مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے قرضے لے کر قوم کے ساتھ ظلم ہی نہیں، جرم کیا: چوہدری نثار کا انکشاف
سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی پی نے جو قرضے لئے وہ قوم کے ساتھ ظلم ہی نہیں جرم بھی ہیں۔ منافقت ہو گی اگر صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھا وں۔
واہ کینٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہوں۔ عزت کی خاطر سیاست کرتا ہوں، اقتدار کے لیے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کیسے صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھا لوں، یہ منافقت ہو گی۔ آج کل پاکستان میں سیاست مصر کی منڈی کا منظر پیش کر رہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ تاثر ہے کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک سمیت دیگر مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی پالیسی کو کنٹرول کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے چند سال میں ملکی قرضے بڑھے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے قرضے لیے جو قوم کے ساتھ ظلم ہی نہیں، جرم ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے یہ بھی کہا کہ ظاہر ہے جو قرضے دیتے ہیں ان کی ڈکٹیشن پرتو چلنا پڑتا ہے، پاکستان کے ارد گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت سمیت دیگر حوالوں سے پاکستان پر گرفت کی جا رہی ہے۔ روپے کی قدر میں کمی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عام آدمی کی کمر توڑ دے گا۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہر ایک کو چور اور ڈاکو کہنے سے کام نہیں چلتا۔ مہنگائی کا اکتوبر میں پوچھوں گا، اس قدر مہنگائی آئے گی کہ قوم چیخ آٹھے گی۔


