پیارے کپتان ، کیا آپ اسلامیہ کالج کو بچاؤ گے ؟


پختون پاکستان میں ہر طرف دکھائی دیتے ہیں۔ انتظامی عہدے ہوں ، سیاسی ہوں ، فوج کے اعلی افسران ہوں سفارتکار ہوں، ڈاکٹر ہوں انجینیر یا سائنسدان۔اک طویل لسٹ ہے ایسے لوگوں کی جو اپنے شعبے میں مہارت رکھتے ہیں، نامور ہیں، نیک نام بھی۔ ان کامیابیوں کے پیچھے کے پی کے کا تعلیمی نظام تھا۔ یہ نظام بڑی حد تک سیاسی مداخلت سے پاک رہا۔

وجہ یہی سمجھ آتی ہے کہ باچا خان کی فکر بھی تھی۔ مقامی لوگوں کی اپنی طلب بھی تھی تعلیم کئی قسم کی آلودگیوں سے پاک رہی۔ استاد کے منصب کا احترام کیا جاتا رہا۔ کئی سکول کالج اپنے اساتذہ کے حوالوں سے مشہور ہوئے۔

پشاور کینٹ نمبر ون سکول جہاں حسنین صاحب پرنسپل تھے۔ جنہیں مارشل لا گورنر بھی سفارش کے لیے فون سے گریز کرتا تھا۔ ڈاکٹر عبدالعلی خان ہوں ، ایڈورڈ کالج پشاور کے انگریز یا مقامی پرنسپل یا لیکچرر ہوں۔ سینٹ میری سکول کے پرنسپل ہوں۔ سب نے اپنے نشان چھوڑے۔

پشاور عجب مزاج کا شہر ہے۔ یہاں اک پنگا ناک کیس میں سابق وزیراعلی کی سفارش نہیں چلتی۔ اسی کیس میں استاد کا کہا آدھا سا جملہ ہی فیصلہ کن ثابت ہوتا ہے۔

اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے وی سی  اجمل خان کو طالبان نے اغوا کیا۔ ان سے بات کرنے کا اتفاق ہوا۔ بہت باتیں پوچھنی تھیں ۔ سب سے پہلے یہی جاننا چاہتا تھا کہ آپ سے سلوک کیسا ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ طالبان کافی دیر یہ غور کرتے رہے کہ ہم آپ کو مخاطب کیسے کریں۔ آخر میں اتفاق کیا کہ بابا ہی کہنا مناسب رہے گا۔

 اجمل خان کا خاندانی پس منظر بھی بہت مضبوط حوالہ ہے لیکن اس اچھے سلوک کا تعلق ان کے اسلامیہ کالج سے جڑے ہونے ، ان کے استاد ہونے سے بھی تھا۔

یاد آیا کہ پشتو میں جب کسی کی جہالت حماقت یا کم علمی کا مذاق اڑانا ہو تو اس کی بجائے اس کے استاد کو ہی یاد کیا جاتا ہے۔ پتہ نہیں کون کم بخت استاد تھا جس کے تم شاگرد ہو۔

مجھے نہیں لگتا کہ اس تحریر میں کوئی ربط لا سکوں گا۔  ڈھیروں خدشات ہیں ، اعتراض ہیں ، بہت احترام ہے کہ بات استاد کی کرنی ہے ۔ ذکر اک درسگاہ کا ہے ، جس کے میدانوں میں کھیلتے بڑے ہوئے ہیں ۔ اسلامیہ کالج پشاور۔

 انیس سو تیرہ میں اس کا قیام عمل میں آیا۔ اسلامیہ کالج کی زمین پر کئی درسگاہیں مزید قائم ہوئیں ۔ پشاور یونیورسٹی ، انجنیرنگ یونیورسٹی ، خیبر میڈیکل کالج جو اب اک یونیورسٹی ہے۔ زرعی یونیورسٹی ۔ لا کالج ، فاطمہ جناح کالج ، ہوم اکنامکس کالج، ڈینٹل کالج، اسلامیہ کالجیٹ سمیت بہت سے مزید تعلیمی ادارے اسی کی ملکیتی اراضی پر قائم ہوئے۔

بانی پاکستان قائد اعظم نے اسلامیہ کالج کے تین دورے کیے۔ انہوں نے اپنی جائیداد میں اسلامیہ کالج کے لیے بھی فنڈ مقرر کیے۔ اسلامیہ کالج کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق کوئی ایک کروڑ گیارہ لاکھ سے زائد رقم مختلف قسطوں میں قائید ٹرسٹ سے اسلامیہ کالج کو منتقل ہوئی۔

اسلامیہ کالج کی فوٹو ہمارے سو روپے اور ہزار روپے کہ کرنسی نوٹ پر بھی ہے۔

ایک صدی قدیم اس ادارے کو آخر کار کرنسی نوٹ ہی سمجھ لیا گیا۔ یہاں جو وائس چانسلر لگایا گیا۔ ان پر اپنے پی ایچ ڈی مقالے میں گڑ بڑ کا الزام ثابت شدہ ہے۔ دو تھرڈ ڈویژن کا اعزاز   رکھنے کی وجہ سے وہ اس عہدے کے لیے نا اہل ہیں۔ اس کے باوجود ان کی تقرری کی گئی۔ جو چیلنج ہوئی۔ آج کل وہ سٹے کے زور پر اپنی چانسلری چلا رہے۔

ایمپلائز یونین ان پر طرح طرح کے الزامات عائد کر رہی ہیں۔ اپنی تعیناتی کے دوران وہ سینکڑوں ملازمین بھرتی کر چکے ہیں۔ اسلامیہ کالج اتنا گمنام ادارہ بھی نہیں تھا کہ ملازمت کی درخواستیں طلب کرنے کے لیے پوسٹ بکس نمبر دیا جاتا۔ یہ تک نہ بتایا جاتا کہ یہ تعیناتیاں ہونی کہاں ہیں۔

اسلامیہ کالج کے پاس اپنی ملکیتی زمین اور اثاثے بہت ہیں ۔ یہ قیمتی بھی بہت ہیں۔  ان اثاثوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے بھی اب کمر باندھ لی گئی ہے۔ جو معلومات آ رہی ہیں اس کے مطابق قائد اعظم ٹرسٹ کے منتقل کردہ اثاثوں کو بھی بیچ دینے کے بھی ارادے ہیں ۔

دستاویز کی شکل میں کافی کچھ موجود ہے۔ پھر بھی الزام لگانے سے بچنا چاہ رہا ہوں۔

کہنا صرف اتنا ہے کہ جناب وزیراعظم ۔ اسلامیہ کالج پشاور کی پہچان ہے، ہمارے صوبے کی بھی ، یہ علی گڑھ کا جاری تسلسل ہے پاکستان میں ۔ آپ نے ہمیشہ میرٹ کی بات کی ہے۔ رائیٹ مین فار رائیٹ جاب پر اصرار کرتے رہے ہیں۔ کے پی کے لوگوں نے آپ کو دو بار ووٹ دیا ہے۔

پہلی بار تب جب باقی پاکستان سے آپ کو ووٹ نہ ملا انہوں نے آپ کو صوبائی حکومت دے دی۔ دوسری بار اپنی روایت کے خلاف پھر آپ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اس معاملے کی چھان بین کرائیں۔

اس لیے بھی یہ آپ کا فرض ہے کہ کیا  کوئی ایسے بھی کرتا ہے اپنے عشاق کے ساتھ ؟

وسی بابا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 406 posts and counting.See all posts by wisi