سیکیورٹی کونسل نے مسعود اظہر پر پابندی لگا دی، چین نے ساتھ چھوڑ دیا


اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مولانا مسعود اظہر کا نام ان افراد میں شامل کر دیا ہے جن پر دہشت گردی کے باعث پابندی لگائی گئی ہے۔ اس سے قبل چین نے تکنیکی بنیادوں پر چار مرتبہ مولانا مسعود اظہر کا نام پابندی کے شکار افراد کی فہرست میں شامل ہونے سے روکا تھا۔

بھارت سنہ 2016 سے مولانا مسعود اظہر کا نام اس فہرست میں شامل کروانے کی کوشش کر رہا تھا مگر چین یہ کوششیں ناکام بناتا رہا۔ پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی کوششوں نے زور پکڑا اور امریکی دباؤ کے بعد چین نے کل اس معاملے میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی حامی بھری تھی۔

اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب اکبر الدین نے ٹویٹ کی کہ "چھوٹے بڑے سب مل گئے۔ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست میں دہشت گرد قرار دے دیا گیا۔ میں سب کا ان کی حمایت پر شکر گزار ہوں۔ دہشت گردی کے لئے زیرو برداشت۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان جیش محمد کے لیڈر پر لگائی گئی پابندیوں پر فوراً عمل درآمد کرے گا۔ ان پابندیوں میں اثاثوں کو منجمد کرنا، غیر ملکی سفر پر پابندی وغیرہ شامل ہیں۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ انڈین میڈیا اسے اپنی فتح کے طور پر پیش کر رہا ہے جبکہ ہماری پوزیشن یہ ہے کہ وزیراعظم نے واشگاف الفاظ میں کہا تھا کہ کسی کالعدم تنظیم کو پاکستانی سرزمین سے کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ہمارا عزم کے کہ دہشت گردی کی تمام اشکال کا مقابلہ کیا جائے گا اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد ہو گا۔

Facebook Comments HS