اب آپ نواز شریف کو روک لیں


شہباز شریف تو ہاتھ سے نکل گیا اب ڈیل کس سے ہو گی؟ مسلم لیگ ن نے ماسٹر سٹروک کھیلا ہے۔ چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی سے بغاوت نہیں کی۔ اقتدار کے لئے خونی رشتے ایک دوسرے کی جانیں لیتے ہیں یہاں اقتدار پلیٹ میں رکھ کر پیش کیا جا رہا تھا لیکن آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں جیل جانا قبول کر لیا تھا، بے وفائی نہیں کی۔ جو جانتے ہیں انہیں خبر مل گئی تھی کہ پرندہ اڑ گیا ہے۔ غصہ میں افراتفری میں حمزہ شہباز شریف کی کہانیاں پالتو اینکرز کو دینا شروع کر دیں۔

خاندان کی خواتین کو رسوا کرنا شروع کر دیا لیکن شہباز شریف ہاتھ نہیں آیا۔ اب کیا کریں گے۔ حمزہ شہباز شریف کی گرفتاری سے ڈیل پر مجبور کیا جائے گا؟ نہیں اب آپشن موجود نہیں، بات کرنا ہے تو نواز شریف سے کرنا ہو گی۔ خزانہ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں احسن اقبال سے الگ سے ملاقات کی درخواست کی۔ وہ مسکرا رہے تھے اور خوش تھے۔ ان کا کہنا تھا ووٹ کو عزت دینا ہو گی، اس کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔ اگر انا اور ضد برقرار رہی تو نقصان ناقابل تلافی ہو گا۔ احسن اقبال نے اور بھی بہت کچھ بتایا لیکن وہ امانت ہے۔

فیصلہ کر لیں کہ ملک اسی طرح چلانا ہے جس طرح چل رہا ہے یا درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔ چینی خوش نہیں ہیں۔ چینی اس وقت سے مضطرب ہیں جب سے پاناما ڈرامہ شروع ہوا۔ چینیوں نے پاناما ڈرامہ کے دوران برکس کانفرنس میں حقانی نیٹ ورک کو دہشت گرد قرار دینے کی اجازت دے کر اپنی خفگی ظاہر کر دی تھی لیکن یہاں چینیوں کی ناراضی پر توجہ نہیں دی گئی۔ چینیوں نے مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کے لئے اپنا ہولڈ ختم کر دیا ہے۔

آپ بھلے ڈھول بجاتے رہیں مقبوضہ کشمیر اور پلوامہ حملہ سے مولانا مسعود اظہر کو منسلک نہیں کیا گیا لیکن ایک اثاثہ تو بہرحال تھا جو دہشت گرد قرار پا گیا ہے۔ پہلے چینیوں نے حافظ سعید کو دہشت گرد قرار دینے کا معاملہ ویٹو نہیں کیا تھا۔ چینیوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلہ کی سرمایہ کاری روک دی اور آپ ادائیگیوں کے توازن کے بدترین بحران کا شکار ہو گئے۔ لیکن آپ اب بھی مسائل سے آنکھیں چرا رہے ہیں۔ کسی کا خیال تھا دونوں حکومتیں مسلم لیگ ن کو دے دیتے ہیں مرکز میں شہباز شریف اور صوبے میں چوہدری نثار لیکن کسی کا کہنا ہے نواز شریف نے صاف انکار کر دیا اور بتا دیا کہ جو چاہتے ہیں کریں، ہمارا کسی بات سے کوئی تعلق نہیں۔ جس کو چاہیں وزیراعظم بنائیں یا وزیراعلی۔ ہمیں کیا اور پھر یہ پھول بن کھلے مرجھا گئے۔

اگلا معاملہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا ہے۔ چین اور ترکی کی مدد سے تین ماہ کی مہلت ملی ہے۔ مسئلہ منی لانڈرنگ کا نہیں ہے، مسئلہ دہشت گردی کا ہے جس سے پاکستان کو جوڑا جا رہا ہے اور آپ کو چینی بچا سکتے ہیں۔ اپ کو مضبوط معیشت تحفظ دے سکتی ہے لیکن عجیب و غریب کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ مخصوص چینل اور مخصوص اینکرز چین کے خلاف رائے عامہ ہموار کر رہے ہیں۔ عوام کو جس طرح بتایا جا رہا تھا کہ نواز شریف مودی کا یار ہے اسی طرح عوام کو بتایا جا رہا ہے چینی مرد پاکستانی خواتین سے شادی کر کے انہیں لے جاتے ہیں اور ان کے اعضا نکال لئے جاتے ہیں۔

جس دور میں میڈیا اپنی مرضی سے کھانس بھی نہیں سکتا، اس دور میں مخصوص میڈیا ہاوس اور اینکزز اس طرح کے پروگرام کر رہے ہیں۔ چینی احمق نہیں ہیں۔ انہیں خبر ہے کہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے۔ چینی جانتے ہیں کہ سی پیک کے خلاف امریکی اور بھارتی کیا کر رہے ہیں۔ آپ چینیوں سے یک طرفہ محبت کی امید نہ رکھیں۔ عالمی معیشت میں کوئی فری لنچ نہیں ہوتا۔ چینی عالمی معیشت ہیں۔ چینیوں نے سی پیک پر پچاس ارب ڈالر خرچ کر دیے ہیں۔ پاکستان میں اچھے لوگوں نے شطرنج پر جو مہرے لگائے تھے اور جو چالیں چلی تھیں، ان کے مہرے پٹ گئے ہیں اور چالیں الٹ گئی ہیں۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے اگر گرے لسٹ سے بلیک لسٹ میں ڈال دیا تو پھر کرا لیں سرمایہ کاری پاکستان میں۔ پاکستانیوں سے بھی اور غیر ملکیوں سے بھی۔ شہباز شریف تو مشکل وقت میں اخری امید تھا، نکل گیا ہے۔ عدالتی نوٹس بھیجیں گے تو جنرل مشرف کی طرح بیماری کا سرٹیفکیٹ بھیج دے گا۔ ٹیکسوں میں چار سو ارب روپیہ سے زیادہ کا خسارہ ہونے جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف والے خلاف معمول 10 مئی تک موجود رہیں گے یعنی ڈھائی ہفتے۔ ہم 27 سال سے وزارت خزانہ کی راہداریوں میں رپورٹنگ کر رہے ہیں جو حالات اس وقت ہیں کبھی بھی نہیں تھے۔

آئی ایم ایف والے کہتے ہیں مزید ٹیکس حاصل کرو اور نئے ٹیکس لگاؤ اور یہاں یہ عالم ہے حصص بازار کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ساڑھے چار سو بروکج ہاوسز میں 180 کام کر رہے ہیں باقی سب بند ہو گئے، بروکر اور سرمایہ کار فرار ہو گئے، بھاگ گئے اور چھپ گئے۔ اسلام آباد میں 22 بچے ہیں، لاہور میں 50 سے زیادہ اور کراچی میں سو سے زیادہ۔ ملک کے معروف ماہر معیشت اور اسلام آباد سٹاک ایکسچینج کے سابق چیرمین عمر اقبال پاشا کا کہنا ہے جب تک سیاسی افراتفری اور بے چینی ختم نہیں ہوتی، معیشت مستحکم نہیں ہو سکتی۔

برامدات کم ہو گئیں، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زر کا ہدف بھی حاصل نہیں ہو رہا۔ درامدات میں کمی کر کے معصوم افسران کو پھر دھوکہ دیں کہ ہم نے اتنے پیسے بچا لئے لیکن جو برامدات کم ہوئیں، ان کا بالکل نہ بتائیں۔ یہ بات بند ہوتے ٹیکسٹائل اور دوسرے صنعتی یونٹ خود بتا دیں گے۔ معیشت کے ساتھ کیا ہاتھ ہوا ہے۔ لوگوں کو کہانیاں سناتے رہیں کہ نواز شریف نے لوٹ لیا، آصف علی زرداری چور ہے اور حمزہ شہباز منی لانڈرنگ کرتے پکڑا گیا ہے۔ لوگوں کو یہ بالکل نہ بتائیں کہ لندن میں چیرٹی کے پیسے کے حوالہ سے ایک مقدمہ چل رہا ہے، لوگوں کو بالکل خبر نہ ہونے دیں کہ دوبئی کی پراپرٹی عجلت میں کیوں فروخت کی اور امریکی پراپرٹی کس طرح سلائی مشینیوں کے کاروبار سے بنی۔

نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا پھر چکمہ دیں۔ نہ پہلی ایمنسٹی اسکیم سے سرمایہ کار آیا تھا نہ اب آئے گا۔ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ سیاسی افراتفری سے معیشت مستحکم نہیں ہو سکتی۔ آصف علی زرادری کی منی لانڈرنگ کی کہانیوں اور شریف خاندان کی کرپشن کی داستانوں سے گزشتہ اٹھارہ مہنیوں میں معیشت کو جو فائدہ ہوا ہے اس سے اور زیادہ ہو جائے گا۔

منظور پشتین کے خلاف کارروائی کریں، دینی مدارس کو سرکاری نصاب پر لے آئیں اور نواز شریف کو ضمانت نہ ملے تو انہیں دوبارہ جیل میں ڈال دیں اور حاصل کر لیں ملکی معیشت کے استحکام کا ہدف۔ شہباز شریف ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے لئے قابل قبول رہے ہیں۔ اب بھی امید تھی کوئی راستہ نکل آئے گا اور کوئی ڈیل شیل ہو جائے گی لیکن انہوں نے تو پارلیمانی لیڈر بھی بدل دیا اور پبلک اکاوئنٹس کمی کا سربراہ بھی یعنی شہباز شریف نے واپس نہیں آنا اور جو کرنا ہے، نواز شریف نے کرنا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے پارلیمانی پارٹی میں جو تاثر دیا ہے اس سے انہیں ضمانت تو مل سکتی ہے، پارٹی میں کچھ نہیں ہو سکتا۔