مفتی منیب الرحمن کی فواد چوہدری پر کڑی تنقید
رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے پاکستان کے ’قمری کیلنڈر‘کے بیان پر انہیں ہدف تنقید بنایا۔ مفتی منیب الرحمٰن نے وفاقی وزیر کو نظام سے لاعلم قرار دیا اور کہا کہ فواد چوہدری کو دینی معاملات پر باتوں سے پرہیز کرنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی پاکستان کی تاریخ کو مسخ کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کو انہیں روکنا چاہیے۔ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کےدفترمیں اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمٰن کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی منیب نے کہا کہ فواد چوہدری کو معلوم ہونا چاہیےکہ اجلاس محکمہ موسمیات میں ہوتا ہے۔ انہیں دینی معاملات میں باتوں سے پرہیز کرنا چاہیے۔
چیرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ کبھی بھی ایسا نہیں ہوتا کہ کھلےآسمان میں چاند نظرنہ آتا ہو۔ فواد چوہدری چاہیں تو انہیں سو سال کا کیلنڈر بھی بنا دیں گے، وہ جلسہ بھی کر لیں۔
رویت ہلال کمیٹی کےاجلاس میں رمضان المبارک کی چاند کی شرعی رویت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان بھی شریک ہیں۔


