شیخ رشید نے استعفیٰ دے دیا


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے رمضان پیکج پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے تشکیل دی جانے والی وزراء پر مبنی پانچ رکنی کمیٹی کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا ہے اورالزام عائد کیا ہے کہ وزارت برائے انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن نے سٹور کی اشیا کی خرید و فروخت سمیت دیگر کئی معاملات کے فیصلے خود کر لیے ہیں ۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے کمیٹی میں مزید نہ رہنے کی وجوہات وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ کو خط کے ذریعے پہنچا دی ہیں۔ رمضان پیکج پر عملدرآمد سے متعلق پانچ رکنی کمیٹی میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان، وفاقی وزیر برائے وزارت منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا اور  وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی مشیر برائے پٹرولیم ندیم بابر شامل تھے ۔

شیخ رشید نے اپنے خط میں کہا ہے کہ 17 اپریل 2019 کو ای سی سی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے لئے پانچ وفاقی وزراء پر مبنی خصوصی کمیٹی رمضان پیکج کی نگرانی کرے گی ، تاہم میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ سٹورز میں خریدو فروخت سمیت کئی دیگر معاملات وزارت برائے انڈسٹریز اور چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے خود طے کر لیے ہیں ۔موجودہ صورتحال میں نگراں کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے جس کے باعث میں اپنا نام کمیٹی سے واپس لیتا ہوں اور رمضان پیکج 2019 سے متعلق تمام تر معاملات کے ذمہ دار یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے چیئرمین اور وزارت انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن ہوں گے۔

Facebook Comments HS