مردانہ کمزوری کی دوا ویاگرا کا حیران کن فائدہ دریافت کر لیا گیا


برطانوی سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں جنسی قوت کی دوا ’ویاگرا‘ کا ایک حیران کن فائدہ ڈھونڈ لیا ہے۔ یونیورسٹی آف مانچسٹر کے سائنسدانوں نے تحقیقاتی نتائج میں بتایا ہے کہ ”ویاگرا کا استعمال مردوں کو ہارٹ اٹیک سے بچا سکتا ہے۔“

اس تحقیق میں سائنسدانوں نے ذیابیطس کے 6 ہزار مریضوں پر تجربات کیے جنہیں ذیابیطس کے باعث لاحق ہونے والی جنسی کمزوری دور کرنے کے لیے ویاگرا تجویز کی گئی تھی۔ ان مریضوں پر تجربات میں معلوم ہوا کہ ویاگرا کے استعمال سے ان کی خون کی نالیاں نرم اور کشادہ ہو گئی تھیں جس سے ان کے جنسی عضو کے علاوہ پورے جسم میں خون کا بہاﺅ بہتر ہو گیا تھا۔

تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر اینڈریو ٹیریفر ڈڈل کا کہنا تھا کہ ”ویاگرا میں ’پی ڈی ای 5آئی‘ نامی ایک عنصر پایا جاتا ہے جو خون کی وریدوں کی سختی کو ختم کرتا اور انہیں کشادہ کرتا ہے۔ یہ جزو دل کے خلیات کو بھی نقصان سے بچاتا ہے۔ جب دل کے پٹھے کمزور پڑ جاتے ہیں تو یہ جسم کو خون فراہم نہیں کر سکتے۔ یہ عنصر ایک طرف ان پٹھوں کی مضبوطی کا باعث بنتا ہے اور دوسری طرف یہ وریدوں کو نرم اور کشادہ کرتا ہے جس سے دل کو پورے جسم میں خون پمپ کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔ یہ گولی اس انزائم کو بھی روکتی ہے جو نظام دوران خون میں رکاوٹ بنتا ہے۔ ہماری تحقیق میں شامل ویاگرا استعمال کرنے اور استعمال نہ کرنے والے مردوں میں یہ فرق بہت نمایاں طور پر موجود تھا۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).