوں کےماہرین کو بلایا کریں۔

انہوں نے کہا کہ آپ ٹاک شو میں معیشت پر بات کرتے ہیں تو اس کا حل بھی نکال لیا کریں۔ ریٹائرڈ فوجیوں کو ٹاک شو میں بلانے کے لئے پہلے اجازت لینا ہو گی کیونکہ ریٹائرڈ فوجیوں کے حوالے سے یہ سمجھا جاتا ہے کہ جو یہ بات کر رہے ہیں وہی فوج کا موقف ہے جبکہ ایسی بات نہیں۔ فوج نے کسی کو مقرر نہیں کیا کہ وہ فوج کا موقف پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ریٹائرڈ فوجی دفاعی شعبے کے ماہر بھی نہیں ہوتے مگر انہیں بلا لیا جاتا ہے۔

آصف غفور نے کہا ہم نے پی ٹی ایم کے حوالے سے بہت سے باتیں بتائی ہیں ابھی تو یہ دس فیصد ہیں آپ لوگوں کو ان باتوں کو ہائی لائٹ کرنا چاہیے تاکہ ان کے بارے میں غیر ملکی میڈیا اور مختلف ممالک آگاہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں پر کھڑا ہوں مگر میری بھی کچھ حدود ہیں، انہوں نے سیاسی سوالات کے جوابات دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں حصہ لینا ہمارا کام نہیں۔ جنرل آصف غفورنے کراس ٹاکنگ اور بغیر اجازت سوال کرنے پر ایک صحافی کو ڈانٹ دیا، مگر پریس کانفرنس کے آخر میں معذرت کر لی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).