خدا کے لئے اب وزیر اعظم بنانے والی فیکٹری بند کر دو: جاوید ہاشمی


سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔ عدالت نے نواز شریف سے ڈیل کی نہ ہی ڈھیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈروں کو جیل جانا پڑتا ہے۔ جیلیں تمام سیاستدانوں کے مقدر میں نہیں ہوتیں۔ عمران خان ایک ہفتہ بھی جیل میں نہیں رہ سکے تھے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بھی تحریک انصاف کے رہنما انہیں واپس پارٹی میں آنے کی دعوت دیتے ہیں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ اقتدار میں بیٹھے ہوئے بھی اپوزیشن میں ہوتے ہیں کیونکہ اقتدار میں رہ کر خدمت نہیں کی جا سکتی کیونکہ اصل اقتدار کسی اور کے پاس ہوتا ہے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں میڈیا پر بھی پابندیاں ہیں۔ موجودہ میڈیا کو سب سے زیادہ سنسر شپ کا سامنا ہے۔ پہلے بانی ایم کیو ایم کے ذریعے لوگوں کو براہ راست گالیاں دلوائیں جاتی تھیں، اب ان کا نام و نشان بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پرویز مشرف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ بنایا تو ان سے کہا مشرف کے خلاف کچھ کیا تو آپ کی حکومت نہیں رہے گی۔ ایک سوال کے جواب میں مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کے صدر رہ چکے ہیں اب عہدے کی خواہش نہیں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ جب بھی نواز شریف پر مشکل وقت آیا وہ ساتھ کھڑے رہے۔ ووٹ کو عزت دو ایک فلاسفی ہے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ انہوں نے عمران خان سے کہا تھا آپ جیسے اقتدار میں آ رہے ہیں، عوام آپ کو کٹھ پتلی کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 70سال تک وزیر اعظم سلیکٹ کئے گئے، بعد میں سلیکٹر خود ہی کہہ دیتا ہے میری چوائس ٹھیک نہیں تھی۔ جاوید ہاشمی نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ خدا کے لئے اب وزیر اعظم بنانے والی فیکٹری بند کر دو۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، افسران کو اپنی نوکری کا معلوم نہیں تو معاشی پالیسی کیا بنائیں گے۔ دوسری جماعتوں کے لوگ شامل کرا کے حکومت چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت سے سوال کیا کہ الیکشن سے قبل کہتے تھے ہمارے تھنک ٹینک حکمت عملی بنارہے ہیں، بتائیں اب وہ تھنک ٹینک کہاں گئے؟

Facebook Comments HS