پیر افضل قادری نے تحریک لبیک سے سبکدوشی کا اعلان کردیا


تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی رہنما پیر افضل قادری نے اپنے ویڈیو بیان میں حکومت، عدلیہ اور فوج سے معافی مانگتے ہوئے، تحریک لبیک کی ذمے داریوں سے سبکدوشی کا اعلان کر دیا ہے۔

پیر افضل قادری کی ایک تازہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں پیر افضل قادری کہتے ہیں کہ میں حکومت، عدلیہ اور چیف آف آرمی سٹاف کی دل آزاری پر انتہائی معذرت خواہ ہوں اور انشاءاللہ العزیز تحریک لبیک کے ذمہ داران صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے اور قیادت کی بھاری ذمے داریوں کا احساس کرتے ہوئے معاملات بہتر کریں گے اورمعاشرے کی اصلاح کے لئے  کردار ادا کریں گے ۔

ان کا کہنا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان کے آئین و قانون اور تمام اداروں کا احترام کیا جائے گا، وطن عزیز پاکستان کی فلاح، سلامتی، امن و امان کے لئے  اوربد امنی کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کریں گے، پاکستان کے تحفظ کے لئے  پاک فوج کے شانہ بشانہ رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اپنا نکتہ نظر قر آن و سنت اور آئین وقانون کی روشنی میں مناسب انداز میں بیان کیا جائے گا۔ جلاﺅ گھیراﺅ اور عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی قطعا اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہشت گردی، قتل وغارت، فتنہ فساد اور فرقہ وارانہ مسلح کارروائیوں کی حوصلہ شکنی کریں گے ۔

پیر افضل قادری نے کارکنوں کوہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکن اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کریں، پر امن رہیں اور ملکی سلامتی کے خلاف تمام امور سے اجتناب کریں۔ کوئی کارکن غیر اسلامی و غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوا تو تحریک ڈسپلن کے تحت تادیبی کارروائی اور لاتعلقی اختیار کی جائے گی۔

ویڈیو کے آخر میں پیر افضل قادری اپنی تحریکی جدوجہد سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ میں اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ علالت کے باعث گزشتہ سال ریٹائر منٹ کا فیصلہ کر لیا تھا اور احباب کو بھی مطلع کر دیا تھا، اب چونکہ صحت مزید علیل اور شدید جسمانی کمزوری واقع ہو چکی ہے لہذٰا تحریک کی عملی جدوجہد سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرتا ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).