2016-17 میں دو لاکھ سے زیادہ پاکستانی ڈی پورٹ کئے گئے، سب سے زیادہ سعودی عرب نے نکالے؟
2016 اور 2017 میں صف اول کے دس ممالک سمیت مختلف ممالک سے 205833 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے۔ سب سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب سے نکالے گئے جن کی تعداد 152135 تھی۔ متحدہ عرب امارات سے بھی 20396 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کی ”ہیومن ٹریفکنگ اینڈ مائیگرینٹ سمگلنگ“ کے بارے میں سالانہ رپورٹ کے مطابق 76 فیصد پاکستانی صرف سعودی عرب اور 8.5 پاکستانی یو اے ای سے ڈی پورٹ ہوئے۔ 2016ء کے مقابلے میں 2017ء میں سعودی عرب سے ڈی پورٹ ہونے والوں کی شرح میں 38 فیصد کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق2016 ء میں کل 82740 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے، جس میں بحرین سے 186، یونان سے 958، ملائیشیا سے 3700، اومان سے 1804، سعودی عرب سے 58399، ترکی سے 2146، یو کے سے 1895، یو اے ای سے 10003، امریکا سے 215 اور دیگر ممالک سے 2867 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق 2017ء میں ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 123093 بنتی ہے۔ جس میں بحرین سے 136، یونان سے 1987، ملائیشیا سے 3165، اومان سے 3165، سعودی عرب سے 93736، جنوبی افریقہ سے 511، ترکی سے 4925، یو کے سے 1769، متحدہ عرب امارات سے 10393، امریکہ سے 280 اور دیگر ممالک سے 3026 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والوں میں 18 سے 40 سال کے عمر کے شہریوں کی تعداد زیادہ ہیں جو کہ بہتر معاشی مواقع کی تلاش کے لئے بیرون ممالک کا رخ کرتے ہیں، 2017 میں مختلف ممالک سے 18 سے 40 سال تک کے 87950 شہریوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔


