رانا تنویر پی اے سی چیئرمین: کیا شہباز شریف وطن واپس نہیں آ رہے؟


مسلم لیگ نون شہبازشریف کی چیئرمین شپ برائے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے دست بردار ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق نون لیگ کی پارلیمانی پارٹی نے رانا تنویر حسین کو پی اے سی کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ سیاسی حلقوں میں سوال اٹھایا جا رہاہے کہ کیا رانا تنویر حسین کی نامزدگی کا یہ مطلب ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور چیئرمین پی اے سی شہباز شریف وطن واپس نہیں آ رہے ؟

مسلم لیگ نون کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں نون لیگی رہنما رانا تنویر حسین کو مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی جگہ پی اے سی کا چیئرمین نامزد کیا گیا۔ مسلم لیگ نون کی پارلیمانی پارٹی نے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کو مسلم لیگ نون کا پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی نے خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں شہباز شریف نے موجودہ حالات میں پارٹی قائد محمد نواز شریف سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کسی کو بھی چیئرمین پی اے سی نامزد کرے گی تو وہ منظور کر لیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).